استفتاء
ہماری مسجد تین اطراف سے بالکل بند ہے اور تین اطراف میں کوئی کھڑکی اور روشندان نہیں ہے سوائے اوپر چھت کے کہ چھت میں کچھ جگہ کھلی ہے ۔مسئلہ یہ ہے کہ گرمی کے موسم میں مسجد کے اندر شدید گرمی ہوتی ہے اور جب بجلی چلی جاتی ہے تو پھر تو بہت ہی حبس بن جاتی ہے اور نمازی بڑی تکلیف اور تنگی کی حالت میں نماز پڑھتے ہیں اور دوسری وجہ یہ ہے کہ ہماری مذکورہ مسجد کے تقریباً بالکل ساتھ اہل بدعت کی مسجد ہے اور اہل بدعت جماعت مسجد کی چھت پر کرواتے ہیں تو ہماری مسجد میں چونکہ جماعت اندر ہوتی ہے تو بہت سارے نمازی گرمی کی وجہ سے ہماری مسجد کو چھوڑ کر اہل بدعت کے پیچھے نماز پڑھنے چلے گئے اور آئندہ بھی ہمیں یہ خطرہ ہے کہ جو باقی نمازی ہیں ان میں سے بھی بعض اہل بدعت کے پیچھے نماز پڑھنا شروع کردیں یا گھر میں پڑھنا شروع کردیں تو مذکورہ صورت حال میں ہمیں اپنی مسجد کی چھت پر جماعت کروانے کی اجازت ہے نیز ہماری مسجد کی چھت غیر مسقف ہے۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
بہتر تو یہی ہے کہ نیچے ہی نماز پڑھیں اوراگر ممکن ہوتو کھڑکیاں روشن دان لگوالیں اور اگر یہ سب کچھ ممکن نہ ہو تو مجبوری میں اوپر نماز پڑھ لیں لیکن پھر کوشش کریں کہ چھت کے گرد چاردیواری لگوا دیں اور کچھ سائبان بنادیں تاکہ مسجد کی دوسری منزل سی بن جائے محض چھت نہ رہے۔فقط واللہ تعالیٰ اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved