• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

For U Real Traders کمپنی میں انوسٹمنٹ

استفتاء

For You Real Traders کے نام سے ایک رجسٹرڈ کمپنی ہے جو دودھ کی فراہمی کا کاروبار کرتی ہے اور اپنے ساتھ کاروبار میں شریک ہونے کی عام دعوت دیتی ہے۔ اس کمپنی والوں کا کہنا ہے کہ آپ ہمارے چلتے ہوئے کاروبار میں انویسٹمنٹ کریں اور اپنے سرمایہ پر ماہانہ 8 سے 10 فیصد منافع کمائیں مثلاً1 لاکھ کی سرمایہ کاری پر ماہانہ 8 سے 10 ہزار روپے  ، 2 لاکھ پر 16 سے 20 ہزار روپے  اور3 لاکھ پر 24 سے 30 ہزار روپے کا ماہانہ نفع کمپنی فراہم کرتی ہے۔ کمپنی انویسٹ کرنے والے کے ساتھ ایک سال کا معاہدہ کرتی ہے۔

کمپنی کے ساتھ  معاہدہ مندرجہ ذیل نکات پر مشتمل  ہے(اصل معاہدہ انگریزی میں ہے اس کا ترجمہ یہ ہے)۔

1۔ یہ معاہدہ     گیارہ مہینوں پر مشتمل ہوگا۔

2۔فریق اول (کمپنی) فریق ثانی (سرمایہ کار) کو ہر مہینے سرمایہ کا 8 سے 10 فیصد  نفع دینے کا پابند ہوگا۔

3۔فریق ثانی(سرمایہ کار) نے فریق اول (کمپنی)کو ڈھائی لاکھ روپے سرمایہ کاری کرنے کے لیے گیارہ مہینے کے لیے دیے ہیں۔

4۔ چھ مہینے سے قبل فریق ثانی (سرمایہ کار)اپنا سرمایہ واپس نہیں لے سکتاہے۔

5۔ اگر فریق ثانی (سرمایہ کار)اپنا سرمایہ چھ مہینے کے بعد لینا چاہتاہے تو وہ ایک مہینہ قبل تحریری نوٹس کے ذریعے فریق اول(کمپنی) کومطلع کرنے کا پابند ہے۔

6۔تحریری نوٹس کے وصول کرنے کے بعد فریق اول(کمپنی) ایک ماہ کا نفع واپس کرنے کا پابند نہیں ہوگا۔

7۔ معاہدہ کے پہلے چھ مہینوں میں اگر کاروبار میں کوئی نقصان ہوا یا بکرے/گائے  کی  موت واقع ہوگئی تو فریق اول (کمپنی ) فریق ثانی (سرمایہ کار) کو سو فیصد پیسے واپس کرے گی۔

8۔ اگر کاروبار میں کوئی نقصان ہوا یا بکری/گائے کی موت معاہدے کے چھ مہینوں کے بعدواقع ہوگئی تو سرمایہ کی رقم میں سے 30 فیصد رقم کٹوتی کی جائے گی اور بقایا 70 فیصد رقم فریق ثانی (سرمایہ کار) کو فریق اول (کمپنی) واپس کرے گی۔

9۔فریق اول(سرمایہ کار) کی موت کی صورت میں کمپنی نفع  ان کی بیوی کو ادا کرتے رہنے اور مدت پوری ہونے پر سرمایہ ان کو واپس کرنے کی پابند ہوگی اور یہی معاہدہ انہی شرائط کے ساتھ  بیوی کے نام پر منتقل ہوجائے گا۔

10۔ فریقین پر اس معاہدہ کی پاسداری لازم ہوگی۔

اس بارے میں بتادیں کہ کیا یہ کام صحیح ہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

سوال کے ساتھ بھیجے گئے کمپنی کے معاہدہ نامہ کے مطابق مذکورہ کمپنی میں  پیسے انویسٹ کرنا اور نفع کمانا جائز نہیں کیونکہ  اس میں درج ذیل خرابیاں ہیں ۔

1) ایک شخص کا پیسہ ہو اور دوسرا اس سے کام کرے اور نفع دونوں میں تقسیم ہو یہ صورت مضاربت کہلاتی ہے جس کے جائز ہونے کے لیے ایک بنیادی شرط یہ ہے کہ  فریقین میں نفع کی تقسیم حقیقی نفع کے  ایک متعین فیصدی تناسب سے طے ہو مثلا جو نفع ہوگا اس کا 30 فیصد ایک شریک کو ملے گا ۔ فکس نفع  طے کرنا جائز  نہیں۔ فکس نفع طے کرنے   کی ایک صورت تو یہ ہے کہ سرمایہ کار کے لیے  لگی بندھی رقم   مثلا 10 ہزار ماہانہ طے کردیا جائے اور اسی  کی ایک  صورت یہ ہے کہ سرمایہ کار کے سرمایہ کے فیصد کے مطابق اس کا ماہانہ نفع  طے  کردیاجائے   مثلا سرمایہ کا 10 فیصد۔  یہ صورت بھی فکس نفع طے کرنے کی ہی ہے کیونکہ مثلا سرمایہ اگر ایک لاکھ ہو تو نتیجتاً اسے ہرماہ 10 ہزار ہی ملیں گے  چاہے حقیقی نفع زیادہ ہو یا کم ہو  نیز مذکورہ صورت میں  سرمایہ کا وہ فیصد بھی متعین نہیں بلکہ 8 تا 10 فیصد ہے  جیسا کہ کمپنی کے معاہدہ نامہ کی شق نمبر  2  میں ہے:

  1. 2. The first party will be bound to pay profit every month to the Second Party on 8% to 10% of the Capital Amount.

ترجمہ:   2۔فریق اول (کمپنی) فریق ثانی (سرمایہ کار) کو ہر مہینے سرمایہ کا 8 سے 10 فیصد  نفع دینے کا پابند ہوگا۔

2) اسی طرح معاہدہ نامہ  کی ساتویں اور آٹھویں شق کے مطابق پہلے چھ مہینے میں کمپنی کا نقصان ہونے کی صورت میں کمپنی انویسٹر کو پورا سرمایہ واپس کرنے کی پابند ہے، یہ شرط بھی مضاربت کے اصولوں کے خلاف ہے کیونکہ مضاربت میں انویسٹر کے سرمایہ کے ہرصورت میں محفوظ رہنے کی گارنٹی نہیں دی جاسکتی  اور یہ شرط انویسٹمنٹ کو قرض کے مشابہ کردیتی ہے جس پر نفع لینا سود ہے ، اسی طرح 6مہینے بعد صرف 30 فیصد نقصان انویسٹر کے ذمہ ڈالا جائے گا، یہ بھی جائز  نہیں۔

  1. 7. In case of any Loss or Death of Cow/Goat in the first (06) SIX months of agreement, 100% amount will be returned the second party from first party.
  2. 8. In case of any Loss or Death of Cow/Goat after (06) SIX months of agreement, 30% amount will be deducted from the capital amount and

the other half 70% will be returned the second party from the first party.

ترجمہ:7۔ معاہدہ کے پہلے چھ مہینوں میں اگر کاروبار میں کوئی نقصان ہوا یا بکری/گائے  کی  موت واقع ہوگئی تو فریق اول (کمپنی ) فریق ثانی (سرمایہ کار) کو سو فیصد پیسے واپس کرے گی۔

8۔ اگر کاروبار میں کوئی نقصان ہوا یا بکری/گائے کی موت  معاہدے کے چھ مہینوں کے بعدواقع ہوگئی تو سرمایہ کی رقم میں سے 30 فیصد رقم کٹوتی کی جائے گی اور بقایا 70 فیصد رقم فریق ثانی (سرمایہ کار) کو فریق اول (کمپنی) واپس کرے گی۔

نوٹ:   اوپر ذکر کردہ جواب  شرعی اصولوں کے اعتبار سے بیان  کیا گیا ہے ورنہ ہماری معلومات کے مطابق تاجروں کے نزدیک کسی بھی جائز تجارت میں اتنا نفع نہیں ہوتا  کہ ایک لاکھ پر ماہانہ 10 ہزار تک نفع انویسٹر کو ملے اور تاجر کو  بھی کچھ بچے، یہ عرف  کے خلاف ہے اس لیے یہ بات تقریباً یقینی ہے کہ اس قسم کی پیشکش کرنے والی کمپنیاں حقیقی کاروبار  تو بالکل نہیں  کرتیں  یا اتنا نہیں کرتیں جتنا سرمایہ اکٹھا کررہی ہوتی ہیں اور نتیجتاً لوگوں کو ان کا  سرمایہ ہی کھلا رہی ہوتی ہیں۔ نیز  اکثر و بیشتر اس طرز کی    کمپنیاں مختصر عرصے کے لیے عوام میں  سرمایہ جمع کرنے کے لیے مشہور ہوتی ہیں اور جلد ہی سرمایہ سمیٹ کر  بھاگ جاتی ہیں، ماضی قریب میں مضاربہ سکینڈل بھی اس کی ایک بڑی مثال ہے۔

شرح الجلہ(4/301) میں ہے:

ماده1411 : يشترط في المضاربة كشركة العقد كون راس المال معلوما و تعيين حصة العاقدين من الربح جزءا شائعا كالنصف والثلث

وقول هذه المادة وتعيين حصة العاقدين من الربح الخ يتضمن اشتراط ثلاثة امور، الاول ان يكون نصيب كل منهما من الربح معلوما حتي لو كان مجهولا بان شرط للمضارب جزءا او شيئا او ردد بين النصف والثلث تكون فاسدة

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved