- فتوی نمبر: 33-137
- تاریخ: 14 مئی 2025
- عنوانات: حظر و اباحت > علاج و معالجہ
استفتاء
کیا Andrex (اینڈریکس) کیپسول کا استعمال جائز ہے ؟ اس میں Testosterone Undecanoate (ٹیسٹوسٹیرون انڈیکینویٹ) ہوتا ہے جوکہ مردانہ جنسی صلاحیت بڑھانے کے لیے استعمال ہوتا ہے، اس کے بارے میں سنا ہے کہ بندر کے خصیتین سے حاصل ہوتا ہے ۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
Andrex (اینڈریکس) کیپسول کے اندر موجود Testosterone (ٹیسٹوسٹیرون ) کے بندر کے خصیتین سے حاصل ہونے کے بارے میں کوئی قابلِ اعتبار دلیل نہیں ملی۔لہٰذا اس بنیاد پر Andrex (اینڈریکس) کیپسول کا استعمال ممنوع نہیں ہے۔
توجیہ: انٹرنیٹ پر متعدد ویب سائٹس کے مطابق Testosterone(ٹیسٹوسٹیرون ) ایک جنسی ہارمون ہے جوجنسی خصوصیات کی نشونما،پٹھوں کی افزائش ،ہڈیوں کی مضبوطی اور تولیدی نظام کی فعالیت میں اہم کردار ادا کرتاہے۔
Undecanoate(انڈیکینویٹ) کا مطلب یہ ہے کہ ٹیسٹوسٹیرون کے مالیکیول کو Undecanoic Acid (انڈیکینوئک ایسڈ) کے ذریعے کیمیاوی عمل سے گزارا جاتا ہے تاکہ یہ جسم میں آہستہ آہستہ جذب ہو اور اس کا اثر طویل عرصے تک رہے ۔
یہ ہارمون قدرتی طور پر انسانی جسم میں بھی بنتا ہے اور انسان باہر سے بھی لیتا ہے ۔ باہر سے حاصل کیا جانے والا Testosterone(ٹیسٹوسٹیرون )تین طرح کا ہوسکتا ہے(۱) جانوروں سے حاصل شدہ (۲)نباتاتی چکنائیوں سے کیمیائی عمل کے ذریعے سے حاصل شدہ (۳) مکمل مصنوعی
انٹرنیٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق جانوروں سے حاصل کرنے کا طریقہ بہت مہنگا ہے اور تجارتی ضرورت پورا کرنے کے لئے ناکافی ہے۔اس لئے تجارتی مقاصد میں استعمال کرنے کے لئے Testosterone(ٹیسٹوسٹیرون) یا تو نباتاتی چکنائیوں کو کیمیاوی عمل سے گزار کر حاصل کیا جاتا ہے یا مختلف کیمیکلز کو ملا کر مصنوعی طریقے سے بنایا جاتا ہے ۔ ان دونوں طریقوں سے بنایا گیا Testosterone(ٹیسٹوسٹیرون )پاک اور حلال ہے ۔
چنانچہ ویکیپیڈیا میں ہے:
Like other androsteroids, testosterone is manufactured industrially from microbial fermentation of plant cholesterol (e.g., from soybean oil).
ترجمہ: دیگر اینڈروسٹیرائیڈز کی طرح، ٹیسٹوسٹیرون کو بھی صنعتی سطح پر پودوں کے کولیسٹرول (مثلاً سویابین کے تیل) سے مائیکروبیل خمیر (fermentation) کے ذریعے تیار کیا جاتا ہے۔
اور چونکہ دنیا میں تجارتی مقاصد کے لئے استعمال ہونے والے Testosterone(ٹیسٹوسٹیرون )کےنباتاتی یا مصنوعی ہونے کا گمان غالب ہے اور حیوانی ہونے کا احتمال مغلوب ہے اس لئے Andrex (اینڈریکس) کیپسول کے استعمال کو Testosterone(ٹیسٹوسٹیرون )کی بنیاد پر ناجائز نہیں کہہ سکتے۔
باقی رہی یہ بات کہ Andrex (اینڈریکس) کیپسول Testosterone(ٹیسٹوسٹیرون )کے علاوہ کسی اور جز کی بنیاد پر تو حرام نہیں ؟ تو اس کا جواب اس کے تمام اجزائے ترکیبی دیکھے بغیر نہیں دیا جا سکتا ۔
إحياء علوم الدين(2/ 92)میں ہے:
….. وأما النبات فلا يحرم منه إلا ما يزيل العقل أو يزيل الحياة أو الصحة»
بہشتی زیور (ص:604) میں ہے:
’’نباتات سب پاک اور حلال ہیں الا آنکہ مضر یا مسکر ہو۔‘‘
امداد الفتاوی(96/4)میں ہے:
’’سوال (۲۳۷۴) : جب سے پتہ لگا ہے کہ بعض ولایتی رنگوں میں اسپرٹ کا شبہ ہے اسی وقت سے جب بھی کپڑا پہنتا ہوں تو طبیعت میں شک رہتا ہے کہ یہ کہیں ناپاک نہ ہو، حضرت اقدس ارشاد فرماویں کہ ولایتی رنگ دار کپڑوں مثلاً رنگین گرم کپڑے، رنگین دھاری دار سرد کپڑے، عورتوں کے لئے پختہ رنگ کی رنگین چھینٹیں وغیرہ بلا دھوئے پہننے اور پہن کر نماز پڑھنے میں حرج تو نہیں ہے؟
(۲) حضرت والا یہ بھی ارشاد فرماویں کہ عورتوں کے لئے ولایتی رنگوں سے دوپٹہ وغیرہ رنگ کر پہننے کا کیا حکم ہے؟
الجواب: اول تو خود ان رنگوں میں جزونجس شامل ہونے میں شبہ پھر ان کپڑوں میں ان رنگوں کے شامل ہونے میں شبہ تو کپڑوں کے نجس ہونے کا شبہۃ الشبہہ ہوگیا؛ اس لئے فتوے سے گنجائش ہے باقی اگر کوئی ورع اختیار کرلے اولیٰ واحسن ہے۔‘‘
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved