- فتوی نمبر: 33-230
- تاریخ: 24 جون 2025
- عنوانات: حظر و اباحت > کھانے پینے کی اشیاء
استفتاء
کیا ویوو(vivo) کمپنی کا مینگو جوس پینا حلال ہے؟ اجزائے ترکیبی کی تصویر آپ کو ارسال کی ہے جو درج ذیل ہیں:
Filtered water, Mango pulp(19%), Sugar, Acidifier: Citric acid (E-330), Tri-sodium citrate (E-331), Stabilizers: Carboxy methyl cellulose (E-466), Guar gum (E-412), Antioxidant:Ascorbic acid (E-300), Preservatives: Sodium benzoate (E-211), Natural color: Beta carotene (E-160a) and Artificial mango flavor
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
ویوو(vivo) کمپنی کے مینگو جوس کے پیکٹ پر جو اجزائے ترکیبی درج ہیں ان میں سے کسی جزء کے حرام ہونے پر ہمیں کوئی قابل اعتبار دلیل نہیں ملی لہٰذا جب تک مذکورہ جوس میں کسی حرام جزء کے شامل ہونے کی کوئی قابل اعتبار دلیل سامنے نہیں آتی، اس وقت تک اس جوس کے پینے کی گنجائش ہے۔
توجیہ: مذکورہ جوس کے پیکٹ پر 11 اجزائے تر کیبی مذکور ہیں جن میں سے 8 نباتاتی، 2 معدنی اور 1 مصنوعی ہے۔ ان اجزاء کی تفصیل اور ان کا حکم درج ذیل ہے:
نباتاتی اجزاء:
1۔ Mango pulp(آم کا گودا)
2۔ Sugar(چینی)
3۔ Citric acid (E-330) سٹرک ایسڈ( ترش مادہ جو لیموں اور مالٹے وغیرہ سے حاصل ہوتا ہے)
4۔ Tri-sodium citrate (E-331) ٹرائی سوڈیم سائٹرک (سٹرک ایسڈ کی ایک صورت جو کہ پانی میں قابل حل ہوتی ہے)
5۔ Carboxy methyl cellulose (E-466) کاربوکسی میتھائل سیلولوز (پودوں سے حاصل ہونے والا ایک مرکب ہے جسے چیزوں کو گاڑھا کرنے کےلیے استعمال کیا جاتا ہے)۔
6۔ Guar gum (E-412) گوارگم (گوار نامی پودے کی پھلیوں سے حاصل ہونے والا مادہ ہے)۔
7۔ Ascorbic acid (E-300) اسکوربک ایسڈ (یعنی وٹامن C جو مختلف پھلوں اور سبز پتوں والی سبزیوں سے حاصل کیا جاتا ہے )۔
8۔ Beta carotene (E-160a) بیٹا کروٹین ( ایک مادہ جو مختلف پودوں اور سبزیوں سے حاصل کیا جاتا ہے اور کسی چیز کو نارنجی یا پیلا رنگ دینے کے لیے استعمال ہوتا ہے )
نباتاتی اجزاء کا حکم :
ان میں سے نشہ آور یا مضر اجزاء کے علاوہ سب پاک اور حلال ہیں اور ہماری معلومات کے مطابق مذکورہ اجزاء میں سے کوئی بھی جزء نشہ آور یا مضر نہیں لہٰذا یہ سب اجزاء حلال اور پاک ہیں۔
معدنی اجزاء:
9۔ Filtered water (فلٹرڈ پانی)
10۔ Sodium benzoate (E-211) سوڈیم بنزویٹ (بنزویک ایسڈ کا سوڈیم نمک جسے خوراک کو محفوظ کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے)۔
معدنی اجزاء کا حکم :
معدنی اجزاء کا حکم بھی نباتاتی اجزاء والا ہے کہ ان میں سے نشہ آور یا مضر اجزاء کے علاوہ سب پاک اور حلال ہیں اور ہماری معلومات کے مطابق مذکورہ اجزاء میں سے کوئی بھی جزء نشہ آور یا مضر نہیں لہٰذا یہ سب پاک اور حلال ہیں۔
مصنوعی اجزاء:
11۔ Artificial mango flavor(مصنوعی آم فلیور)
مصنوعی اجزاء در حقیقت انہی تین اجزاء (نباتاتی، معدنی اور حیوانی) ذرائع میں سے کسی ایک سے یا ایک سے زائد سے تیار ہوتے ہیں۔ ہماری معلومات کے مطابق مصنوعی آم کا فلیور جن چیزوں سے بنایا جاتا ہے وہ نباتاتی ہیں اور نباتاتی اجزاء کا حکم بیان کیا جا چکا لہٰذا یہ بھی پاک اور حلال ہے۔
نوٹ:ہمارے اس فتوے کا تعلق صرف صارف (Consumer)کے ساتھ ہے کیونکہ ایک مفتی اور عام صارف کو کسی مصنوع (Product)کے ان اجزائے ترکیبی تک ہی رسائی ہو سکتی ہے جو پیکٹ پر درج ہوں اور وہ ان اجزاء کو ہی سامنے رکھ کر اپنے لیے یا دوسرے کیلئےحلال یا حرام کا فیصلہ کر سکتا ہے۔ جبکہ صانع(Manufacturer)کو اصل حقیقت کا علم ہوتا ہے اس لیے صانع(Manufacturer) نے اگر اپنی کسی مصنوع(Product)میں کوئی حرام جز شامل کیا ہو اور اسے کسی بھی مصلحت سے اجزائے ترکیبی میں ذکر نہ کیا ہو تو صانع (Manufacturer) کا یہ فعل بہرحال حرام ہوگا اور چونکہ ہمارے پاس ایسے وسائل نہیں کہ ہم اس کی تحقیق کر سکیں کہ کسی مصنوع میں واقعتاً کوئی حرام جز شامل تو نہیں ،اس لیے ہمارے اس فتوے کی صانع (Manufacturer) کے لیے سرٹیفکیٹ کی حیثیت نہیں ہے۔
نیز ہمارا یہ فتوی موجودہ پیکٹ پر درج اجزائے ترکیبی کے بارے میں ہے لہٰذا اگر کمپنی آئندہ اجزائے ترکیبی میں کوئی تبدیلی کرے تو ہمارا یہ فتوی اس کو شامل نہ ہوگا۔
إحياء علوم الدين(5/811)میں ہے:
أما المعادن فهي أجزاء الأرض وجميع ما يخرج منها فلا يحرم أكله إلا من حيث أنه يضر بالآكل….. وأما النبات فلا يحرم منه إلا ما يزيل العقل أو يزيل الحياة أو الصحة
بہشتی زیور (2/203) میں ہے:
جمادات سب پاک اور حلال ہیں الا یہ کہ مضر ہوں یا نشہ لانے والے ہوں…..نباتات سب پاک اور حلال ہیں الا یہ کہ مضر ہوں یا نشہ لانے والے ہوں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved