استفتاء
امید ہے کہ آپ ایمان و صحت کی بہترین حالت میں ہونگے۔ مفتی صاحب چند مسائل کراچی میں واقع ایک بنات کے مدرسے کے حوالے سےتھے۔ برائے مہربانی توجہ فرما کر رہنمائی فرما دیں۔
گلشن کے بلاک *** میں واقع**** نامی بنات کا مدرسہ ہے۔ جس کی بنیادی شاخ گجرات میں واقع ہے اور ایک”بی جان” یا "جان بی” نامی خاتون سرپرست اعلیٰ ہیں۔ ہماری پھوپھی زاد بہنیں اور پھوپھی کی ۔۔ تفسیر پڑھنے جاتی ہیں۔ چند اشکالات کی بنا پر آپ کو زحمت دی جارہی ہے۔ برائے مہربانی ان کا جواب بذریعہ ڈاک ارسال فرما دیں۔
ان کا کہنا ہے کہ چاشت اور اشراق کی نماز ایک ہی ہے۔ چاہے 7 بجے پڑھ لو، چاہے 10 بجے پڑھ لو۔ بات ایک ہی ہے،جبکہ ہماری عمر بھر یہ سنتے ہوئے گذری کہ چاشت اور اشراق دونوں علیحدہ علیحدہ ہیں اور دونوں کے فضائل بھی مختلف ہیں۔ برائے مہربانی رہنمائی فرمادیں۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
ان کی یہ بات درست نہیں ہے بلکہ احادیث میں ان دونوں نمازوں کا الگ الگ تذکرہ ہے اور ان کے اوقات کا بھی علیحدہ علیحدہ تذکرہ ہے۔اشراق کے نفل کے بارے میں آتا ہے:
عن أنس ابن مالك قال قال رسول الله ﷺ من صلى الصبح في جماعة ثم قعد يذكر الله حتى تطلع الشمس ثم صلى ركعتين كانت له كأجر حجة و عمرة. (ترمذی )
ترجمہ: حضرت انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جو فجر کی نماز جماعت سے پڑھے، پھر بیٹھ کر اللہ کا ذکر کرے یہاں تک کہ سورج طلوع ہو جائے پھر دو رکعت نفل پڑھے تو اس کو ( پورے ) ایک حج اور عمرہ کا ثواب ملے گا۔
چاشت کے نفل کے بارے میں آتا ہے:
عن أبي هريره قال قال رسول الله ﷺ لا يحافظ على صلاة الضحى إلا أواب قال وهي صلاة الأوابين (حاکم )
ترجمہ: حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ چاشت کی نماز کی محافظت تو صرف بڑے توبہ کرنے والے ہی کرتے ہیں اور آپ نے فرمایا چاشت کی نماز تو اوابین ( یعنی بڑے توبہ کرنے والوں ) کی نماز ہے۔
چاشت کی نماز کا وقت اور رکعتیں:
عن زيد بن أرقم أن رسول الله ﷺ قال صلاة الأوابين حين ترمض الفصال.(مسلم )
ترجمہ: حضرت زید بن ارقم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ بڑے توبہ کرنے والوں کی نماز (یعنی چاشت کی نماز ) کا وقت وہ ہے جس وقت اونٹنی کے بچوں کے پیر جلتے ہیں ( یعنی ایک چوتھائی دن گذرنے پر جب دھوپ تیز ہو جاتی ہے )
عن معاذة أنها سألت عائشة رضي الله عنها كم كان رسول الله ﷺ يصلي صلاة الضحى قالت أربع ركعات و يزيد ماشاء. (مسلم )
ترجمہ: معاذہ رحمہا اللہ سے روایت ہے کہ انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا کہ رسول اللہ ﷺ چاشت کی کتنی نماز پڑھتے تھے انہوں نے فرمایا کہ ( رسول اللہ ﷺ ) چار رکعت پڑھتے تھے اور مزید جتنی چاہتے۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved