• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

جھاڑو والے کی مزدوری

استفتاء

غلہ منڈی میں زمیندار کے مال کا جب مزدور ڈھیر لگاتے ہیں اور پھر بوریوں میں بھرتے ہیں، اس دوران مونگ پھلی اِدھر اُدھر بکھرتی ہے۔ منڈی میں جھاڑو والے بھی ہوتے ہیں جو مونگ پھلی کو بکھرنے نہیں دیتے بلکہ جھاڑو کے ذریعے اکٹھا کرتے رہتے ہیں۔ اور ایسا کرنے کی واقعة ضرورت بھی ہوتی ہے۔ یہ جھاڑو کا کام مرد بھی کرتے ہیں اور عورتیں بھی۔ اس جھاڑو والے کو کام کی اجرت اس طرح دی جاتی ہے کہ آخر میں تھوڑی سی مونگ پھلی اس کے لیے رہنے دی جاتی ہے جو تقریباً ایک دو کلو ہوتی ہے۔ مونگ پھلی چونکہ مہنگی آئٹم ہے اور 100 روپے کلو کے حساب سے بک جاتی ہے تو جھاڑو والا گویا کہ 200,100 کما لیتا ہے۔ مال چونکہ بوریوں میں بند ہونے کے بعد تولنا ہوتا ہے، اس لیے یہ مزدوری بھی زمیندار کے مال سے ہی ہوتی ہے البتہ بعد میں اگر خریدار آڑھتی آگے فروخت کرنے کے لیے ڈھیر لگائے تو اب جھاڑو والے کی مزدوری آڑھتی کے مال سے شمار ہو گی۔

جھاڑو والے سے مزدوری ابتداء ًطے نہیں ہوتی اور نہ ہی باقاعدہ اس سے کوئی معاملہ ہوتا ہے۔ اکثر زمینداروں کو تو اس کا علم بھی نہیں ہوتا کہ اس کے مال میں سے کٹوتی کیوں اور کتنی کی جا رہی ہے؟ البتہ پوری منڈی میں یہ عرف ہے کہ جب ڈھیر لگایا جاتا ہے تو ایک جھاڑو والا خدمت کرتا ہے اور اس کے بدلے آخر میں تھوڑی سی مونگ پھلی اس کے لیے چھوڑ دی جاتی ہے۔ بعض حضرات کا کہنا ہے کہ یہ زمیندار کی مرضی پر موقوف ہوتا ہے چاہے تو دے دے، چاہے نہ دے۔ بعض زمیندار ایسے بھی ہوتے ہیں جو مونگ پھلی کا ایک دانہ بھی نہیں دیتے اور بعض جھولی بھر کر بھی دے دیتے ہیں۔

1۔          کیا منڈی کے عرف کی وجہ سے باقاعدہ طور پر کوئی معاملہ طے کیے بغیر جھاڑو والے سے کام لینا درست ہے؟

2۔          آخر میں تھوڑی سی مونگ پھلی جس کی مقدار معلوم نہیں ہوتی مزدور کے لیے بطور جھاڑو والے کے لیے بطور مزدوری چھوڑنا درست ہے ؟

3۔          کیا جھاڑو والے کے کام کو زمیندار کے علم میں لانا ضروری ہے ؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

(1) جب پوری منڈی میں اس کا عرف ہے تو پھر باقاعدہ طے کئے بغیر بھی جھاڑو والے سے کام لینا درست ہے۔

(2) منڈی کے عرف کے مطابق ایک دو کلو مونگ پھلی جھاڑو والے کی مزدوری کے طور پر چھوڑنا درست ہے اگرچہ اس چھوڑی ہوئی مونگ پھلی کی مقدار حتمی طور پر طے نہیں ہوتی لیکن چونکہ عموما یہ ایک دو کلو ہی ہوتی ہے اور کسی نزاع کا باعث بھی نہیں بنتی اس لئے اتنی جہالت کی گنجائش ہے۔

(3) آڑھتی چونکہ زمیندار کا وکیل اور ایجنٹ ہے اس لئے آڑھتی کے علم میں ہونا کافی ہے۔ زمیندار کے علم میں لانا ضروری نہیں ہے۔

درر الحکام: (١/٥١) المادة:٤٣

 المعروف عرفاً کالمشروط شرطاً……………… والله تعالیٰ أعلم بالصواب

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved