- فتوی نمبر: 7-54
- تاریخ: 16 ستمبر 2014
- عنوانات: حظر و اباحت > زیب و زینت و بناؤ سنگھار
استفتاء
سر پر گنجے پن کی وجہ سے جو بالوں کی وگ فکس کروائی جاتی ہے کیا اس حالت میں ہمارا غسل ہو جاتا ہے؟
تھوڑی میں اس کی تفصیل بھی بیان کرتا ہوں: سر کے بالوں کو موٹی مشین سے مونڈھنے کے بعد جو چھوٹے چھوٹے بال رہ جاتے ہیں وگ کے اندر گھولائی میں ایک انچ کی پٹی ہوتی ہے اس پر گم یا پیسٹ لگا کر ان بالوں پر چپکا دی جاتی ہے۔ اور جس طرح بال بڑھتے رہتے ہیں یہ وگ بھی اوپر اٹھتی رہتی ہے۔ ڈیڑھ دو ماہ کے بعد جب بال زیادہ بڑھ جاتے ہیں تو پھر سے یہی عمل دوبارہ کیا جاتا ہے۔
حضرت بتا دیجئے اس وگ کو لگوانے کے بعد ہمارا غسل ہو جاتا ہے؟ یا پھر بھی ناپاک ہی رہتا ہے۔
واضح رہے ! ایک بال جو جلد کے اندر ڈالے جاتے ہیں، یہ اس سے مختلف ہے یہ ایک پوری بالوں کی وگ ہے جو سر کے بالوں پر چسپاں کی جاتی ہے۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
ایسی وگ جس میں انسانی بال استعمال کیے گئے ہوں اور اسے کچھ عرصے کے لیے چپکا دیا جائے اس کا استعمال جائز نہیں کیونکہ:
1: اس میں کسی دوسرے انسان کے بالوں کو استعمال کیا جاتا ہے۔
2: انسانی بالوں کی خرید و فروخت ہوتی ہے۔
3: جھلی کے نیچے اصل بالوں تک Liquid کی و جہ سے پانی نہیں پہنچتا، اس لیے فرض غسل ادا نہیں ہوتا۔
4: اگر پورے سر پر جھلی لگی ہو تو وضو میں سر کے مسح کا فرض ادا نہیں ہو تا۔
5: اگر چوتھائی سر کی مقدار کے برابر سر پر جھلی نہ لگی ہو تو اگرچہ اس پر فرض ادا ہو جائے گا لیکن مسح کی سنت (کہ پورے سر پر مسح کیا جائے اس) سے مستقل محرومی رہے گی۔ (ماخوذ از مریض و معالج) فقط و اللہ تعالیٰ اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved