- فتوی نمبر: 8-328
- تاریخ: 31 مارچ 2016
- عنوانات: مالی معاملات > منتقل شدہ فی مالی معاملات
استفتاء
ایک آدمی فٹ بال میچ کرواتا ہے، جس میں 32 ٹیمیں شریک ہوتی ہیں۔ ہر ٹیم سے دو دو ہزار روپے فیس لیتا ہے، جو ٹیم فائنل جیتے گی اسے 20 ہزار روپے انعام اور جو فائنل میں پہنچے گی اسے 75 سو روپے انعام دیے جائیں گے، باقیوں کو کچھ نہیں ملے گا۔ میچ کے اخراجات اور انتظامات سارے اسی کےذمے ہیں، ٹیموں نے صرف 2000 روپے فیس ادا کرنی ہے۔ کیا یہ شرعاً جائز ہے؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
فٹ بال کے میچ کروانے کا مذکورہ طریقہ جائز نہیں۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ اس طرح کے کھیلوں کے جائز ہونے کی دو شرطیں ہیں اور وہ دونوں شرطیں اس میں مفقود ہیں:
(1) ان کھیلوں کو ان فوائد کے حاصل کرنے کی نیت سے کھیلا جائے محض لہو و لعب کی نیت نہ ہو۔ ظاہر ہے جو لوگ اس طرح کے میچوں میں حصہ لیتے ہیں ان کے پیش نظر عموماً کھیل برائے کھیل ہوتا ہے، جسمانی ورزش پیش نظر نہیں ہوتی۔
(2) ان کھیلوں میں جیتنے والے کے لیے کوئی معاوضہ یا انعام مقرر کرنا جائز نہیں۔
چنانچہ فتاویٰ شامی (5/ 285) میں ہے:
اقتصر على الفرس و الإبل و الأرجل و الرمي و مثله في الكنز و الزيلعي و أقره الشارح هناك حيث قال: و لا يجوز الاستباق في غير هذه الأربعة كالبغل بالجعل و أما بلا جعل فيجوز في كل شيء و قال بعد ذلك لأن جواز الجعل فيما مرّ إنما يثبت بالحديث على خلاف القياس فيجوز ما عداها بدون الجعل و في القهستاني من الملتقط من لعب بالصولجان يريد الفروسية يجوز و عن الجوهرة قد جاء الأثر في رخصة المصارعة لتحصيل القدرة على المقاتلة دون التلهي فإنه مكروه.
جواہر الفقہ جلد چہارم صفحہ 573 میں ہے:
’’مذکور الصدر اقسام چہار گانہ یعنی گھوڑ دوڑ، اونٹوں کی دوڑ، پیادہ دوڑ، نشانہ بازی کے علاوہ دوسرے کھیلوں میں کچھ تفصیل ہے:
جن کھیلوں سے کچھ دینی یا دنیوی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں وہ جائز ہیں، بشرطیکہ انہیں فوائد کی نیت سے ان کو کھیلا جائے، محض لہو و لعب کی نیت نہ ہو، لیکن اس کی بازی پر کوئی معاوضہ یا انعام مشروط و مقرر کرنا جائز نہیں۔ مثلاً گیند کا کھیل کہ ا سے جسمانی ورزش ہوتی ہے، یا لاٹھی وغیرہ کے کھیل یا پہلوانوں کی کشتی وغیرہ جو قوت جہاد میں معین ہو سکتے ہیں، اس طرح معمہ بازی، شعر بازی، تعلیمی تاش وغیرہ ہار جیت کی بازی لگانا جائز ہے، مگر اس پر رقم معاوضہ کی مقرر کرنا جائز نہیں، بلکہ قمار حرام ہے۔‘‘ فقط و اللہ تعالیٰ اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved