• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

جانوروں کی خریدوفروخت

استفتاء

سوال: کیا تجارتی بنیادوں پر اینمل ہاؤس(Animal House) قائم کیا جاسکتاہے؟

اس (Animal House) کی تفصیلات کچھ اس طرح ہیں کہ اس ہاؤس میں ابتدائی طور پر دوقسم کے جانوروں کی افزائش نسل کی جائے گی ایک قسم(Mice) چھوٹے چوہے  اور دوسری قسم ( Rats)بڑے چوہے ہیں  اس قسم کے  (Animal House) کے قیام کا مقصد مختلف ریسرچ اداروں مثلاً پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کالجوں اور مختلف یونیورسٹیوں کے( Zoology)اور (Physiology) ڈیپارٹمنٹس میں ایم۔ فل ،  پی ۔ایچ ۔ڈی کر نے والے طلباء کواپنے ریسرچ  تھیسس کی تیاری کے لئے ان جانوروں کو مہیا کرناہے اور اس ریسرچ کا مقصد میڈیکل سائنس کی ترقی ہوتاہے جس کا فائدہ براہ راست انسان کو ہوتاہے۔

عام طور پراپنے تجربات کے دوران یہ طلباء ان جانوروں پر مختلف قسم کی ادویات کے اثرات کا تجربہ کرتے ہیں اوراس تجربہ  کے ذریعہ بالواسطہ انداز سےان   ادویات کے انسانی جسم  پر اثرات کوجانچا جاتاہے  ۔اس کے علاہ اس کا مقصد مختلف انسانی اعضاء کی کارکردگی Functionally  مثلاً گردوں ، جگر ، دل کی کارکرگی (مطلب Human Physiology) کا مطالعہ بھی ہوتاہے  ۔

ان جانوروں کی افزائش کے لئے بہترین انتظامات کیے جاتے ہیں ، انتہائی صحت مند ماحول  جو کہ جراثیم سے پاک ہو ان کو مہیا کیا جاتا ہے ۔سردیوں میں سردی سے بچاؤ کے لئے ہیٹر کا انتظام کیا جاتاہے اور گرمیوں میں ٹھنڈک کے لئے اے ، سی کا انتظام کیا جاتاہے ۔ان جانوروں کی  پیدائش کے لئے بہتریں خوراک دی جاتی ہے ۔

تجربات کے دوران ادویات کے اثرات کی وجہ سے بعض اوقات یہ جانور ہلاک بھی ہو جاتے ہیں بعض ادویات کے اثرات کو جانچنے کے لئے ان جانوروں کے دل سے براہ راست خون لیاجاتا ہے جس کی وجہ سے یہ جانور فوری  طور پر ہلاک ہوجاتے ہیں۔بعض اوقات ان جانوروں کا وزن بڑھ جاتاہے یہ نہ تو پہلے  کسی ٹیسٹ  میں استعمال  ہوئے تھے اور وزن کے زیادہ ہوجانے کی وجہ سے نہ آئندہ ہوسکتے ہیں۔  ایسی صورت میں ان جانوروں کا کوئی استعمال نہیں رہتا اور مجبوراً ان جانوروں کو زہر دیکر  ہلاک کردیا جاتاہے۔ مندرجہ بالاتفصیلات کو مد نظر رکھتے ہوئے علماء کرام کیافرماے ہیں اس کام کے جائز یا ناجائز ہونےکے بارے میں؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

ان جانوروں کی فروخت  جائز ہے ۔لیکن چونکہ جن چیزوں اور جانوروں میں آدمی رہے ان کے اثرات آدمی  میں آتے ہیں اسلئے ان جانوروں کو  باقاعدہ  پالنا کچھ اچھی بات نہیں ہے ۔فقط واللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved