- فتوی نمبر: 21-1
- تاریخ: 11 مئی 2024
- عنوانات: عبادات > نماز > امامت و جماعت کا بیان
استفتاء
اگر کوئی مقتدی 4 رکعت کی نماز میں سوگیا اور دوسری اورتیسری رکعت اس کی اسی اثناء میں فوت ہوگئی اور چوتھی رکعت میں بیدارہوا تو نماز کیسے پوری کرے؟ اور کیا لاحق پر باقی ماندہ رکعتوں (جو وہ خود پڑھےگا بغیر امام کی پیروی کے ) میں کوئی ایسا کا م ہوجائے جس سے سجدہ سہو واجب ہو ،تو کیا وہ سجدہ سہوکرےگا ؟نیزکیا مقیم مسافر کی اقتداء میں باقی دو رکعتیں بغیرملائےپڑھےگا؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
(1)مذکورہ صورت میں مقتدی (لاحق ) جب بیدارہواتو پہلے ان رکعتوں کو اداکرے گاجو اس کی جاتی رہی ہیں یعنی دوسری اور تیسری اور ان رکعتوں میں قراءت نہیں کریگا بلکہ امام کی قراءت کے بقدر یا تین دفعہ سبحان اللہ کہنے کے بقدر کھڑارہ کر رکوع ،سجدہ کرلےگا۔ان کو اداکرنے کے بعد اگر چوتھی رکعت مل جائے تو فبہا ورنہ چوتھی رکعت بھی بغیرقراءت کے ادا کرےگا پھراگر امام کے سلام پھیرنے سے پہلے اس کے ساتھ شریک ہوگیا تو فبہاورنہ التحیات وغیرہ پڑھ کر اپنا سلام پھیر دےگا۔چونکہ لاحق مقتدی کے حکم میں ہوتا ہے اور مقتدی کو اگر سہوہوجائے تو سجدہ سہو کی ضرورت نہیں توایسے ہی لاحق کو بھی ضرور ت نہیں ۔
(2) اگرمقیم مسافر کی اقتداء کرے تویہ مقیم امام کے نما ز ختم کرنے کے بعد لاحق کےحکم میں ہے لہذا جب امام سلام پھیر دے تو مقیم مقتدی کھڑے ہو کر اپنی بقایا رکعتیں پوری کرےگا اور ان میں قراءت نہیں کرے گا بلکہ خاموش کھڑارہےگا۔
فتاوی ہندیہ (1/196) میں ہے:
اللاحق وهو الذي أدرك أولها وفاته الباقي لنوم أو حدث أو بقي قائما للزحام أو الطائفة الأولى في صلاة الخوف كأنه خلف الإمام لا يقرأ ولا يسجد للسهو كذا في الوجيز للكردري ولو سجد الإمام للسهو لا يتابعه اللاحق قبل قضاء ما عليه بخلاف المسبوق كذا في الخلاصة اللاحق إذا عاد بعد الوضوء ينبغي له أن يشتغل أولا بقضاء ما سبقه الإمام بغير قراءة يقوم مقدار قيام الإمام وركوعه وسجوده ولو زاد أو نقص فلا يضره ۔
عمدۃ الفقہ (1/220) میں ہے:
مقیم نے مسافر کے پیچھے قصر نماز میں اقتداء کی تو مسافر امام کے سلام کے بعد وہ آخر ی دو رکعتوں میں لاحق ہے یعنی حکما امام کے پیچھے ہے ۔۔۔لاحق مدرک کے حکم میں ہے پس جب وہ اپنی فوت شدہ نماز پڑھےگا تو اس میں قرائت نہیں کرےگابلکہ مدرک مقتدی کی طرح خاموش رہے گا۔
مسائل بہشتی زیور (1/194) میں ہے:
اور جو مقیم مسافر کی اقتداء کرے اور مسافر قصر کرے تو یہ مقیم امام کے نما ز ختم کرنے کے بعد لاحق ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved