• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

ڈیوٹی کے لیے دوسرے شہر جانے پر نماز کا حکم

استفتاء

ایک بندے کی ڈیوٹی لاہور شہر میں  ہے جو اس کے گھر سے 150 کلو میٹر دور ہے ایک ہفتہ وہ ڈیوٹی کرتا ہے اور ایک ہفتہ وہ چھٹی کرتا ہے تو لاہور شہر میں قصر ادا کرے گا یا مکمل ؟جب سے  نوکری شروع کی ہے ایک دفعہ بھی وہاں پندرہ دن کی نیت سے نہیں رہا۔

الجواب: لاہور میں قصر کرے گا۔۔فقط (غیررسمی)

سوال بعد از جواب: عرض یہ ہے کہ  ان کی ڈیوٹی کچھ مہینوں سے وہی ہے اور اگر ایک دفعہ بھی پندرہ دن کی نیت سے رہ لیں تو پھر تو وہ مقیم ہوں گے اور وہ انکا وطن اقامت بن جائے گا پھر وہ جتنے دن کے لیے بھی جائیں مکمل کریں گے لیکن ایک دفعہ بھی پندرہ دنوں کی نیت سے نہیں رہے تو محترم کسی حوالے کے ساتھ مسئلہ بتا دیں ۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں جب ایک دفعہ بھی لاہور پندرہ دن یا اس سے زیادہ کی نیت سے  نہیں رہے تو قصر کریں گے۔

حلبی کبیر (ص:539) میں ہے:

وأما في غير وطنه فلا يصير مقيما الا بنية الاقامة واصل الاقامة عندنا خمسة عشر يوما

ہندیہ(1/139) میں ہے:

‌ولا ‌يزال ‌على ‌حكم السفر حتى ينوي الإقامة في بلدة أو قرية خمسة عشر يوما أو أكثر

آپ کے مسائل اور ان کا حل (4/85) میں ہے:

سوال : میری مستقل ملازمت آج کل حیدر آباد میں ہے جبکہ میری  مستقل رہائش کراچی میں ہے۔  ہفتے میں کبھی ایک دفعہ اور کبھی دو دفعہ کراچی جاتا ہوں، لہٰذا میں فرض نمازیں کہاں ادا کروں اور قصر نمازیں کہاں، کیونکہ آج کل میں دونوں جگہ فرض نمازیں ہی ادا کر رہا ہوں۔

جواب: کراچی تو آپ کی رہائش ہے، اس لیے یہ تو آپ کا وطن اصلی ہے اور وہاں آ کر آپ کو پوری نماز پڑھنی ہوگی۔ حیدرآباد میں آپ کی ملازمت ہے، اگر آپ ایک دفعہ لگاتار پندرہ دن رہیں تو وہاں بھی مقیم ہو جائیں گے، اور جب تک آپ کی وہاں پر ملازمت رہے گی، آپ وہاں پہنچتے ہی مقیم ہو جایا کریں گے۔

فتاویٰ محمودیہ (7/506) میں ہے:

سوال:بندہ ایک عرصہ سے الٰہ آباد میں دینی کام کرتا ہے۔ وطن اصلی بارہ بنکی ہے عموماً پندرہ بیس دن الٰہ آباد میں رہتاہے اور تین چاردن کے لئے بارہ بنکی چلاجاتاہے۔ غرضیکہ قیام کی کوئی خاص نیت نہیں ہوتی ہے بلکہ ایک اندازہ ہوتاہے کہ پندرہ بیس دن رہوں گا، کبھی آٹھ ہی دن میں چلاجاتاہوں۔ اس وقت مجھے نماز ِ قصرپڑھنی پڑے گی یا پوری؟

جواب: بارہ بنکی میں آپ جب داخل ہوں گے پوری نماز پڑھیں گے خواہ وہاں ایک ہی نماز کے بقدر قیام ہو، الٰہ آباد میں اگر پندرہ روز مسلسل قیام کی نیت ہو تووہاں بھی پوری نماز پڑھیں گے۔ اگرچہ پندرہ روز کی نیت کی صورت میں پہلے سفر کی نوبت آجائے۔ اگرپندرہ روز سے کم قیام کی نیت ہو تووہاں نماز قصر کریں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved