استفتاء
ایک مارکیٹ کے دو نوجوان آدمی ہیں وہ لوگ نماز نہیں پڑھتے ۔میں نے ان کو کئی دفعہ نماز پڑھنے کیلئے کہا ہے پھر بھی وہ آدمی نماز نہیں پڑھتے ہیں ۔آپ اسلام کی روح سے یعنی ہمارا مذہب اس بارے میں کیا کہتا ہے یعنی نماز نہ پڑھنا کتنا بڑا گناہ ہے ۔ ذرا تفصیل سے لکھیں تا کہ انکو پڑھایا جائے ۔وہ آدمی آپ کا لکھا پڑھ کر نماز شروع کر دیں ۔ اللہ پاک ان کو نماز پڑھنے کی توفیق نصیب فرمائے۔آمین
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
نماز اسلام کا ایک اہم رکن ہے حتیٰ کہ ایمان کے بعد سب سے اہم فریضہ نماز ادا کرناہے ۔ نماز پڑھنا درجات کی بلندی کا اور گناہوں کی مغفرت کا سبب ہے اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کا ذریعہ ہے اور اسی طرح نماز نہ پڑھنا اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کا سبب ہے اور سخت گناہ کا کام ہے ۔ حتیٰ کہ احادیث میں ایمان اور کفر کے درمیان نماز کو فرق بتلایا ہے اور نماز نہ پڑھنے والے کا حشر فرعون،ہامان ،قارون اور ابی ابن خلف کے ساتھ بتلایا ہے جو بڑے درجے کے کافر تھے نیز نماز نہ پڑھنا روزی میں بے برکتی اور زندگی میں مختلف قسم کی پریشانیوں کا ذریعہ ہے اس لیئے ان نوجوانوں کو چاہیے کہ کم از کم پانچ وقت کی نماز کا اہتمام کریں ۔ تاکہ دنیا و آخرت میں کامیابی و سرخروئی حاصل ہو۔فقط واللہ تعالیٰ اعلم
دعا کیلئے سجدہ کرنا
1۔ نماز سے باہر سجدہ تلاوت کے علاوہ صرف دعا کیلئے سجدہ کرنا کیسا ہے ؟ اگر جائز نہیں تو حدیث شریف میں آیا ہے کہ جو سجدہ میں یا رب اغفرلی تین مرتبہ کہے گا اللہ تعالیٰ اس کے اگلے پچھلے گناہ معاف فرما دیتے ہیں اس کا کیا مطب ہے؟
2۔ بعض لوگ کہتے ہیں کہ رات کو جس وقت بھی آنکھ کھلے سر بسجود ہو کر دعا کرے تو کیا اس طرح سجدہ کرنا جائز ہے جبکہ سونے کے بعد وضو کا اعتبار نہیں رہتا۔
3۔ سجدہ میں اپنی زبان اردو ،پنجابی وغیرہ میں دعا مانگنا کیسا ہے ؟
الجواب و منہ الصدق والصواب
1-2-3 واضح رہے کہ دعا کیلئے سجدہ مکروہ ہے عام طریقے سے دو نفل پڑھیں پھر دعا کریں یہ اصل ہے۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved