• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

لمپی سکن بیماری سے متاثر جانور کی قربانی کا حکم

استفتاء

آج کل جانوروں  میں Lumpy skin disease (لمپی سکن  ڈیزیز )نامی  ایک بیماری پھیلی ہوئی ہے، کیا   اس بیماری سے متاثر جانور کی قربانی درست ہو گی ؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

طبی ماہرین اور دیگر ذرائع سے حاصل شدہ معلومات کے مطابق مذکورہ بیماری کی وجہ سے نہ تو جانور کے گوشت یا دودھ میں مضر صحت اثرات پیدا ہوتے ہیں [1] اور نہ ہی عام حالات میں جانور اتنا لاغر ہوتا ہے[2]           کہ وہ محض ہڈیوں کا ڈھانچا بن کر رہ جائے اور اس میں گوشت بالکل باقی نہ رہے  لہذا مذکورہ جانور کی قربانی درست ہے ہاں اگر وہ اس بیماری کی وجہ سے قربانی کرنے سے پہلے اتنا لاغر ہو جائے کہ محض ہڈیوں کا ڈھانچا بن کر رہ جائے تو ایسی صورت میں اس کی قربانی درست  نہیں ہوگی۔

فتاویٰ ہندیہ(53,54/9) میں ہے:

ولا تجزئ ‌العجفاء التي لا تنقي ….فإن كانت مهزولة فيها بعض الشحم جاز.       

العنایۃ شرح الہدایۃ (9/ 514) میں ہے:

(ولا يضحي بالعمياء والعوراء والعرجاء التي لا تمشي إلى المنسك ولا ‌العجفاء) لقوله  عليه الصلاة والسلام: «لا تجزئ في الضحايا أربعة: العوراء البين عورها والعرجاء البين عرجها والمريضة البين مرضها، والعجفاء التي لا تنقي»

امداد الاحکام (250,251/4) میں ہے:

سوال:کیا فرماتے ہیں علماء دین ومفتیانِ شرع متین اس مسئلہ میں کہ جو گائے یا بچھڑا وغیرہ قربانی کے واسطے خریدا جائے اور اس کے کسی عضو میں زخم ہو کر کیڑے پڑ جائیں مگر ویسے تندرست ہو تو وہ قربانی ہو سکتا ہے یا نہیں ؟۔۔۔۔

الجواب:اگر کیڑوں کی وجہ سے اس قدر دبلی ہو جائے کہ اس کی ہڈی میں مغز نہ رہے جب تو اس کی قربانی جائز نہیں ورنہ جائز ہےقیاسا علی الجرباء

وقال فيه صاحب الدر المختار: (والجرباء السمينة) ‌فلو ‌مهزولة لم يجز، لان الجرب في اللحم نقص وقال الشامي قال في الخانية وتجوز بالثولاء والجرباء السمينتين، فلو مهزولتين لا تنقي لا يجوز إذا ذهب مخ عظمها، فإن كانت مهزولة فيها بعض الشحم جاز يروى ذلك عن محمد اهـ قوله لا تنقي مأخوذ من النقي بكسر النون وإسكان القاف: هو المخ: أي لا مخ لها، وهذا يكون من شدة الهزال فتنبه. قال القهستاني: واعلم أن الكل لا يخلو عن عيب، والمستحب أن يكون سليما عن العيوب الظاهرة، فما جوز ههنا جوز مع الكراهة كما في المضمرات.

مسائل بہشتی زیور (469/1) میں ہے:

مسئلہ:اتنا دبلا بالکل مریل جانور جس کی ہڈیوں میں بالکل گودا نہ ہو اس کی قربانی درست نہیں اور اگر اتنا دبلا نہ ہو تو دبلے ہونے سے کچھ ضرر نہیں ۔ اس کی قربانی درست ہے لیکن موٹے تازے جانور کی قربانی کرنا زیادہ بہتر ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

[1] ۔انسانوں کیلئے کوئی خطرہ نہیں ہے!

لمپی سکن ڈیزیز یعنی گلٹی دار جلدی بیماری انسانوں میں منتقل نہیں ہوتی اورحفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق استعمال کئے جانے سے دودھ وگوشت انسانوں کیلئے محفوظ ہیں۔(**********)

.[2] .THE MERCK VETERINARY MANUAL (Eleventh Edition)  Page 869

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved