• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

ڈاکٹرز کا کمپنی سے مخصوص پراڈکٹ بنوانا

استفتاء

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

RL نیوٹراسوٹیکل اور دیسی ادویات بنانے والی ایک مینوفیکچرر کمپنی ہے ،جو ادویات بنا کر مختلف شہروں میں ڈسٹری بیوٹرز وغیرہ کے ذریعے فروخت کرتی ہے ۔

بعض اوقات ڈاکٹرز اپنے لیے کمپنی سے ایک خاص پراڈکٹ تیار کرواتے ہیں اور اس پراڈکٹ کی رجسٹریشن پر آنے والے اخراجات بھی ڈاکٹرز کی طرف سے ہی ادا کیے جاتے ہیں ۔RL اس پراڈکٹ کو ڈاکٹرزکی طرف سے دئے گئے فارمولے کے مطابق تیار کرتی ہے ۔ جب RL پراڈکٹ تیار کرلیتی  ہے تو RL کی طرف سے اس پراڈکٹ کے تیار ہونے کی لاگت( کاسٹ) اور نفع رکھ کر قیمت بتادی جاتی ہے ،وہ قیمت ڈاکٹرز ادا کردیتے ہیں ۔ ڈاکٹرز کی طرف سے کمپنی سے ایسی خاص پراڈکٹ کی ڈبی پر ریٹیل پرائس زیادہ لکھوائی جاتی ہے ۔ مثال کے طور پر ایک پراڈکٹ کی لاگت اور کمپنی کا منافع ملاکر اس کی قیمت اگر 70روپے بنتی ہے تو ڈاکٹرز کی طرف سے اس کی ریٹیل پرائس 1500لکھوائی جاتی ہے جبکہ ڈاکٹرز  کمپنی کو اس کی قیمت 70روپے ادا کی جاتی ہے ۔ اسی طرح جب کوئی دوسری پارٹی اپنے فارمولے کے مطابق کوئی میڈیسن بنواتی ہے تو وہ بھی زیادہ قیمت لکھواتی ہے ۔

ڈاکٹرز کی طرف سے ریٹیل پرائس زیادہ لکھوانے کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ کم قیمت والی پراڈکٹ پر مریض مطمئن ہی نہیں ہوتا ۔ چنانچہ اس پراڈکٹ کو ڈاکٹرز اپنے ہاسپٹل کے میڈیکل اسٹور میں رکھوا دیتے ہیں اور مریضوں کے لیے تجویز کرتے ہیں ،اور یہ دوائی صرف انہیں ڈاکٹرز کے میڈیکل اسٹور سے مل سکتی ہے ۔ اس لیے کہ کمپنی اس خاص پراڈکٹ کومتعلقہ ڈاکٹرز کے علاوہ کسی اور کو فروخت نہیں کر سکتی ۔

1 ۔ مذکورہ صورت میں RLکمپنی کا ڈاکٹرز کی خاص پراڈکٹ تیار کرنے کا شرعا کیا حکم ہے؟

2 ۔ نیزمذکورہ صورت میں ڈاکٹرزکے لیے RLسے اپنی پراڈکٹ پر اتنی زیادہ قیمت لکھوانا اور RLکا اتنی قیمت لکھنے کا  کیا حکم ہے؟

تنقیح: جو ڈاکٹرز RLسے اپنے لیے مخصوص پراڈکٹ تیار کرواتے ہیں اور اپنا فارمولا دیتے ہیں تو ان سے قیمت

شروع میں طے کی جاتی ہے یا نہیں؟

جواب تنقیح: جب ڈاکٹرز کی طرف سے RLکو پراڈکٹ تیار کرنے کا آرڈر دیا جاتا ہے تواسی وقتRLکی طرف سے ڈاکٹرز کواس آرڈر پر آنے والی کاسٹ اور اپنا نفع رکھ کر ایک قیمت بتا دی جاتی ہے اوراس قیمت کی ادائیگی ڈاکٹرز کی طرف سے تیار ہو جانے کے بعد کی جاتی ہے ۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1 ۔ مذکورہ صورت میںRLکمپنی کا ڈاکٹر وں کے لیے خاص پراڈکٹ تیار کرنا استصناع کی صورت ہے اور جائز ہے ۔

2 ۔ مذکورہ صورت میں ڈاکٹروں کا RLسے اپنی 70روپے کی پراڈکٹ پر 1500روپے قیمت لکھوانا اور 1500 میں فروخت کرنا فی نفسہ جائز توہے ،لیکن محض مریض کو مطمئن کرنے کی غرض سے اور اس کی مجبوری سے فائدہ اٹھا کر اتنی زیادہ قیمت رکھنا انسانی ہمدردی کے خلاف ہے ، نیزچونکہ عام آدمی دوائی کے معاملے میں معلومات نہ ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر کی بات پر ہی اعتماد کرتا ہے اور ڈاکٹر جو مشورہ دے اسی کے مطابق عمل کرتا ہے،اس اعتبار سے ڈاکٹر کی حیثیت امین کی بھی ہوتی ہے اور مریض کو صحیح اور خیر خواہانہ مشورہ  نہ دینا امانت میں خیانت ہے،لہذا ڈاکٹروں کا اپنے فائدے کے پیش نظر مریض کے لیے مہنگی دواء تجویز کرنا امانت میں خیانت ہے اور RLکے علم میں چونکہ ڈاکٹروں کی یہ بات آچکی ہے اس لیے RL کےلیے اتنی زیادہ قیمت لکھنا ان کی معاونت ہے اورناجائز ہے۔

وتعاونواعلي البر والتقوي ولاتعاونوا علي الاثم والعدوان ۔(المائده)

جواہرالفقہ(2/453)میں ہے:

الاعانة علي المعصية مطلقا بنص القرآن قوله تعالي ولاتعاونوا علي الاثم والعدوان الخ قوله تعالي فلن اکون ظهيراللمجرمين ولکن الاعانة حقيقة ماقامت المعصية بعين فعل المعين ولايتحقق الابنية الاعانة والتصريح بها اوتعيينها في استعمال هذاالشي بحيث لايحتمل غيرالمعصية

(۱) الفتاوى الهندية (3/ 207)

الاستصناع جائز في كل ما جرى التعامل فيه كالقلنسوة والخف والأواني المتخذة من الصفر والنحاس وما أشبه ذلك استحسانا كذا في المحيط ثم إن جاز الاستصناع فيما للناس فيه تعامل إذا بين وصفا على وجه يحصل التعريف أما فيما لا تعامل فيه كالاستصناع في الثياب بأن يأمر حائكا ليحيك له ثوبا بغزل من عند نفسه لم يجز كذا في الجامع الصغير وصورته أن يقول للخفاف اصنع لي خفا من أديمك يوافق رجلي ويريه رجله بكذا أو يقول للصائغ صغ لي خاتما من فضتك وبين وزنه وصفته بكذا وكذا

(۲)المعجم الکبیر للطبرانی(۳۱;47;۲۲۱)

عن عبد الله بن الزبیر، قال: قال رسول الله صلی الله عليه وسلم المستشار مؤتمن

(۳)مرقا اۃ المفاتیح شرح مشکاۃ المصابیح(۱;47;۷۳۳)

(ومن اَشار علی اَخيه باَمر) اَی اَمر اَخاہ المستشیر باَمر (یعلم) المراد بالعلم ما یشمل الظن(اَن الرشد) اَی المصلحة(فی غیرہ)اَی غیر ما اَشاراليه(فقد خانه) اَی خان المستشار المستشیراذا ورد اَن المستشار مؤتمن،

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved