• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

اسلام اوردین کی خدمت کےلیے یوٹیوب چینل بنانے کاحکم

استفتاء

مفتی صاحب میں یوٹیوب پر ایک چینل بنانا چاہتا ہوں جس میں میں اسلام اور دین کی خدمت کرنا چاہتا ہوں کیا میرے لیے یہ ویڈیو بنانا شرعاً درست ہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

آج کل کے دور میں دین اور اسلام کی خدمت کرنے کے لئے ایک عام مسلمان کے لئے بہترین اور مؤثر ذریعہ تبلیغی جماعت ہے ،جس کے فوائد کسی سے مخفی نہیں ہیں ،اس کے بجائے یوٹیوب کے ذریعے اب تک اسلام کے لیے کی جانے والی خدمت کے واضح شواہد سامنے نہیں آئے ،البتہ متعدد خرابیاں ضرور سامنے آئی ہیں۔مثلا:

1.ویڈیوز اگر جاندار کی تصاویر والی ہو ں تو ہماری رائے میں ویڈیوز میں جاندار کی تصاویر کی خرابی ہے۔

  1. یوٹیوب والے دینی ویڈیوز سےقبل یا بیچ میں اپنی مرضی کے اشتہارات چلاتے ہیں جو کسی بھی طرح کے ہو سکتے ہیں۔

3.یوٹیوب پر دینی خدمت کے مواد کے مقابلے میں دین کے مخالف مواد کہیں زیادہ ہے جو یوٹیوب پر آنے والے لوگوں کو چاہےنہ چاہےدیکھنا پڑتا ہے۔

لہذا دینی خدمت کے جذبے سے چینل کھولنے والے کی دعوت پر اگرکوئی شخص یوٹیوب سے وابستہ ہوتا ہے تو اس کے دینی فائدے کے بجائے دینی نقصان کا غالب گمان ہے،ایسی صورت میں دینی چینل دینی فائدے کے بجائے دینی نقصان کا ذریعہ ہوگا اور بالکل الٹ نتیجہ دے گا ،لہذا دین اور اسلام کی خدمت کرنے کے لیے یکسوئی کے ساتھ تبلیغی جماعت کے ساتھ لگیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved