- فتوی نمبر: 26-333
- تاریخ: 01 جولائی 2026
- عنوانات: عقائد و نظریات > حدیث و سنت
استفتاء
حدیث بھی وحی ہے تو پوچھنا یہ تھا کہ حدیث کیسے نازل ہوتی تھی کیا حدیث کا نزول بھی موقع محل کے اعتبار سےقرآن کریم جیسا ہی ہوتاتھا یا حدیث کا جو ساراریکارڈ (فضائل،وعدے وعیدے،جنت جہنم کے تذکرے،غیب کی خبریں)ہمیں ملتا ہےاللہ تعالی نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کوایک ہی مرتبہ میں سکھادیا تھا؟کبھی کبھارکوئی آپ ﷺسے کوئی سوال پوچھتا تو کیا آپ وحی غیر متلو یعنی حدیث نازل ہونے کا انتظار فرماتے تھےپھر جواب دیتے تھے؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
احادیث دو قسم کی ہیں۔
1۔وہ احادیث جن کی بنیاد حضور ﷺ کا اجتھاد ہوتا تھا اور اسکی خاموش یا صریح تائید اللہ تعالی کی طرف سے ہوجاتی تھی ۔یہ احادیث ابتداء ًوحی نہ ہوتی تھی مگر بالآخر وحی بن جاتی تھی۔اجتھاد کا تعلق چونکہ ملکہ کے ساتھہ ہوتا ہے اور ملکہ مستقل طور سےانسان میں ہوتا ہے۔صحابہ کے بہت سے سوالات کا جواب اسی قسم سے تعلق رکھتا ہےیعنی حضورﷺکو کسی حکم کے ورود کا انتظار نہیں کرنا پڑتا تھا۔
2۔وہ احادیث جن کی بنیاد اللہ تعالی کی طرف سے وحی ہوتی تھی وہ موقع بہ موقع وارد ہوتی تھی۔اور ایسی باتوں میں حضورﷺکو انتظار بھی کرنا پڑتا تھا۔اور پھر اس انتظار کے نتیجے میں وحی متلو(بصورت قرآن)آجاتی تھی اور کبھی وحی غیر متلو ہوتی تھی۔ام المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنھانے اپنی براءت کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا تھا مجھے یہ توقع نہ تھی کہ اللہ تعالی میری براءت کیلئےقرآن (وحی متلو)نازل فرمائیں گے۔مجھے زیادہ سے زیادہ یہ امیدتھی کہ حضورﷺکو کوئی خواب وغیرہ آجائےگا۔
بخاری شریف حدیث نمبر(4141)میں ہے:
عن عائشة رضي الله عنها، زوج النبي صلى الله عليه وسلم، حين قال لها أهل الإفك ما قالوا… ولكن والله ما كنت أظن أن الله منزل في شأني وحيا يتلى، لشأني في نفسي كان أحقر من أن يتكلم الله في بأمر، ولكني كنت أرجو أن يرى رسول الله صلى الله عليه وسلم في النوم رؤيا يبرئني الله بها…..
حجۃ اللہ البالغہ (1/360)میں ہے:
و اجتهاده صلى الله عليه وسلم بمنزلة الوحي:لأن الله تعالى عصمه من أن يتقرر رأيه على الخطأ.و ليس يجب أن يكون اجتهاده استنباطا من المنصوص،كما يظن ،بل أكثره:أن يكون علمه الله تعالى مقاصد الشرع و قانون التشريع و التيسير و الإحكام فبين المقاصد المتلقاة بالوحي بذلك القانون.
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved