• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

انٹرنیٹ پر فائیور کے ذریعے کام کی حیثیت

استفتاء

انٹرنیٹ پر فائیور (Fiverr) کے نام سے ایک ویب سائٹ/ فورم ہے۔ اس ویب سائٹ کا بنیادی مقصد خدمات حاصل کرنے والوں اور خدمات مہیا کرنے والوں کے درمیان رابطہ فراہم کرنا ہے۔ مثلاً امریکہ میں بیٹھے ایک آدمی نے اپنا وزیٹنگ کارڈ  ڈیزائن کروانا ہے۔ وہ بجائے اس کے کہ مارکیٹ جائے اور ڈیزائنر سے بات کرے اس کی بجائے وہ فائیور پر آتا ہے، یہاں خدمات فراہم کرنے والوں نے اپنی اپنی آفریں لگا رکھی ہوتی ہیں، جسے اصطلاح میں  گگ (Gig) کہا جاتا ہے۔ اگر تو پہلے سے لگی ہوئی کوئی آفر اسے پسند آجائے تو وہ اسے آرڈر کر دیتا ہے۔ ڈیزائنر کام کر کے اسے فراہم کر دیتا ہے۔ کام کا وقت بھی طے ہوتا ہے کہ اتنے دنوں میں کام کرنا ہے۔ اور اجرت بھی مثلاً پانچ ڈالر طے ہوجاتی ہے۔ کام کی نوعیت، اجرت اور وقت وغیرہ سے فائیور کا کوئی تعلق نہیں ہوتا، یہ فریقین کا اپنا مسئلہ ہے۔ اگر گاہک کو کام پسند آگیا اور اس کے معیار پر پورا ہوا تو وہ پانچ ڈالر  Fiverr کمپنی کو دے دے گا۔ فائیور اس میں سے ایک ڈالر اپنی کمیشن کا رکھتی ہے اور چار ڈالر ڈیزائنر کو دیدیتی ہے۔ ان پیسوں کی منتقلی امریکہ میں براہ راست اکاؤنٹ میں ہو جاتی ہے اور باہر کی دنیا کے لیے پے پال وغیرہ کسی ذریعے سے کروانی پڑتی ہے۔ پے پال بھی اس میں سے خاص تناسب سے  اپنی فیس کاٹتا ہے۔

ڈیزائن کی ہوئی چیز کی ایک اصل فائل  (Source fife) ہوتی ہے، جس کے ذریعے اسے بعد میں تبدیل وغیرہ کیا جا سکتا ہے۔ جیسے مثلاً کورل میں کام کیا ہو تو ایک کورل کی فائل ہو گی، اور ایک عام تصویری فائل ہو گی (jpge)۔ اگر گاہک کو سورس فائل مطلوب ہو تو وہ درخواست کر لیتا ہے اور پھر اس کے کام کاریٹ بھی زیادہ ہوتا ہے۔ یعنی سورس فائل آپشنل ہوتی ہے، لازمی نہیں۔

اگر ڈیزائنر اچھا کام کرے اور اس کا گاہک اس سے مطمئن ہو تو فائیور والے اس حساب سے اس کی مقبولیت ظاہر کرنے کے لیے سٹار لگا دیتے ہیں۔ جس کی بناء پر بعد میں لوگ اس ڈیزائنر پر زیادہ اعتماد کرتے اور اسے زیادہ کام دیتے ہیں۔

فائیور کی ڈیزائنر کے ساتھ لگائی ہوئی شرائط میں سے ایک شرط یہ بھی ہوتی ہے کہ تم گاہک سے براہ راست رابطہ پیدا کرنے کی کوشش نہیں کروگے۔

ڈیزائننگ کے کام میں تصویر اور میوزک سے متعلق بھی کام ہو سکتا ہے۔

آرڈر کے وقت فائیور کل رقم اپنے پاس جمع کر لیتا ہے جس میں سے دس فیصد کٹوتی بھی ہوتی ہے، اور باقی رقم محفوظ رکھتا ہے۔ اگر ڈیزائنر وقت پر مطلوبہ کام کر دے تو ٹھیک ورنہ اس ڈیزائنر سے معاملہ ختم ہو جاتا ہے اور کسٹمر کسی دوسرے ڈیزائنر سے رابطہ کر لیتا ہے۔

سوالات:

(1) کیا فائیور کے ساتھ ایسا معاملہ کرنا درست ہے؟

2۔  فائیور کی طرف سے 20 فیصد کٹوتی درست ہے؟

3۔ فائیور کی طرف سے گاہک سے 10 فیصد کٹوتی درست ہے؟

4۔  پے پال کی فیس کٹوتی جائز ہے؟

5۔  براہ راست رابطے والی شرط کی پابندی نہ کرنے کا کیا حکم ہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1۔ مذکورہ صورت میں فائیور کی حیثیت دلال (Broker) کی ہے کیونکہ فائیور کسی ایک فریق کی نمائندگی نہیں کرتا بلکہ دونوں فریقوں کے درمیان رابطے کا کام سر انجام دیتا ہے۔ یہ ایسے ہی ہو گا جیسے ایک آدمی دکان بنائے اور مختلف صانعین کے رابطے اس کے پاس ہوں، اس کےپاس جب کام کروانے کے لیے گاہک آئے تو وہ اس گاہک کو متعلقہ صانع تک رسائی دے دے۔

بروکر معاملے کے فریقین سے تناسب کے ساتھ یا متعین اجرت لے سکتا ہے۔

2۔ ڈیزائنر سے 20 فیصد کٹوتی درست ہے۔

3۔ گاہک سے بھی دس فیصد کٹوتی درست ہے۔

4۔ پے پال کی طرف سے کٹوتی درست ہے۔ یہ ان کی خدمت کا عوض ہے۔

5۔  اپنے کیے ہوئے وعدے کا تقاضا یہ ہے کہ براہ راست رابطے کی پابندی کی جائے۔۔۔۔۔۔ فقط و اللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved