• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

کیا قرآن پاک اٹھا کر قسم کھانے سے قسم منعقد ہوجائے گی؟

استفتاء

میری بیوی جذباتی انداز میں قرآن پاک اٹھا کر لائی اور کہنے لگی کہ قسم کھائیں کہ آپ اپنی پھوپھو سے کبھی بات نہیں کریں گے  اور اس وجہ سے جلدی میں بغیر سوچے سمجھے قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر میں نے کہہ دیا: میں قسم کھاتا ہوں کہ میں ان  سے بات چیت نہیں کروں گا۔1.  اس قسم کی کیا حیثیت ہے؟  اور2.  اگر اس کو توڑا جائے تو کیا کفارہ ہوگا؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

  1. اس طرح قرآن پر ہاتھ رکھ کر قسم کھانے سے قسم منعقد ہو جاتی ہے۔ اور چونکہ پھوپھی سے بات نہ کرنا قطع رحمی میں آتا ہے اس لیے آپ کے لیے ضروری ہے  کہ پھوپھی سے بات کر کے قسم توڑ دیں ۔
  2. قسم توڑنےکی صورت میں کفارہ یہ ہوگا کہ دس محتاجوں کو دو وقت کا کھانا کھلا دیں یا ہر فقیر کو پونے دو کلو گندم دےدیں یا اس کی قیمت دے دیں یا دس فقیروں کو کپڑا دےدیں ہر فقیر کو اتنا بڑا کپڑا دینا چاہیے جس سے بدن کا زیادہ حصہ ڈھک جائے۔اگر کوئی قسم کھانے والا ایسا غریب ہو کہ نہ تو کھانا کھلا سکتا ہے اور نہ کپڑا پہنا سکتا ہے تو لگاتار تین روزے رکھے اگر الگ الگ کر کے تین روزے پورے کرے گا  تو کفارہ ادا نہیں ہوگادوبارہ سے تینوں روزے  لگاتار رکھےگا۔

نوٹ: کفارہ ادا کرنے سے پہلے قسم توڑنی ہوگی۔ اگر پہلے کفارہ ادا کردیا اور پھر قسم توڑی تو دوبارہ کفارہ ادا کرنا ہوگا۔

در مختار (5/509) میں ہے:

( و ) القسم أيضا بقوله ( أقسم أو أحلف أو أعزم أو أشهد ) بلفظ المضارع وكذا الماضي بالأولى كأقسمت وحلفت وعزمت وآليت وشهدت ( وإن لم يقل بالله ) إذا علقه بشرط

در مختار (5/527) میں ہے:

( ومن حلف على معصية كعدم الكلام مع أبويه أو قتل فلان )…………. ( وجب الحنث والتكفير ) لأنه أهون الأمرين

تقریراتِ رافعی میں ہے:

(قول المصنف: كعدم الكلام مع أبويه الخ) أو غيرهما لأن هجر المسلم معصية. سندي.

تنویر الابصار (5/523) میں ہے:

وكفارته تحرير رقبة أو إطعام عشرة مساكين أو كسوتهم بما يستر عامة البدن — وإن عجز عنها ) كلها وقت الأداء صام ثلاثة أيام ولاء

امداد الفتاویٰ (2/534) میں ہے:

الجواب: چونکہ ایک امر ناجائز پر قسم کھائی ہے اس لیے اس قسم کا توڑ ڈالنا واجب ہے اگر نہ توڑے گا گنہ گار ہوگا۔۔۔۔۔

مسائل بہشتی زیور (2/157) میں ہے:

مسئلہ: اگر خدا کا نام نہیں لیا فقط اتنا کہہ دیا میں قسم کھاتا ہوں کہ فلاں کام نہ کروں گا تو قسم ہو گئی۔

مسئلہ:قرآن کی قسم ،کلام اللہ کی قسم،کلام مجید کی قسم کھا کر کوئی بات کہی تو قسم ہوگئی اور اگر کلام مجید کو ہاتھ میں لے کر اس پر ہاتھ رکھ کر کوئی بات کہی لیکن قسم نہیں کھائی تو قسم نہیں ہوئی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved