• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

جمعہ جاری کے متعلق سوال

استفتاء

السلام علیکم ورحمۃ الله وبرکاتہ

عرض ہے کہ ہمارے گاؤں میں 2 مسجدیں ہیں  ایک میں جمعہ اور عیدین ہوتی ہے،  ہمارے گاؤں میں تقریبا 40 گھر ہیں مسجد کے اندر  بریلوی امام ہیں جو کہ 40 سال سے امامت کروا رہے ہیں،اب اس کے ساتھ ایک حافظ صاحب ہیں جو جہری نماز پڑھاتے ہیں اور سری نمازیں امام صاحب پڑھاتے ہیں،ہمارے گاؤں میں دو دکانیں ہیں، ہمارے اور دوسرےگاؤں کے درمیان سات ایکڑ کا فاصلہ ہے،  ضرورت کا سامان دوسرے گاؤں سے لاتے ہیں، زیادہ لوگ بریلوی امام کے ساتھ ہیں،اگر وہ ہاں پرجمعہ بند کرواتے ہیں تو لوگوں کے درمیان فتنہ پیدا ہونے کاخدشہ ہے، اس سے پہلے بھی وہاں جمعہ بند کروایا تھا تودوچار آدمی دوسرے گاؤں میں جمعہ کے واسطے جاتے تھے اور اس پربریلوی امام نے وہاں پر دوسری مرتبہ جمعہ شروع کروا دیا۔

اب وہاں پر حافظ صاحب جمعہ اور عیدین پڑھاتے ہیں جو دیوبندی ہیں اگر وہاں پر جمعہ اور عیدین کو بند کروادیں تو وہ امام صاحب جو کہ بریلوی ہیں پھردوسری مرتبہ جمعہ شروع کر دیں گے، اس کے بارے میں فتوی لینا چاہتے ہیں، اس میں آپ حضرات کا کیا فتویٰ ہے۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ حالات میں اس گاؤں میں جمعہ بند نہیں کرناچاہیے۔

توجیہ :مذکورہ گاؤں اگرچہ نہ شہر ہے اور نہ بڑا قصبہ ،جس کی وجہ سے فقہ حنفی کی رو سے اس گاؤں میں جمعہ درست نہیں۔ لیکن شہر یا قصبہ کی شرط مجتہد فیہ(یعنی ائمہ کےدرمیان اس میں اختلاف) ہے اور مام شافعی ؒ کے نزدیک چالیس مردوں کا ہونا بھی جمعہ قائم کرنے لیے کافی ہے اور مذکورہ گاؤں میں کافی عرصہ سے جمعہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے لوگ جمعہ پڑھنے کے عادی بھی ہوچکے ہیں اور لوگوں کو ان کی عادت سے ہٹانے میں اچھا خاصا حرج ہے لہذا بگڑنے کا قوی اندیشہ ہے اورفتنہ پیدا ہونےکابھی خطرہ ہے۔اس لیے امام شافعی ؒ کے قول کے پیش نظر اس گاؤں میں جمعہ کروانا جائز ہے۔

1۔فی بدائع الصنائع (583/1)

واما المصر الجامع فشرط وجوب الجمعۃ وشرط صحۃ ادائھا عند اصحابنا حتی لاتجب الجمعۃ الا علی اھل المصر ومن کان ساکنا فی توابعہ وکذا لایصح اداء الجمعۃ الافی المصر وتوابعہ فلاتجب علی اھل القری التی لیست من توابع المصر ولایصح اداء الجمعۃ فیھا

2۔وایضا فیہ

وروی عن ابی حنیفۃ ؒانہ بلدۃ کبیرۃ فیھا سکک واسواق ولھا رساتیق وفیھا وال یقدر علی انصاف المظلوم من االحاکم وعلمہ او علم غیرہ والناس یرجعون الیہ فی الحوادث وھو الاصح(585/1)

3۔وفی کتاب الام (350/1)

قال الشافعی ؒ۔۔۔۔۔۔۔عن عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبۃ قال کل قریۃ فیھا اربعون رجلا فعلیھم الجمعۃ۔

4۔وایضا فیہ

قال الشافعیؒ۔۔۔۔۔ان عمر بن عبدالعزیز کتب الی اھل المیاہ فیما بین الشام الی مکۃ جمعو ا اذا بلغھم اربعین رجلا۔۔۔۔۔۔۔۔(350/1)

وایضافیہ :

قال الشافعی ؒ۔۔فاذاکان من اھل القریۃ اربعون رجلا ۔۔۔ان علیھم الجمعۃ فاذا صلوا الجمعۃ اجزأتھم ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔(350)

وایضا فیہ:

قال الشافعی ؒ سمعت عددا من اصحابنا یقولون تجب الجمعۃ علی اھل دار مقام اذا کانوا اربعین رجلا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔(349)

وفیہ ایضا:

ولو کثر اھل المسجد من قوم مارین او تجار لایسکنونھالم یکن لھم ان یجمعوا اذا کم یکن معھم من اھل البلد المقیمین بہ اربعون رجلا بالغا ۔۔۔۔(350)

وفیہ ایضا:

وفیہ قال الشافعی ؒ ولااحب  فی الاربعین الا من وصفت علیہ فرض الجمعۃ من رجل حر بالغ غیر مغلوب علی عقلہ مقیم لا مسافر۔۔۔۔۔۔(351)

(کفایت المفتی 248/1)

سوال :ایک موضع میں قریبا 30آدمی مصلی ہیں اور ایک مسجد ہے ہفتہ میں دوبار بڑی بازار لتی ہے سامان ضروری مثلا کفن وغیرہ ملتاہے لہذا مصلیان نماز جمعہ بھی اس موضع میں ادا کرتے ہیں اور بچوں کی تعلیم کے لئے ایک قاری صاحب بھی مقرر ہیں اب اس موضع میں شرعا جمعہ جائز ہے یا نہیں؟

جواب :(۳۸۳)اگرنماز جمعہ وہاں عرصہ سے قائم ہے تو اب اس کو بند کرنے میں مذہبی ودینی فتنہ ہے اس لیے اس کو موقوف کرنا درست نہیں بلکہ اس مسئلے میں امام شافعی ؒ کے قول یا امام مالک کے قول کے موافق عمل کرلینا جائز ہے۔

وایضا (249/1)فیہ :

سوال :بستیوں میں جمعہ پڑھنا جائز ہے یا نہیں ؟اگر جائز ہے تو فقہاء کرام کے مقرر کردہ شرائط کا کیا جواب ہے اور بعد ادائے جمعہ(ظہر) احتیاطی اداکرنا کیسا ہے ؟

جواب :چھوٹی بستیوں میں نماز جمعہ حنفیہ کے نزدیک نہیں ہے لیکن انہوں نے جمعہ کی اہمیت کو قائم رکھتے ہوئے مصر کی تفریف میں یہاں تک تنزل کیا ہے کہ مالا یسع اکبر مساجدہ اھلہ المکلفین بھا، تک لے آئے ۔حالانکہ ان کے اپنے اقرار (ھذا یصد ق علی کثیر من القری)سے یہ تعریف بہت سے قری پر صادق آتی ہے ۔پس نماز جمعہ کی اہمیت اور مصالح مہمہ عالیہ اسلامیہ کا مقتضی یہ ہے کہ نماز جمعہ کو ترک نہ کیا جائے اگر چہ امام شافعی ؒکے مسلک پر عمل کے ہی ضمن میں ہو۔

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved