- فتوی نمبر: 8-386
- تاریخ: 11 جون 2016
- عنوانات: مالی معاملات
استفتاء
قرآن و حدیث کی روشنی میں یہ مسئلہ پوچھنا ہے کہ ہم دو بھائی ہیں۔ دو کمرے کا ایک مکان ہے، میرے چھوٹے بھائی نے اس مکان کی چھت پر ایک حال کمرہ بنایا ہے جس کو تقریباً 5 یا ساڑھے پانچ سال ہو گئے ہیں جبکہ میں اس مکان کا ادھا مالک ہوں۔ اس نے دونوں پورشن نیچے والا اور اوپر والا کرایہ پر دیا ہے۔ مجھے نیچے والے پورشن کا ادھا کرایہ دیتا تھا جو اس سے تقریباً 4 سال تک میں لیتا رہا اس کے بعد اس نے تھوڑا سا بڑا دیا جو تقریباً 6 ہزار ہے۔ خود وہ اوپر والے پورشن کا پورا کرایہ اور نیچے والے پورشن کا ادھا کرایہ لیتا رہا۔ دونوں پورشنوں کا تقریباً 14000 آرہا ہے۔ اوپر والے پورشن پر جو اس نے رقم لگائی وہ تقریباً پوری ہو گئی۔ میں نے اس سے اوپر والے پورشن کا کرایہ نہیں مانگا تاکہ جو اس نے رقم لگائی وہ پوری ہو جائے۔ اب میں نے اس سے آدھا کرایہ مانگا جو دونوں پورشنوں کا آیا ہے تو اس نے کہا جو میں نے رقم لگائی ہے اوپر والے پورشن پر اس کا کرایہ جب تک مکان رہے گا اس پورشن کا کرایہ میں ہی رکھوں گا جو کرایہ آدھے سے زیادہ دے رہا ہوں وہ میں بھائی کی وجہ سے دے رہا ہوں پورشن بنانے سے پہلے اس نے اس رقم کی کوئی بات یا لکھت پڑھت نہیں کی تھی۔ میں نے کہا اگر تو نے لکھت پڑھت یا بات کی تھی تو اوپر والے پورشن کا کرایہ تو لے حتیٰ کہ اس نے کوئی بات نہیں کی تھی میں اس لیے چپ رہا کہ اس کی رقم پوری ہو جائے پھر میں پورے مکان کا آدھا کرایہ لوں گا۔ اب وہ مجھے مکان کے دونوں پورشنوں کا کل کرایہ سے آدھا نہیں دے رہا۔
اب آپ بتایے کہ میں پورے مکان کے آدھے کرایہ کا حقدار ہوں یا نہیں؟ میں نے جب بات کی تو اس نے کہا میں نے رقم لگائی ہے میں اس کی پروفٹ رکھوں گا جبکہ اس نے اس رقم کی کوئی بات یا لکھت پڑھت نہیں کی تھی۔
جب اس نے مکان کا اوپر والا پورشن بنایا تو اس نے مجھے کوئی بات نہیں کی اور نہ ہی میں نے اس سے کوئی بات کی۔ کہ آپ کیوں بنا رہے ہو اور نہ ہی میں نے کوئی اعتراض کیا تھا۔ نیز مکان دونوں نے رقم ملا کر خریدا تھا۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ مکان کی زمین آپ دونوں بھائیوں کی مشترکہ ہے اور نیچے کی عمارت بھی دونوں کی مشترکہ ہے۔ البتہ اوپر کی عمارت جس نے تعمیر کی ہے اسی کی ہے۔ اگر آپ کل مکان کے نصف کرائے میں شریک ہونا چاہتے ہیں تو بھائی سے اوپر والے حصہ کا آدھا یا نیچے والی عمارت کا آدھا حصہ خرید لیں۔۔۔۔۔۔۔ فقط و اللہ تعالیٰ اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved