• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

عدت پوری کروانا سسرال والوں کے ذمے نہیں، جی پی فنڈ کی تقسیم کا طریقہ کار

استفتاء

شادی کے بعد لڑکے اور لڑکی کی آپس میں بالکل نہیں بن رہی تھی۔ لڑکی کاد ل بالکل نہیں لگتا تھا۔ کچھ دنوں بعد اس کے والد کی طبیعت خراب ہوگئی۔ اور وہ لڑکی اپنے گھر چلی گئی اور بعد میں اس کے والد کا  انتقال ہوگیا۔ لڑکی واپس آگئی اپنے میکے سے کچھ  دن رہ کر۔ پھر بھی اس کا رویہ اپنے سسرال میں اچھا نہیں تھا۔ کچھ دنوں کے بعد لڑکی کی والدہ کا فون  آیا کہ اسے میرے پاس بھیج دیں، میری عدت ختم ہونے لگی ہے، میں نے اس کے ساتھ اپنے رشتہ داروں کو ملنے جانا ہے۔ لڑکی کو بھیج دیا مگر وہ چار ماہ تک بغیر کسی وجہ کے واپس نہ آئی۔ پھر بہت مشکل سے اس کے گھر والوں کی باتیں سن کر بھی اسے واپس سسرال لے آئے، مگر وہ پھر تھوڑے دن بعد واپس چلی گئی۔ اس کا خاوند بہت شدید بیمار تھا اور اس نے اس خاوند کی بالکل بھی تیمار داری نہ کی، اور الٹا اسے طعنے تشنے دیتی تھی۔

اس کے گھر سے جانے کے ایک ماہ چار دن بعد اس کے خاوند کا انتقال ہوگیااور جب وہ گھر آئی تو اس کی ساس نے اسےکچھ بھی نہ کہا۔ لیکن لڑکی کی والدہ نے جب اپنی سمدہن سے کہا کہ ہم ایک رات رک سکتے ہیں تو انہوں نے جواب میں کہا  کہ تم ایک  منٹ بھی نہیں ٹھہر سکتی یہاں گھر میں جوان مرد ہیں، میں کوئی الزام نہیں لگوانا چاہتی۔ اور وہ لڑکی چلی گئی بعد میں یہ بات سامنے آئی کہ اس لڑکی کا اپنے ماموں زا د بھائی کے ساتھ بہت گہرا تعلق تھااور وہ اس سے شادی کرنا چاہتی تھی۔ اور وہ اب بھی اسی کے گھر رہ رہی ہے۔

سوال یہ ہے کہ کیا لڑکی کی عدت پوری کرانا سسرال والوں پر فرض ہے۔ اور آیا اس حالت میں  اسے گھر میں رکھنا مشکل تھا کیونکہ اس سے شر کا اندیشہ تھا، تو کیا حکم ہے شریعت کا اس بارے میں؟

2۔ اگر کسی لڑکے کا انتقال ہوگیا ہو اور اس کی بیوی کا اس کے ساتھ رویہ سابقہ مسئلے جیسا ہو اور اس کی کوئی اولاد وغیرہ بھی نہ ہو تو اس کو اس کی کمپنی سے ملنے والی رقم کا حق کس پر ہوگارسول اللہ ﷺ کی شریعت کے مطابق ؟ جبکہ لڑکے نے یہ بات پنی کمپنی کے مالک کو کہہ دی ہو کہ میرے جانے کے بعد میری بقیہ ملنے والی رقم پر میری والدہ  کاحق ہوگا صرف۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1۔  عدت پوری کرنا عورت کے ذمہ ہے۔ عورت جب پہلے ہی سے شوہر کی خوشی کے بغیر ایک ماہ چار دن سے اپنی ماں کے گھر رہ رہی تھی تو عدت بھی اپنی ماں کے گھر پوری کرے۔

العدة شرعاً يلزم المرأة. ( شامی: 5/ 180 )

2۔ جی۔ پی فنڈ کی رقم یا کوئی ایسی رقم جو کمپنی کی اعانت کی نہ ہو وہ بیوی سمیت تمام وارثوں میں تقسیم ہوگی۔ اور وہ رقم جو بیوہ کے لیے ہو وہ بھی بیوہ کو ملے گی۔  اعانت کی کوئی اور صورت ہو تو صرف اس میں بیوہ کا حق نہ ہوگا۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved