• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

فصل پر ہونےوالے اخراجات عشر سے منہا کرنا

استفتاء

۱۔ ایک شخص**** کی اولاد میں چار بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں تمام شادی شدہ ہیں تو بڑا بیٹا **** ایک بیوہ اور ایک بیٹی چھوڑ کر انتقال کر جاتا ہے تو مذکورہ بیوہ اور پوتی اپنے دادا اور سسر **** کی وراثت سے حصے کی حقدار ہونگی؟ اگر**** اپنی تمام وراثت اپنے تینوں زندہ بیٹوں کے نام لگا دیتا ہے تو شرعاً اس کا یہ عمل کیسا ہے؟

۲۔ ایک شخص زرعی زمین کرائے ( ٹھیکے ) پر لیکر کھیتی باڑی کرتا ہے اور حاصل ہونے والی آمدنی کا عشر بھی ادا کرنا چاہتا ہے لیکن چند سالوں سے بڑھتے ہوئے زمین کے کرائے ٹریکٹر اور  ٹیوب ویل کے لیے مہنگا ڈیزل سپرے کے لیے زرعی ادویات اور کھاد کی بڑھتی ہوئی قیمتیں حاصل شدہ فصل اور آمدن سے بڑھ جاتی ہیں جبکہ فصل یاتو کسی حادثے کا شکار ہوجاتی ہے اور یا پھر اس کی قیمت پوری نہیں ملتی یعنی اخراجات زیادہ اور آمدن کم۔جبکہ زمیندار کے ذمہ ایک بڑے خاندن کے اخراجات  بھی ہیں۔

تو کیا اب عشر تمام حاصل شدہ فصل میں سے نکالا جائے گا جس کی آمدن اخراجات سے بھی کم ہے یا فصل پر اٹھنے والے اخراجات منہا کر کے بقیہ آمدن و فصل پر عشر نکالا جائے گا؟تفصیلاً جواب مرحمت فرمائیے۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

تمام پیداوار میں عشر واجب ہے۔ زمین کو قابل کاشت بنانے سے لیکر پیداوار حاصل ہونے  اور سنبھالنے تک ( مثلاً بیج، ٹریکٹر، ٹیوب ویل، کھاد، اسپرے ، چوکیدار، کٹائی کی مزدوری، تریشر وغیرہ ) کے اخراجات اس پیداوار سے منہا کرنا درست نہیں۔ اخراجات و مؤنت کے منہا نہ کرنے کی وجہ اللہ رب العزت کا ارشاد ” و مما أجرجنا لكم من الأرض " ہے، کیونکہ آیت کا تقاضہ یہ ہے کہ جو کچھ بھی زمین سے فصل نکلے اس میں عشر ہوگا کیونکہ لفظ ” ما " یہ عموم کو چاہتا ہے اب اگر بعض خارج کو اخراجات کے مقابلے میں نکال دیا جائے اور باقی رہ جائے اس میں عشر کو واجب کیا جائے تو یہ نص کے عموم کے خلاف ہے۔ اور عشر کا تعلق وہ عین خارج سے ہے۔ اس لیے ایسے نہیں کیا جائے گا کہ بعض خرج ( یعنی جو فصل نکلی ہے اس کا بعض حصہ ) کو اخراجات کے مقابلے میں کریں او بقیہ میں عشر لازم کریں بلکہ جتنی بھی فصل ہوتی ہے تمام فصل میں عشر واجب ہوگا بوجہ نص کے عام ہونے کے۔

نیز علامہ شامی رحمہ نے اس کی ایک وجہ یہ بھی بیان کی ہے کہ اگر مؤنت کو نکال دیا جائےتو ہر صورت میں صرف عشر ہی لازم ہوگا حالانکہ شریعت میں مؤنت کی بنا پر تفاوت موجود ہے عشر اور نصف عشر کی صورت میں۔ لہذا کسی بھی قسم کے اخراجات چاہے کھیتی کو سیراب کرنے  کے ہوں یا دیگر اخراجات ، کو منہا کرنا صحیح نہیں۔ بلکہ اخراجات نکالنے سے پہلے کل فصل سے عشر وغیرہ ادا کیا جائے۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم

نوٹ: پہلے سوال کا جواب الگ سے ہوگیا ہے۔فقط واللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved