• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

کیا نیشنل کمپنی کا اسٹرابری جام کھانا حلا ل ہے؟

استفتاء

کیا Nationalکمپنی کا “Strawberry Jam”کھانا حلال ہے جس کے اجزائے  ترکیبی درج ذیل ہیں :

Sugar, Strawberry(35%), Water, Gelling agent (pectin), Acidity regulator (citric acid), Preservatives (potassium sorbate and sodium benzoate), Permitted food colour (allura red).

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

Nationalکمپنی کا”Strawberry jam”کے پیکٹ پر جو اجزائے ترکیبی درج ہیں ان میں سے کسی جزء کے حرام ہونے کی  ہمیں کوئی قابل اعتبار دلیل نہیں  ملی  لہٰذا جب تک مذکورہ “Strawberry jam”میں کسی حرام جزء کے شامل ہونے کی کوئی قابل اعتبار دلیل سامنے نہیں آتی، اس وقت تک اس جام کے کھانے کی گنجائش ہے۔

توجیہ: مذکورہ “Strawberry jam”کے پیکٹ پر 8 اجزائے تر کیبی مذکور ہیں جن میں سے4 نباتاتی، 2  معدنی اور2 مصنوعی ہیں۔ ان اجزاء کی تفصیل اور ان کا حکم درج ذیل ہے:

نباتاتی اجزاء:

1۔ Sugar(چینی)

2۔ Strawberry(پھل)

3۔  Gelling Agent (Pectin)(پھلوں کی چھال یا گودے سے تیار کیا جاتا ہے)۔

4۔ Acidity Regulator(Citric Acid )(ترش مادہ جو لیموں اور مالٹے وغیرہ سے حاصل ہوتا ہے۔ ویکیپیڈیا کے مطابق تجارتی سطح پر مکئ کے نشاستے اور گڑ سے حاصل کیا جاتا ہے)۔

نباتاتی اجزاء کا حکم :

نباتاتی اجزاء کا حکم یہ ہے کہ ان میں سے نشہ آور یا مضر اجزاء کے علاوہ سب پاک اور حلال ہیں اور ہماری معلومات کے مطابق مذکورہ اجزاء میں سے کوئی بھی جزء نشہ آور یا مضر نہیں لہٰذا یہ سب اجزاء حلال اور پاک ہیں۔

معدنی اجزاء:

5۔Water(پانی)

6۔Sodium Benzoate(یہ بنزوئک ایسڈ اور ہائیڈروجن آکسائڈ سے حاصل ہوتا ہے)

نوٹ: اگرچہ بنزوئک ایسڈ حیوانی یا نباتاتی ہوسکتا ہے  لیکن صنعتی پیمانے پر عموماً معدنی ہی دستیاب ہے  اور ہائیڈروجن آکسائڈ ایک کیمیائی مادہ ہے جو حلال ہے۔

معدنی اجزاء کا حکم بھی نباتاتی اجزاء والا ہے کہ ان میں سے نشہ آور یا مضر اجزاء کے علاوہ سب پاک اور حلال ہیں اور ہماری معلومات کے مطابق مذکورہ اجزاء میں سے کوئی بھی جزء نشہ آور یا مضر نہیں لہٰذا یہ سب پاک اور حلال ہیں۔

مصنوعی اجزاء:

7۔ Potassium Sorbate (یہ مصنوعی غیر حیوانی کیمیکل ہے جو کیمیائی ذرائع سے حاصل ہوتا ہے اور قدرتی طور پر چند پھلوں جیسے Rowan Berriesمیں پایا جاتا ہےمگر صنعتی طور پر مصنوعی کیمیکل  جیسے Ketene اور Cortonaldehyde سے تیار ہوتا ہے۔

8۔Allura Red(ایک مصنوعی رنگ جو اکثر چمکدار یا گہرا سرخی مائل نارنجی محسوس ہوتا ہے)

مصنوعی اجزاء در حقیقت انہی تین اجزاء (نباتاتی، معدنی اور حیوانی)  میں سے کسی ایک سے یا ایک سے زائد سے تیار ہوتے ہیں۔ ان سے ہٹ کر کسی اور چیز سے حاصل نہیں ہوتے اس لیے مصنوعی اجزاء کا  اصل حکم تو اسی وقت معلوم ہو سکتا ہے  جب یہ معلوم ہو کہ ان کو کن اشیاء سے تیار کیا گیا  ہے مذکورہ صورت میں چونکہ ان اجزا ء کے کسی حرام یا ناپاک اشیا سے تیار ہونے کا علم یا غالب گمان نہیں اس لیے ان مصنوعی اجزاء کو بھی حلال کہا جائے گا لہذا جب تک مذکورہ “Strawberry Jam” میں کسی حرام جز کے شامل ہونے کا علم یا غالب گمان نہ ہو اس وقت تک اسے حلال کہا جائے گا۔

نوٹ:ہمارے اس فتوے کا تعلق صرف صارف (Consumer)کے ساتھ ہے کیونکہ ایک مفتی اور عام صارف کو کسی مصنوع(Product)کے ان اجزائے ترکیبی تک ہی رسائی ہو سکتی ہے جو پیکٹ پر درج ہوں اور وہ ان اجزاء کو ہی سامنے رکھ کر اپنے لیے یا دوسرے کیلئےحلال یا حرام کا فیصلہ کر سکتا ہے۔ جبکہ   صانع(Manufacturer)کو اصل حقیقت کا علم ہوتا ہے اس لیے صانع(Manufacturer) نے اگر اپنی کسی مصنوع(Product)میں کوئی حرام جز شامل کیا ہو اور اسے کسی بھی مصلحت سے اجزائے ترکیبی میں ذکر نہ کیا ہو تو صانع (Manufacturer) کا یہ فعل بہرحال حرام ہوگا اور چونکہ ہمارے پاس ایسے وسائل نہیں کہ ہم اس کی تحقیق کر سکیں کہ کسی مصنوع میں واقعتاً کوئی حرام جز شامل تو نہیں ،اس لیے ہمارے اس فتوے کی صانع (Manufacturer)  کے لیے سرٹیفکیٹ کی حیثیت نہیں ہے۔

نیز ہمارا یہ فتوی موجودہ ڈبےپر درج اجزائے ترکیبی کے بارے میں ہے لہٰذا اگر کمپنی آئندہ اجزائے ترکیبی میں کوئی تبدیلی کرے تو ہمارا یہ فتوی اس کو شامل نہ ہوگا۔

إحياء علوم الدين(5/811)میں ہے:

أما المعادن فهي أجزاء الأرض وجميع ما يخرج منها فلا يحرم أكله إلا من حيث أنه يضر بالآكل….. وأما النبات فلا يحرم منه إلا ما يزيل العقل أو يزيل الحياة أو الصحة

بہشتی زیور (2/203) میں ہے:

جمادات سب پاک اور حلال ہیں الا یہ کہ مضر ہوں یا نشہ لانے والے ہوں…..نباتات سب پاک اور حلال ہیں الا یہ کہ مضر ہوں  یا نشہ لانے والے ہوں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved