- فتوی نمبر: 35-142
- تاریخ: 22 اپریل 2026
- عنوانات: خاندانی معاملات > وراثت کا بیان > وراثت کے احکام
استفتاء
کیا فرماتے ہیں علماءِ دین و مفتیانِ شرعِ متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ ایک دادی کا انتقال ہوا،جس کے والدین پہلے ہی فوت ہوگئے تھے اس کے ورثاء میں چار (4) بیٹے اور تین (3) بیٹیاں موجود تھیں۔دادی کی وفات کے بعد اس کے دو بیٹے بالترتیب وفات پا گئے پہلے بیٹا زید وفات پا گیا، اس کے ورثاء میں تین (3) بیٹے اور پانچ (5) بیٹیاں اور زوجہ موجود ہیں۔
دوسرا بیٹا خالد وفات پا گیا، اس کے ورثاء میں چار (4) بیٹیاں، دو (2) حقیقی بھائی، تین (3) حقیقی بہنیں اور ایک زوجہ موجود ہیں۔اس کے بعد مزید یہ کہ خالد کی ایک حقیقی بہن(زینب ) بھی وفات پا گئی،اور اس کے ورثاء میں دو بیٹے اور چار بیٹیاں موجود ہیں جبکہ زینب کا شوہر پہلے ہی فوت ہوگیا تھا اور بعد ازاں خالد کی زوجہ (فاطمہ ) بھی وفات پا گئی۔اور اس کے ورثاء میں ایک بھائی اور چار بہنیں اور چار بیٹیاں موجود ہیں ۔ اور خالد کی زوجہ کے والدین پہلے ہی وفات پاچکے تھے۔
دریافت طلب امر یہ ہے کہ ان تمام مذکورہ اموات کی صورت میں ہر میت کی میراث شرعاً کس طرح تقسیم ہوگی؟مرحومہ کا کل ترکہ 52 کنال اور 13 مرلے ہیں ۔اور شاملات کو ملا کر مرحومہ کا کل ترکہ 59 کنال اور 13 مرلے ہیں ۔براہِ کرم شریعتِ مطہرہ کی روشنی میں ہر میت کے ورثاء اور ان کے حصے واضح فرما دیں۔
نوٹ: شاملات کی زمین حکومت کی ہے لیکن ہمارے علاقے میں یہ زمین بھی وراثت میں تقسیم ہوتی ہے۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکور صورت میں دادی مرحومہ کی کل جائیداد کو 243936 حصوں میں تقسیم کیا جائے گا ۔جن میں سے مرحومہ کے موجودہ دو بیٹوں میں سے ہر ایک کو 46992حصے(19.26فیصد فی کس)اور موجودہ دو بیٹیوں میں سے ہر ایک کو 23496حصے(9.63فیصدفی کس)ملے گیں ۔
اور دادی مرحومہ کے بیٹے زید مرحوم کی بیوہ کو 5544(2.27فیصد) اور بیٹوں میں سے ہر ایک کو 7056 حصے (2.89فیصد فی کس) اور بیٹیوں میں سے ہر ایک کو 3528 حصے (1.45فیصد فی کس) ملیں گے اور دادی مرحوم کے بیٹے خالد مرحوم کی بیٹیوں میں سے ہر ایک کو 8316 حصے (3.4 فیصد فی کس)ملے گیں۔
اور دادی مرحومہ کی بیٹی زینب مرحومہ کے بیٹوں میں سے ہر ایک کو 5874 حصے ( 2.4 فیصد فی کس) اور بیٹیوں میں سے ہر ایک کو 2937 حصے (1.2فیصد فی کس)ملے گیں۔اور خالد مرحوم کی زوجہ فاطمہ مرحومہ کے بھائی کو 616 حصے (0.25 فیصد) اور بہنوں میں سے ہر بہن کو 308 ( 0.13 فیصد فی کس) ملیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved