• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

لڑکے کا اپنے علیل باپ کے زیر ناف بال صاف کرنا

استفتاء

جناب میرے والد صاحب کی عمر 75سال کے قریب ہے اور وہ علیل بھی ہیں، زیرناف بال خود صاف نہیں کر سکتے ۔اس بارے میں کیا حکم ہے ؟

وضاحت مطلوب ہے کہ :

بیوی زندہ ہے ؟اور کیا وہ اس قابل ہے کہ اپنے شوہر کی صفائی کر سکیں؟

جواب وضاحت :

ہاں جی بیوی تو زندہ ہے ان کی عمر لگ بھگ ستر سال ہے اور وہ بھی بیمار ہیں چل پھر بھی نہیں سکتیں۔

مزید وضاحت مطلوب ہے :

۱۔ کیا  آپ کے والد صاحب اپنے بال پاؤڈر یا کریم سے بھی صاف نہیں کرسکتے ؟

۲۔ کیا والد ہ بھی ان کے بال پاؤڈر یا کریم سے صاف نہیں کرسکتیں؟

جواب وضاحت :

والد صاحب کے لیے خود صاف کرنا مشکل ہے اور والدہ کا دو ماہ سے علاج چل رہا ہے اب کچھ بہتری  آرہی ہے ورنہ تو وہ چلنے سے بھی قاصر ہوگئی تھیں۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

اول تو کوشش کر کے والدہ خود ہی کریم یا پائوڈر سے ان کی صفائی کردیں ورنہ  آخری درجے میں کوئی دوسرا نظر کی حفاظت کرتے ہوئے صاف کردیا کرے۔ ہر ہفتے کرنے کی ضرورت نہیں چالیس دن میں ایک دو دفعہ بھی کافی ہے ۔استرہ یا بلیڈ استعمال کرنا بھی ضروری نہیں پائوڈر یا کریم بھی استعمال کر سکتے ہیں

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved