• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

کے سی ڈبلیو  (KCW)کمپنی  میں سرمایہ کاری کا حکم

استفتاء

میرا سوال یہ ہے کہ میں ایک آن لائن کاروبار کرتا ہوں۔ اس میں ہم سرمایہ کاری  کرتے ہیں اور کمپنی ہمارے سرمایے کو  جائیداد اور گاڑیوں کے شو روم وغیرہ میں استعمال کرتی ہے اور وہاں سے جو نفع آتا ہے اس میں سے ایک خاص فیصد ہمیں ملتا ہے۔ اور اس کے علاوہ کمپنی کا دوسرا کام یہ ہے کہ وہ ہمارے سرمایہ سے کرپٹو کرنسی میں تجارت کرتی ہے۔ اس تجارت میں کمپنی اشیاء آن لائن  خریدتی بھی ہے اور آن لائن ہی فروخت بھی کرتی ہے۔ اس خرید و فروخت میں  سونا، تیل اور اسکے علاوہ بھی بہت سی اشیاء شامل ہیں۔ اور اس تجارت سے جتنا نفع آتا ہے کمپنی اس نفع کو سرمایہ کاروں میں تقسیم کر دیتی ہے۔ اس نفع کی کوئی خاص طے شدہ مقدار نہیں ہے۔

اس  بارے میں جواب چاہیے کہ کیا یہ ٹھیک ہے اور کیا ہم اس کاروبار میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں؟

تنقیح: سائل کے بھیجے ہوئے معلوماتی صفحہ اور کمپنی کی ویب سائٹ (www.kcw.global) کے مطالعہ سے یہ بات معلوم ہوئی کہ کمپنی کا بنیادی کام کرپٹو کرنسی کی خرید و فروخت کا ہے اور اسی کے ذریعہ کمپنی نفع حاصل کرتی ہے اور آگے تقسیم کرتی ہے۔اور کمپنی کی ویب سائٹ پر اکاؤنٹ بنا کر صرف بٹ کوئن کے ذریعہ ہی سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے اور پھر کمپنی سرمایہ کاری کی رقم کی بنیاد پر ماہانہ 6 سے 10 فی صد  نفع دیتی ہے  جسکی ترتیب یہ ہوتی ہے کہ مثلاً 1000 ڈالر کی رقم کی سرمایہ کاری پر  یومیہ 2 سے  5 ڈالر کا نفع ملتا ہے، 25000ڈالر کی سرمایہ کاری پر  50 سے 125 ڈالر کا نفع ملتا ہے۔اس کے علاوہ کمپنی ملٹی لیول مارکیٹنگ کا طریقہ استعمال کرتے ہوئے کسی بھی اکاؤنٹ ہولڈر کے واسطہ سے آنے والے لوگوں  کی تعداد کے اعتبار سے اس اکاؤنٹ ہولڈر کو  اس کی سرمایہ کاری کی رقم کا  ایک خاص فی صد  کے لحاظ سے نفع دیتی ہے مثلاً  اگر کوئی لیول ون پر ہے اور اس کے واسطہ سے کوئی کمپنی میں اکاؤنٹ بناتا ہے تو  کمپنی  اس کی ٹوٹل رقم کا 2 فیصد  اس کو نفع دے گی اس طرح دس لیول ہیں اور ہر لیول میں  اس نفع کی مقدار الگ ہے۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

کے سی ڈبلیو کمپنی  (KCW)میں  سرمایہ کاری کر کے نفع لینا جائز نہیں ہے  کیونکہ اس کمپنی میں درج ذیل مفاسد ہیں:

۱)  کے سی ڈبلیو کمپنی  (KCW) کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کر کے نفع حاصل کرتی ہے اور پھر وہ نفع آگے تقسیم کرتی ہے جبکہ کرپٹو کرنسی کے ذریعے کمائی کرنا جائز نہیں  ۔

۲) ایک شخص کی رقم ہو اور دوسراا س سے کاروبار کرے اس کے جائز  ہونے کی لیے یہ بھی ضروری ہے کہ آپس میں جو واقعی نفع ہو وہ فیصد کے حساب سے تقسیم ہو جبکہ مذکورہ کمپنی میں سرمایہ کا فیصد ملتا ہے جو کہ ناجائز ہے۔

۳)  ملٹی لیول مارکیٹنگ جائز نہیں ہے جبکہ مذکورہ کمپنی اس طریقہ کا استعمال کرتی ہے  اس لئے ایسی کمپنی کا حصہ بننا جائز نہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved