• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

ادویات پرحلال کالوگولگانا

استفتاء

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

حلال کالوگو(Logo)لگانا

RL نیوٹر اسوئیکل ادویات بنانے والی ایک مینوفیکچرکمپنی ہے جو ادویات بنا کر مختلف شہروں میں ڈسٹری بیوٹرز وغیرہ کے ذریعے فروخت کرتی ہے،میڈیسن کا خام مال زیادہ تر چائنا اور انڈیا سے آتا ہے۔RL جب خام مال خریدتی ہے تو اس کا حلال سرٹیفکشن نہیں دیکھتی پھر اسی طرح اس خام مال کو اپنی ادویات میں استعمال کر کے حلال سرٹیفکیشن کرائے بغیر آگے سیل کرتی ہے ،پاکستان میں فوڈ کے حوالے سے حلال سرٹیفکیشن ہوسکتی ہے لیکن میڈیسن  کے حوالے سے سرٹیفکیشن ہونا بہت مشکل ہے۔

RL کی طرف سےمیڈیسن پرعموماحلال کا لوگو نہیں لگایا جاتا لیکن باہر ممالک میں حلال کے لوگوکو بہت اہمیت دی جاتی ہے ،چنانچہ ابھی RL کی ایک پارٹی جو ازبکستان کی ہے سے ایکسپورٹ کی بات ہورہی ہے توانہوں نے اب ڈیزائننگ وغیرہ کروائی ہے، اس پارٹی نےکہاہےکہ آپ اس پرلوگو لگوالیں،کیونکہ وہاں پر اس چیز کو دیکھا جاتا ہے لہذا RL کا ارادہ ہے کہ جب ان کے ساتھ ایکسپورٹ کرے گی تو رسمی طور پر اس ڈیزائننگ میں صرف اس پارٹی کی خواہش پر حلال کا لوگو لگا کر دیا جائے گا جبکہ RL نے باقاعدہ کسی حلال ادارے سے اپنی کمپنی کی حلال سر ٹیفکیشن نہیں کرائی ہے۔

1.ادویات کی خریدوفروخت میں حلال سرٹیفکیشن کے بغیر معاملہ کرنا کیسا ہے؟

2.حلال سرٹیفیکشن کروائے بغیرپراڈکٹ پرحلال کا لوگوں لگانا شرعا کیسا ہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

دوائی کا استعمال دو طرح کا ہے(۱) خارجی(۲) داخلی

خارجی استعمال کے لیے صرف اتنا اطمینان کافی ہے کہ دوا میں استعمال ہونے والے اجزاء میں سے کوئی ناپاک جز شامل نہیں جبکہ داخلی استعمال کے لیےجزکا حلال ہونا بھی ضروری ہے لہذا اگر کسی دوا میں حرام شامل کرنے کی ضرورت ہو یا ناپاک  شامل کرنا ضروری ہو  کہ اس کے بغیر نسخہ مکمل نہیں ہوتا تو اس کے لیے ضروری ہو گا کہ اس پر واضح طور سے لکھ دیا جائے کہ اس میں فلاں حرام یا ناپاک جز موجود ہے، حلال ہونے کی اگر خود تحقیق کرلیں تو حلال کا سرٹیفکیٹ لینا ضروری نہیں، بشرطیکہ حلال کا سرٹیفکیٹ لینا قانونا ضروری نہ ہو اور اگر حلال ہونے کی خود تحقیق کرنا ممکن نہ ہو یا قانونا حلال کا سرٹیفکیٹ لینا ضروری ہو تو کسی معتبر ادارے مثلاً سنہا وغیرہ سے حلال کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ضروری ہے۔

2.حلال سرٹیفکیشن کروائے بغیراس پر حلال کا لوگوں لگانا جھوٹ،دھوکہ دہی کی وجہ سے جائز نہیں۔ نیز ایسا کرنا قانون کے مطابق بھی درست نہیں، لہذا حلال سر ٹیفکیشن کروائے بغیر حلال کا لوگو لگانے کی صورت میں جھوٹ ،دھوکہ دہی اور قانون کی پابندی نہ کرنے کا گناہ ہوگا۔

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved