- فتوی نمبر: 30-63
- تاریخ: 04 جنوری 2024
- عنوانات: مالی معاملات > آن لائن کمائی > مروجہ آن لائن کمپنیاں
استفتاء
انٹر نیشنل برانڈ اسائنمنٹ ورک (INTERNATIONAL BRAND ASSIGNMENT WORK)
تفصیلات:روزانہ آپ کو آپ کی انویسٹمنٹ کے حساب سے آپ کے واٹس ایپ پر اسائنمنٹ دی جائیں گی۔اسائنمنٹ کا ٹاپک ہم خود دیں گے آپ کو اسے دیکھ کر لکھنا ہو گا جو ہم ٹاپک دیں گے وہ سائنس کے متعلق انگلش کے کسی مضمون کے متعلق ہو سکتے ہیں یا میڈیا کےمتعلق بھی ہو سکتے ہیں اور کالج اور یونیورسٹی کی اسائنمنٹ بھی ہوسکتی ہے۔ جو ہم ٹاپک دیں گے انہیں آپ رجسٹر کے صفحہ پر لکھ کر اپنے موبائل سے پکچر (تصویر) بنا کر سینڈ کر سکتے ہیں اس کہ علاوہ موبائل پر بھی لکھ سکتے ہیں اور کمپوٹر پر MS Word پر بھی آپ لکھ کر ہمیں بھیج سکتے ہیں۔
Investment Details (انویسٹمنٹ کی تفصیلات)
پیکج نمبر 1: رجسٹریشن فیس 300 روزانہ کی کمائی 30 روپے اور روزانہ کی ایک شیٹ ملے گی۔
پیکج نمبر 2: رجسٹریشن فیس 500 روزانہ کی کمائی 50 روپے اور روزانہ کی ایک شیٹ ملے گی۔
پیکج نمبر 3: رجسٹریشن فیس 700 روزانہ کی کمائی 70 روپے اور روزانہ کی ایک شیٹ ملے گی۔
پیکج نمبر 4: رجسٹریشن فیس1000 روزانہ کی کمائی 100 روپے اور روزانہ کی ایک شیٹ ملے گی۔
پیکج نمبر 5: رجسٹریشن فیس1300 روزانہ کی کمائی 130 روپے اور روزانہ کی ایک شیٹ ملے گی۔
کیا یہ کام کرناجائز ہے ؟
نوٹ: اصل فیس ناقابلِ واپسی ہے۔
تنقیح:کمپنی کی طرف سے تیار شدہ اسائنمنٹ دی جاتی ہے جس کو رجسٹر کے صفحے پر لکھ کر یا کمپوزنگ کی صورت میں واپس کرنا ہوتا ہے۔ از خود کچھ اضافہ کرکے نہیں دینا ہوتا بلکہ ہوبہو بھیجنا ہوتا ہے۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ طریقے سے کمائی کرنا جائز نہیں ہے ۔
توجیہ:ہماری معلوما ت کے مطابق عام طور پر یہ کمپنیاں جو اسائنمنٹ لکھنے کے لیے دیتی ہیں ان سے کمپنی کا اپنا کوئی فائدہ نہیں ہوتا بلکہ اصل مقصود صرف اتنا ہوتا ہے کہ لوگوں کو اطمینان رہے کہ ہم کچھ کر کے کما رہے ہیں اسی لیے رجسٹر پر لکھ کر اس کی تصویر یا کمپوزنگ بھی کافی ہوتی ہے جبکہ اس حالت میں تو وہ پہلے سے کمپنی کے پاس موجود ہوتی ہے اس سے معلوم ہوا کہ کمپنی کا اس سے کوئی فائدہ وابستہ نہیں لہذا یہ اجارہ ہی نہیں بنتا بلکہ رجسٹریشن کے نام پر جو فیس جمع کروائی جاتی ہے وہ زائد پیسوں کے ساتھ واپس ملتی ہے جو کہ سود ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved