- فتوی نمبر: 17-241
- تاریخ: 18 مئی 2024
- عنوانات: حظر و اباحت > نام رکھنے سے متعلق
استفتاء
مفتی صاحب کچھ لوگ اپنے کاروبار کا نام مقدس ناموں میں سےرکھ لیتے ہیں مثلا رفیق سویٹ ،بلال سویٹ ،قاسم آپٹیکل ،حلیم والے، رحمان کلاتھ ہاؤس، محمدی نہاری وغیرہ وغیرہ۔
پھر یہ لوگ اپنے کاروبار کی مشہوری کے لیے یہ مقدس نام شاپروں ،لفافوں، ڈبوں وغیرہ پر پرنٹ کرواتے ہیں۔ اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ خریدنے والے لوگ ان کو کوڑے میں پھینک دیتے ہیں۔
1- مقدس نام، شاپروں، ڈبوں، لفافوں وغیرہ پر پرنٹ کروانے کے کیا احکام ہیں؟
2- خریدنے والے لوگ کیا کریں ان کا ؟جبکہ مقدس نام شاپروں، ڈبوں، لفافوں سے جدا کرنا کافی مشکل ہوتا ہے۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
1.مذکورہ صورت میں چونکہ مقدس ناموں کی بے احترامی کا خطرہ رہتا ہے، اس لئے شاپروں ،ڈبوں، لفافوں وغیرہ پر مقدس نام نہیں لکھنے چاہئیں ۔چناچہ حضرات فقہائے کرام نے مسجد کی دیواروں پر آیات قرآنیہ اور مقدس ناموں کے لکھنے سے منع فرمایا ہےاور وجہ یہ بتائی ہے کہ دیواروں کے گرنے کا خطرہ رہتا ہے جس کی وجہ سے آیات قرآنیہ اور مقدس ناموں کی بے احترامی کا خطرہ ہے جبکہ شاپروں، ڈبوں، لفافوں میں مذکورہ خطرہ مسجد کی دیواروں سے کہیں زیادہ ہے۔
2.خریدنے والوں کو چاہیے مقدس ناموں والے شاپروں، ڈبوں ،لفافوں کو کسی ایسی جگہ نہ ڈالیں جہاں ان کی بے احترامی ہو، بلکہ یا تو مقدس اوراق کی کسی تنظیم کو دیدیں اور اگر یہ ممکن نہ ہو تو ان کو بےاحترامی سے بچانے کی غرض سے ایسے طریقے سے جلادیں جو کسی انتشار کا باعث نہ بنے اور راکھ کو کسی پاک جگہ ڈال دیں۔
نوٹ:سوال میں جو نام مذکور ہیں مقدس ناموں کے زمرے میں نہیں آتے بلکہ مقدس ناموں سے مراد وہ نام ہیں جو صرف اللہ تعالی کے نام ہوں اور انہیں انسانوں کے لیے استعمال نہ کیا جا سکتا ہوں مثلاً رحمن، لیکن جو نام ایسے ہوں کہ انہیں انسانوں کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہو جیسے سوال میں مذکور رفیق، قاسم ،حلیم تو یہ نام مقدس ناموں کی زمرے میں نہیں آتے۔ یہ الگ بات ہے کہ ایسے ناموں کو بھی کسی نجاست کی جگہ میں نہ ڈالیں ،کیونکہ عام ناموں کابھی کسی نہ کسی درجے میں احترام ہے۔
اسی طرح جو نام حضرات انبیائے کرام علیہم الصلوات والتسلیمات کے ہوں اور ان سے مراد بھی حضرات انبیاء علیہم الصلوات و التسلیمات ہوں تو وہ بھی مقدس ناموں میں شامل ہیں لیکن اگر کسی انسان کا نام حضرات انبیاء کرام علیہم الصلوات و التسلیمات کے ناموں پر ہو جیسے کسی کا نام ابراہیم رکھ دیا جائے تو یہ نام مقدس ناموں کے زمرے میں نہیں آتا۔ یہ الگ بات ہے کہ اس کا بھی کسی نہ کسی درجے میں احترام ہے۔
© Copyright 2024, All Rights Reserved