- فتوی نمبر: 28-124
- تاریخ: 02 اپریل 2023
- عنوانات: خاندانی معاملات > طلاق کا بیان
استفتاء
بیوی کا بیان:
میرے شوہر نے مجھے ’’فارغ، فارغ ‘‘کا میسج کیا۔ وہ اس وجہ سے کہ میں نے ایک سٹیٹس لگایاتھا جس پر شوہر نےناراضگی کا اظہار کیا کہ یہ سٹیٹس کیوں لگایا؟ میں نے کہا غلطی ہوگئی، اب دوبارہ نہیں لگاؤں گی۔ انہوں نے کہا تمہارا دماغ خراب ہے، اپنے ابو کو کہو کہ وہ تمہیں لے جائے۔”فارغ ،فارغ “کا تحریری میسج کیا اور پھر وائس میسج کیا کہ ” بالکل فارغ ہو،دل سے اتر کر فارغ ہو”۔بعدمیں، میں نے اس لفظ’’ فارغ ‘‘سے طلاق کےبارے میں ان سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ میری بالکل ایسی نیت نہیں تھی۔میں اس وقت شوہر کے گھر میں ہوں۔مجھے اس لفظ کے بارے میں شک ہے اگر اس لفظ سے نکاح پر کوئی اثر پڑاہےتو بتادیں تاکہ میں کوئی قدم اٹھا سکوں۔میں نے اپنے شوہر کوکہاکہ آپ کسی مفتی صاحب سے پوچھ لیں تو وہ مجھ سے لڑتے ہیں کہ میری نیت ہی نہیں تھی۔تو کیا میرا نکاح قائم ہے؟ میرے لئے کیا حکم ہے؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ صورت میں بیوی کے حق میں ایک بائنہ طلاق واقع ہوچکی ہے جس کی وجہ سے سابقہ نکاح ختم ہوچکا ہےلہذا بیوی کے لیے کم از کم دو گواہوں کی موجودگی میں نئے مہر کے ساتھ دوبارہ نکاح کیے بغیرشوہر کے ساتھ رہنا جائز نہیں۔
ہندیہ(2/255)میں ہے:
الكتابة على نوعين مرسومة وغير مرسومة ونعني بالمرسومة أن يكون مصدرا ومعنونا مثل ما يكتب إلى الغائب وغير موسومة أن لا يكون مصدرا ومعنونا ……….. وإن كانت مستبينة لكنها غير مرسومة إن نوى الطلاق يقع وإلا فلا .
حاشیہ ابن عابدین(4/531)میں ہے:
لا يلحق البائن البائن اذاامكن جعله اخبار عن الاول كانت بائن بائن.
حاشیہ ابن عابدین(4/521)میں ہے:
والحاصل :ان الاول يتوقف علي النية في حالة الرضاوالغضب والمذاكرة والثاني في حالةالرضا والغضب فقط.ويقع في حالة المذاكرة بلانية.والثالث يتوقف عليها في حالة الرضافقط.ويقع في حالة الغضب والمذاكرة بلانية.
شامی(5/42) میں ہے:
وينكح مبانته بما دون الثلاث في العدة وبعدها بالاجماع
احسن الفتاوی (5/188) میں ہے:
سوال: کوئی شخص بیوی کو کہے “تو فارغ ہے “ یہ کون سا کنایہ ہے؟…… حضرت والا اپنی رائے سے مطلع فرمائیں۔
جواب :الجواب باسم ملہم الصواب
بندہ کا خیال بھی یہی ہے کہ عرف میں یہ لفظ صرف جواب ہی کے لیے مستعمل ہے اس لئے عند القرینہ بلانیت بھی اس سے طلاق بائن واقع ہوجائے گی۔ فقط اللہ تعالی اعلم۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved