• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

’’میں تجھے طلاق دیتاہوں تو اپنے ماں باپ کے گھرواپس چلی جا‘‘کہنے کاحکم

استفتاء

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

میرا نام محسنہ نیاز علی ہے میری شادی میرے چچازاد کے ساتھ مورخہ پندرہ نومبر2015کو سرانجام پائی ۔شادی کے ابتدائی ماہ خوش گوار گذرے ۔دوماہ پہلے گھر میں  کچھ رقم چوری ہوگئی میرے شوہر نے مجھ پر الزام لگایا کہ رقم تم نے چوری کی ہے جس کی وجہ سے جھگڑا ہو گیا ۔رقم میں  نے چوری نہیں  کی لیکن بار بار مجھ پر الزام لگایا گیا ۔میرے شوہر نے مجھے مارا اور کہا میری ماں  نے کہا ہے اپنی بیوی کو طلاق دے دو اس لیے ’’میں  تجھے طلاق دیتا ہوں  تو اپنے ماں  باپ کے گھر واپس چلی جا ‘‘

پھر اسی دن دوپہر کو میرا شوہر دوبارہ گھر آیا مجھے دو تھپڑمارے اور بولا کہ ’’جا اپنے گھر میں  نے تجھے طلاق دی ہے دی ہے‘‘تو اپنے گھر کیوں  نہیں  جاتی میں  نے کہا ٹھہرو پہلے میں  اپنے والدین کو بتادوں  کہ میرے شوہر نے مجھے اس طرح طلاق دی ہے میں  اپنے والدین کے گھر آگئی پھر میرے چچا(سسر)مجھے لینے آئے اور مجھے اپنے گھر لے گئے ایک ماہ بعدرات کو میرا شوہر گھر آیا اور مجھے کہنے لگا کہ میری ماں  نے مجھے کہا تھا کہ تو اپنی بات سے مکرجا تاکہ ہم محسنہ کو واپس گھر لے آئیں  ’’لیکن میں  نے تجھے طلاق دی تھی تو واپس کیوں  آئی ہے‘‘۔

دو ماہ پہلے میں  تین ماہ کی حاملہ تھی ابھی پانچ ماہ کی حاملہ ہوں  ۔ازراہ کرم مندرجہ بالا حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے فتوی جاری فرمائیں  کہ کیا مجھے طلاق ہو گئی ہے ؟

نوٹ :         جو میں  تحریر لکھی ہے اس کا حلفا اقرار کرتی ہوں ۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں  ایک طلاق بائنہ واقع ہو چکی ہے پہلا نکاح ختم ہو گیا ہے ۔میاں  بیوی اکٹھا رہنا چاہیں  تو آپس میں  نیا نکاح کرکے رہ سکتے ہیں  ۔نکاح میں  حق مہر بھی ہو گا اور گواہ بھی ہوں  گے ۔یاد رہے کہ نکاح کے بعد پچھلی طلاق شمار میں  رہے گی اور آئندہ کے لیے خاوند کے پاس صرف دو طلاقوں  کا حق باقی رہے گا۔

توجیہ

۱۔پہلی رجعی طلاق اس جملے سے ہوئی ’’میں  تجھے طلاق دیتا ہوں ‘‘

۲۔بعد میں  یہ کہا ’’تو اپنے ماں  باپ کے گھر واپس چلی جا‘‘کے الفاظ کنایہ کی دوسری قسم سے تعلق رکھتے ہیں  جو پہلی رجعی طلاق کو بائنہ بنادیں  گے ۔

۳۔بعد کے الفاظ پہلی کی خبر ہیں  نئی طلاق کا انشاء نہیں  ہیں ۔اس لیے ان سے مزید طلاق نہ ہو گی۔

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved