• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

حجامت وغیرہ میں استعمال ہونے والی مختلف قسم کی مشینیں مرمت کرنا

استفتاء

حجام کے کام میں استعمال ہونے والی مشینوں کی مرمت کا کاروبار کرنا جائزہے یا نہیں ؟ مثلاً شیونگ مشین کی مرمت ،بال خشک کرنے والی مشین کی مرمت ،بال سیدھے کرنے والی مشین کی مرمت ۔

وضاحت مطلوب ہے: شیونگ مشین کے کیاکیا استعمال ہیں ؟

جواب وضاحت:یہ مشین جس طرح شیو کرنے کے کام آتی ہے اسی طرح سر ،مونچھ ، زیر ناف اور زیر بغل  بالوں کے صاف  کرنے کے  کام بھی  آتی ہے ۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

سوال میں مذکور مشینوں کی مرمت کرنا جائز ہے ۔البتہ شيونگ مشين ميں احتیاط بہتر ہے۔

توجیہ:شیونگ مشین چونکہ متمحض للمعصیۃ (صرف گناہ کے کام میں استعمال ) نہیں ہوتی بلکہ اس کے جائز استعمال بھی ہیں  اور اسے گناہ کے کام میں استعمال کرنافاعل مختار(اسے استعمال کرنے والے)کا اپنا فعل ہے،اس لیے اس کو مرمت کرکے دینے کی گنجائش ہے البتہ عام طور سے  چونکہ اس کا استعمال گناہ کے کام میں ہوتا ہے اس لیے احتیاط بہتر ہے ۔اور بال خشك كرنے اور سیدھے کرنے والی مشین میں چونکہ کوئی معصیت نہیں ہے اس لیے ان کی مرمت کرنا بھی جائز ہے ۔

فتاوٰی محمودیہ(17/ 110)میں ہے:

ریڈیو نہ نجس ہے نہ حرام ،نہ حرام کام کے لیے اصالۃ بنایا گیا ہے ،جو لوگ اس کو ناجائز کام کے لیے استعمال کرتے ہیں  وہ اپنے فعل کے خودذمہ دار ہیں اس لیے اس کا بنانا اور بنا کر آمدنی حاصل کرنا حرام  نہیں ،نہ ایسی آمدنی حرام ہے ۔اس سے بہتر حلال روزی کی کوئی دوسری صورت ہو تو وہ مقدم ہے اس لیے کہ بکثرت لوگ اس کو لہو ولعب کے لیے استعمال کرتے ہیں لہذا اگر کوئی اس کی آمدنی سے احتیاط کرےتو بہتر ہے ۔

فتاوٰی مفتی محمود( 9/335)میں ہے:

ریڈیو پر چونکہ تلاوت کلام پاک ، خبریں اور درست مضامین بھی سنے جاسکتے ہیں۔اس لیے ریڈیو کا رکھنا یا مرمت کرنا حرام نہیں اور اس کی کمائی حلال ہے لیکن اس پر گانے وغیرہ غیر شرعی کلام کا سننا جائز نہیں۔مرمت کے وقت بھی گانے سننا جائز نہیں اگر اس کا اہتمام کیا جائے کہ غیر شرعی امور کا ارتکاب لازم نہ آئے تو اس کی مرمت میں کوئی حرمت نہیں اور کمائی میں بشرط نصاب و حولان حول زکوٰۃ واجب ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved