- فتوی نمبر: 36-399
- تاریخ: 18 نومبر 2026
- عنوانات: خاندانی معاملات > طلاق کا بیان > میاں بیوی کا طلاق میں اختلاف
استفتاء
کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام کہ بیوی کا دعوی ہے کہ شوہر نے مجھے تین طلاقیں دی ہیں اور شوہر انکار کرتا ہےکہ میں نے کوئی طلاق نہیں دی اور کہتا ہے کہ طلاق کے الفاظ میرے ذہن میں بھی نہیں آتے ۔ تو کیا اس صورت میں طلاق واقع ہوجائے گی ؟
بیوی کا بیان :
میری شادی کو 18 سال ہوچکے ہیں ۔ شادی کے ایک سال بعد ہی شوہر نے مجھے تین طلاقیں دے دی تھیں ۔ لیکن یہ مکر گیا تھا ۔ بڑوں نے ہماری صلح کروادی تھی ۔ اس کے بعد ہمارے تین بچے ہوئے ۔آج سے تین ماہ پہلے اس نے مجھے دوبارہ تین طلاقیں دے دیں ۔یہ الفاظ کہے تھے کہ”میں آپ کو طلاق دیتا ہوں میرے گھر سے نکل جاؤ ” ۔لیکن اس دفعہ بھی اس نے جھوٹی قسمیں اٹھالیں ۔ یہ نہ نماز پڑھتا ہے نہ روزہ رکھتا ہے اور بات بات پر قسم اٹھالیتا ہے ۔میں اس کے ساتھ ہی رہتی رہی اس نے مجھ سے ملنا چاہا میں نے انکار کیا تو اس نے گلا دبا کر مجھے مارنے کی بھی کوشش کی۔ اس کے دو ماہ بعد پھر اس نے دو طلاقیں دے دیں۔ یہ کہتا ہے کہ عورتوں کی بات کا کوئی اعتبار نہیں ہوتا مجھ سے پوچھا جائے گا تو میں قسم اٹھالوں گا۔
شوہر کا بیان :
میرے تین بچے ہیں ۔ مجھے اپنی بیوی سے کوئی شکایت نہیں ہے ۔ یہ میرے سارے کام کرتی ہے ۔ میں کلمہ لا الٰہ الا اللہ محمد رسول اللہ پڑھ کر کہتا ہوں کہ جو کہوں گا سچ کہوں گا ۔ میں ڈرائیور آدمی ہوں ۔ ہفتے بعد گھر جاتا ہوں ۔ کچھ دن پہلے ایسا ہوا میں جب ہفتے کو گیا ۔ رات کو میں نے اس سے ملنا چاہا اس نے انکار کردیا ۔ اگلے ہفتے بھی ایسا ہی ہو ا۔ اس سے اگلے ہفتے اس نے کہہ دیا کہ تم نے مجھے طلاق دے دی ہے ۔ اور اس نے سب جگہ کہنا شروع کردیا ۔ حالانکہ میں نے کوئی طلاق کبھی نہیں دی ۔ایک مفتی صاحب سے بھی پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ جب اس کے پاس گواہ نہیں ہے تو کوئی طلاق نہیں ہوئی ۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ صورت میں اگر واقعی بیوی اس بات میں سچی ہے کہ شوہر نے اسے تین طلاقیں دی ہیں تو بیوی کے حق میں تینوں طلاقیں واقع ہوگئی ہیں لہٰذا بیوی کے لیے صلح یا رجوع کی گنجائش نہیں اور اگر بیوی غلط بیانی کررہی ہے تو کوئی طلاق نہیں ہوئی اور اس جھوٹ کا وبال بیوی پر ہوگا ۔
توجیہ: طلاق کے معاملہ میں عورت کی حیثیت قاضی کی طرح ہوتی ہے ، لہذا اگر وہ شوہر سے طلاق کے الفاظ خود سن لے ، یا اسے معتبر ذریعہ سے شوہر کا طلاق دینا معلوم ہوجائے ، تو وہ اپنے علم کے مطابق عمل کرنے کی پابند ہوتی ہے ، مذکورہ صورت میں بیوی کے بیان کے مطابق شوہر نے جب بیوی کو اکٹھی تین طلاقیں دی تھیں جسے بیوی نے خود سناتھا تو اس سے بیوی کے حق میں تینوں طلاقیں واقع ہوگئیں ۔
شامی(8/106) میں ہے:
قالوا لو ادعت أن زوجها أبانها بثلاث فأنكر فحلفه القاضي فحلف، والمرأة تعلم أن الأمر كما قالت لا يسعها المقام معه، ولا أن تأخذ من ميراثه شيئا ……….. وفي الخلاصة ولا يحل وطؤها إجماعا.
ردالمحتار(4/449)میں ہے:
والمرأة كالقاضي إذا سمعته أو أخبرها عدل لا يحل لها تمكينه.
فتاوی محمودیہ(13/298)میں ہے:
سوال:زید نے کہا تین مرتبہ”میں تمہیں طلاق دے چکا ہوں “زوجہ کا باپ لڑکی کو اپنے ہمراہ لے گیا،زید طلاق سے منکر ہےاورکہتا ہے کہ میں نے صرف یہ کہا تھا کہ اگر تم لے گئے تو میں طلاق دے دوں گا۔۔۔۔زوجہ الفاظ مذکور سابقہ کا خود سننا ظاہر کرتی ہےصورت مذکورہ میں طلاق واقع ہوئی یا نہیں؟اور نکاح جدید کس طرح ممکن ہے؟
جواب:جب عورت نے 3مرتبہ طلاق دینا خود سنا ہےتو پھر اس کے لیے زید کواپنے اوپر قدرت دینا جائز نہیں۔ جو جائز صورت بھی عورت کے قبضہ میں ہو زید سے بچنے کی اختیار کی جاوے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved