- فتوی نمبر: 31-210
- تاریخ: 18 دسمبر 2025
- عنوانات: عبادات > روزہ و رمضان > اعتکاف کا بیان
استفتاء
مسئلہ: اعتکاف کے لیے فجر کی نماز کے بعد اعتکاف کی جگہ بیٹھنا مسنون ہے۔
عن عائشة رضى الله عنها قالت: كان رسول الله صلى الله عليهو سلم اذا اراد ان يعتكف صلى الفجر ثم دخل معتكفه. رواه ابوداؤد وابن ماجه
حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ رسول اللہﷺ جب اعتکاف بیٹھنے کا ارادہ فرماتے تو فجر کی نماز پڑھ کر معتکف میں داخل ہوتے۔
پوچھنا یہ ہے کہ (1)اعتکاف میں بیٹھنے کا ٹائم 21ویں شب کو ہے یا 21ویں کی فجر کو ؟اور (2)کسی کو چھوڑنے کے لیے مسجد سے باہر تک جانے کی اجازت ہے؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
1۔اعتکاف میں بیٹھنے کا وقت 21ویں شب شروع ہونے سے پہلے ہے یعنی 20 روزے کو سورج غروب ہونے سے پہلے اعتکاف کی جگہ میں آدمی داخل ہوجائے ۔ باقی رہی مذکورہ حدیث تو اس میں فجر کا ذکر تو ہے لیکن 21 ویں کی فجر کا ذکر نہیں اس لیے علماء فرماتے ہیں کہ ممکن ہے کہ آپﷺ مزید اہتمام کے پیش نظر 20ویں کی فجر کے بعد ہی اعتکاف میں بیٹھ جاتے ہوں اور ایسا کرنے میں شرعا ً کوئی ممانعت نہیں بلکہ یہ تو نیکی کے کام میں مزید جلدی کرنا ہے جو شرعاً مطلوب بھی ہے۔
2۔ نہیں۔
بذل المجہود ميں ہے:
وأجاب القاضي أبو يعلى من الحنابلة يحمل الحديث على أنه كان يفعل ذلك في يوم العشرين، ليستظهر ببياض يوم زيادة قبل العشر.
قلت: وهذا الجواب هو الذي يفيده النظر في أحاديث الباب فهو أولى، وبالاعتماد أحرى.
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved