• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

کیاقرآن کو عربی میں سیکھنا ضروری ہے؟خودسےترجمہ قرآن پڑھنے کاحکم

استفتاء

1۔کیاقرآن کو عربی زبان میں پڑھنا سیکھنا فرض ہے یا واجب اورنہ سیکھنے والے پر کیا حکم ہے؟جیسے نماز کے فرائض اورکافی سورتیں یادہیں لیکن قرآن پڑھنا نہیں سیکھا۔

2۔خود سے قرآن کا اردو یا انگلش میں ترجمہ اورتفسیر پڑھنے والوں کےلیے کیا حکم ہے؟

3۔کیا عجمی اورغیر عالم کو خود سے ترجمہ اورتفسیر پڑھنا چاہیے (مشکل اورپیچیدہ باتوں پرعلماء سے رہنمائی لیتے ہوئے)یا خود سے ترجمہ اورتفسیر پڑھنا ہی نہیں چاہیے ،صرف تلاوت کاثواب ہی لیتے رہنا چاہیے یا عالم کی موجودگی میں رہ کرہی ترجمہ اورتفسیر پڑھنی چاہیے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1۔اتنا قرآن سیکھنا جتنا نماز میں پڑھنا ضروری ہے ہر اس مسلمان پر فرض ہے جس پر نماز فرض ہے لیکن اتنی مقدار سے زائد قرآن پاک سیکھنے کی جو اہمیت اورفضائل قرآن وحدیث میں وارد ہوئے ہیں ان کے پیش نظر بغیر کسی خاص عذر کے مذکورہ مقدار سے زائد نہ سیکھنا یا سیکھنے کی کوشش نہ کرنا بڑی محرومی کی بات ہے۔

2۔عام آدمی کےلیے خود سے خالی ترجمہ پڑھنا درست نہیں ،کیونکہ خود سے خالی ترجمہ پڑھنے کی صورت میں گمراہی کاخطرہ ہے البتہ ترجمہ کےساتھ اگر تفسیر بھی ہو اورترجمہ اورتفسیرکسی معتبر عالم دین کی ہو تو خود سے ترجمہ وتفسیر پڑھنے کی گنجائش ہے تاہم اس صورت میں بھی بہتر یہی ہے کہ ترجمہ وتفسیر کسی مستند عالم دین سے پڑھاجائے۔

3۔عام آدمی کو (جوکہ غیر عالم ہو)خواہ وہ عجمی ہویا عربی ہو نہیں پڑھنا چاہیے جیسا کہ نمبر 2کےجواب میں گذرا۔

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved