- فتوی نمبر: 24-67
- تاریخ: 23 اپریل 2024
- عنوانات: عبادات > قسم اور منت کا بیان
استفتاء
میں نےبيماری کی حالت ميں قسم کھائی تھی کہ ”الله کی قسم فلاں کام نہيں کروں گی اگر کيا تو کافر کہلاؤں گی “نعوذبااللہ۔ ايک حديث ميں پڑھا تھا کہ اگر وہ فلاں کام کر ليا تو قسم لاگو ہو گی۔ ميں نے گناہوں سے بچنے کے لیےايسی قسم اٹھائی تھی۔
وضاحت مطلوب ہے: کن کاموں کے نہ کرنے کی قسم کھائی تھی؟
جواب وضاحت : کبھی ٹی وی نہ دیکھنا،کسی قسم کا فیشن نہ کرنا ،نوکری نہیں کرنی ،کبھی گانے نہیں سننے۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ الفاظ سے قسم کھانے کی صور ت میں قسم منعقد ہوگئی ،اوراس کی خلاف ورزی جائزنہیں ، خلاف ورزی کی صورت میں صرف کفارہ دینا پڑے گا ،کافر یا دائرہ اسلام سے خارج نہیں ہوں گی ۔
المبسوط (3/ 175) میں ہے:
وإذا حلف الرجل بالله أو قال هو يهودي أو نصراني أو مجوسي أو هو بريء من الإسلام فهذه كلها أيمان وإذا حلف بشيء منها ليفعلن كذا وكذا فحنث وجبت عليه الكفارة
المحيط البرهاني (4/ 645) میں ہے:
أو قال: هو بريء من الإسلام إن فعل كذا فهذا يمين عندنا، حتى لو فعل ذلك الفعل تلزمه الكفارة
آپ کے مسائل اور ان کا حل(2/523) میں ہے:
س…اگر ایک آدمی یہ بولے کہ: ”میں کافر ہوں اگر میں نے یہ کام پھر کیا“ اور وہ کام پھر وہ آدمی کرے تو کیا وہ آدمی گناہ گار ہوتا ہے یا کافر؟
ج… اس سے کافر نہیں ہوتا، البتہ ان الفاظ سے قسم ہوجاتی ہے، اس لئے قسم توڑنے کا کفارہ ادا کرنا لازم ہے، اور ایسی بیہودہ قسم کھانا بڑا گناہ ہے، اس لئے اس شخص کو اپنی اس قسم پر توبہ کرنی چاہئے۔
آپ کے مسائل اور ان کا حل(2/538)میں ہے:
س… میں نے قرآن مجید کی قسم کھائی تھی کہ میں کوئی گندا کام زندگی بھر نہیں کروں گا، مگر میں یہ قسم توڑنا چاہتا ہوں، مجھ پر سخت گناہ تو نہ ہوگا؟ اور اس کا کفارہ کیا ادا کرنا پڑے گا؟
ج… اگر آپ نے بُرا کام نہ کرنے کی قسم کھائی تھی تو قسم توڑنا بہت بُری بات ہے، اور اگر توڑ دیں گے تو کفارہ لازم ہوگا، یعنی تین دن کے روزے رکھنا یا دس مسکینوں کو دو وقت کا کھانا کھلانا۔
بہشتی زیور(209)میں ہے:
یوں کہا اگر فلانا کام کروں تو بے ایمان ہوکر مروں ،مرتے وقت ایمان نہ نصیب ہو،بے ایمان ہوجاؤں یا اس طرح کہا اگر فلانا کام کروں تو میں مسلمان نہیں، تو قسم ہوگئی اس خلاف کرنے سےکفارہ دینا پڑے گا اور ایمان نہ جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved