• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

جعلی مقبولیت حاصل کرکے فیس بُک پیج کے ذریعے کمائی کرنا

استفتاء

) ہم  فیس بک کے ذریعے سے کمائی کرتے ہیں ،کمائی اشتہارات کے ذریعے سے ہوتی ہے ،فیس بک کے ذریعے سے کمائی کرنے کے لیے ضروری ہے کہ فیس بک پر آپ کے دس ہزار(10000)فالوورز ہوں اور آپ کی مختلف ویڈیوزکو کو لوگ 10ہزار گھنٹوں تک دیکھ چکے ہوں(یعنی اس کا واچ ٹائم 10ہزار گھنٹے ہو)،پاکستان  میں فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے کمائی نہیں کی جاسکتی ،اس لیے میں نے یورپ میں موجود اپنے کزن کی آئی ڈی سے پیج بنایا ہے اور بینک اکاؤنٹس وغیرہ اسی کے استعمال کررہاہوں، فالوورز حاصل کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ ہم ایک کمپنی کو 1000روپے دیتے ہیں وہ ہمارے پیج پر دس ہزار فالوور مہیا کردیتے ہیں ۔

واچ ٹائم پورا کرنے کے لیے یہ ضروری ہوتا ہے کہ ایسی آئی ڈی سے ویڈیو دیکھی جائے جوکہ پرانی ہویعنی ایسا نہ ہو کہ آپ دھڑا دھڑ نئی آئی ڈیز بنائیں اور اس کے ذریعے سے ویڈیوز دیکھ کر واچ ٹائم پورا کریں ،وہ یہ چاہتے ہیں کہ حقیقی آئی ڈیز سے ویڈیوز دیکھی جائیں اس لیے وہ یہ شرط لگاتے ہیں ،پرانی آئی ڈیز حاصل کرنے کے لیے ہم یہ کرتے ہیں کہ  جو آئی ڈیز زیادہ دیر سے استعمال نہ ہوئی ہوں یا بند ہوگئی ہوں تو ہم ایک سافٹ وئیر کے ذریعے ایسی آئی ڈیز کے پاسورڈ کھولتے ہیں اور ان کے ذریعے سے ہم اپنا واچ ٹائم پورا کرتے ہیں ،ہم اس کے لیے کسی کا وقت ضائع نہیں کرواتے تاکہ فضول وقت کسی کا ضائع نہ ہو ۔اس کے بعد ہم پیج کو مونوٹائز کرتے ہیں یعنی شرائط کو پورا کرکے ہم ان سے درخواست کرتے ہیں کہ آپ ہماری ویڈیوز پر اشتہارات لگائیں تاکہ ہم کمائی کرسکیں،اور اس کے لیے پیج کو مونوٹائز کرکے  اس پر یوٹیوب سے ویڈیو لیتے ہیں اور اس میں کچھ ایڈٹنگ(تبدیلی)کرکے اس کو اپنے فیس بک پیج پر ڈالتے ہیں اورجب  اس ویڈیو پر اشتہارات چلتے ہیں تو ہمیں اس کے عوض پیسے ملتے ہیں ،چونکہ یہ ویڈیو ہم نے کسی اور  کے یوٹیوب چینل سے ڈاؤنلوڈ کی  ہوتی ہے اس لیے ہمیں اس ویڈیو کو اپنے پیج سے ڈیلیٹ کرنا پڑتا ہے تاکہ فیس بک کی انتظامیہ کو پتا نہ لگ جائے کہ یہ ویڈیو کسی اور کی ہے اور اگر پتا لگ جائے تو وہ ہمیں کاپی رائٹ کی سٹرائیک بھیج دیتے ہیں ،اور کبھی ہمارا پیج بھی بند کردیتے ہیں۔

2) کمائی کا دوسرا طریقہ یہ ہوتا ہے کہ کبھی ہم مونوٹائز کرنے سے پہلے  پیج فروخت کردیتے ہیں اور کبھی مونوٹائز کرکے فروخت کرتے ہیں ،کیا اس طرح فیس بک کے پیجز کو فروخت کیا جاسکتا ہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1،2) سوال میں مذکورہ طریقوں سے کمائی کرنا مندرجہ ذیل وجوہ سے ناجائز ہے:

۱)جعلی طریقوں  سے 10000فالوورز حاصل کیے جاتے ہیں اور واچ ٹائم پورا کیا جاتا ہے۔

ب)دوسروں کی آئی ڈیز ان کی اجازت کے بغیر استعمال کی جاتی ہیں جوکہ غلط بیانی اور دھوکہ دہی ہے۔

ج) دوسروں کی ویڈیوز یو ٹیوب سے ڈاؤنلوڈ کر کے اپنے پیچ پر لگا کر کمائی کی جاتی ہے  جبکہ فیس بک والوں کی طرف سے اس کی  اجازت نہیں ہوتی یہ بھی  دھوکہ دہی کی صورت ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved