- فتوی نمبر: 11-208
- تاریخ: 09 مارچ 2018
- عنوانات: مالی معاملات > اجارہ و کرایہ داری
استفتاء
کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ایک ریٹائر ڈ سرکاری ملازم کے چھ بیٹے ہیں جوسب حافظ قر آن ہیں ان میں دوعالم دین ہیں ۔ایک اپنا مدرسہ چلارہا ہے ۔بیٹوں کی شادی کے لیے رہائشی مجبوری میں انجمن حمایت اسلام کا ایک کھنڈر زدہ مکان بندہ نے دس سال قبل تین ہزار ماہوار کرایہ پر لیا ،انجمن ہر تین سال بعد تیس فیصد کرایہ بڑھادیتی ہے اب موجود کرایہ بارہ ہزار روپے ہو گیا ہے۔جو محکمہ اوقاف کی جائیداد کے مقابلہ میں بہت زیادہ ہے ۔انجمن نے جب سے مکان اپنی تحویل میں لیا ہے اس کی تعمیر ومرمت پر ایک کوڑی خرچ نہیں کی بلکہ بندہ نے چھ لاکھ روپے لگا کر اسے قابل رہائش بنایا ہے کرایہ کی منتقلی فیس جو نیا کرایہ دار بخوشی دیدے وہ پندرہ بیس ہزار سے زائد نہیں ہوتی مگر انجمن نے ہماری مجبوری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جبرا ایک لاکھ روپے وصول کئے ۔
میری بڑی بیٹی جو جامعہ فیصل ماڈل ٹائون سے فارغ ہے خاوند کچھ عرصہ بعد نشہ کی لت میں پڑ گیا کام کاج نہ کرنے نشے کے لیے پیسے نہ دینے پر سخت زدوکوب کرتا اور تین طلاقیں بھی دے دی ۔فتوی لے کر اپریل 2017سے اپنے چار بچوں سمیت میرے گھر بیٹھی ہے۔ایک بچی کی شادی پچھلے سال بندہ نے خود کی اب تین بچے ایک لڑکی کالج میں دو سکول میں زیر تعلیم ہیں سب کا نا ن نفقہ بندہ کے ذمہ ہے ان حالات نے ایک پینشز کی معاشی حالت سخت متاثر کر دی ہے ۔واقف (وقف کرنے والا /والی )کی وقف کردہ جائیداد کے دو ہی مصرف جو محکمہ اوقاف میں بھی رائج ہیں اس کی وصیت پوری کی جائے یا وقف جائیداد پر مدرسہ /مسجد بنادیا جائے تاکہ واقف کو اس کا آخرت کے اعتبار سے فائدہ پہنچتا رہے ۔مکان ہذا میں میری دو بہوئیں ،ایک عالمہ فاضلہ ایک حافظہ قر آن اہل محلہ کی بچیوں ،جوان اور بڑی عمر کی خواتین کو قر آن پاک تجوید وقر آت اردو ترجمہ کے ساتھ اور عقیدے کی درستگی کراتی ہیں ۔جس سے واقف کی منشا کما حقہ پوری ہورہی ہے ۔
انجمن کرایہ کی رقم زیر تعلیم یتامی مساکین کی تعلیم وتربیت پر خرچ کرتی ہے اس لیے بندہ یہ نہیں کہتا کہ انجمن کرایہ لینا بند کردے جب کہ شرعا واقف کو قر آن پاک کی تعلیم سے اس کا فائدہ پہنچ رہا ہے ۔لہذا میری معاشی پر یشانی اور واقف کے مقاصد کے حصول کی وجہ سے کرایہ منجمد Freezکردے اور آئندہ مزید نہ بڑھائے موجودہ کرایہ ہی وصول کرے اس شرعی کی حیثیت کیا ہے ؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ صورت میں اگر انجمن پہلے ہی محکمہ اوقاف کی جائیداد کے معروف کرائے سے زیادہ بڑھاچکی ہے تو انجمن اس وقت تک کرایہ منجمد کرسکتی ہے جب تک آپ کا موجودہ کرایہ محکمہ اوقاف کی جائیداد کے معروف کرائے کے برابر نہ ہوجائے ،البتہ مستقل کرایہ منجمد کردینا درست نہیں ۔۔
© Copyright 2024, All Rights Reserved