• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

معلق طلاق ثلاثہ کے وقوع سے بچنے کا طریقہ

استفتاء

گذارش ہے کہ آپ اس مسئلے کا حل بتائیں میرے ماموں کی شادی کو سات سال ہوچکے ہیں۔ ان کی بیوی ذہنی طور پر بیمار ہیں۔ اسی بیماری کا باعث وہ گھر کا کام بہتر طریقے سے نہیں چلا سکتیں۔ وہ کبھی کبھار ان کے کپڑے شوپر میں ڈال کر الماری میں رکھ دیتی ہے۔ جس سے ان کو سخت نفرت ہے۔ ان کے بار بار منع کرنے کے بعد بھی وہ یہ کام کر دیتی ہیں۔ ایک دن کپڑوں کے شوپر کو الماری میں دیکھ کر ماموں کو بہت غصہ آیا اور اسی غصے میں انہوں نے کہا ’’ اگر تم نے اب شوپر رکھنے کی غلطی کی تو ایک شوپر پر ایک طلاق اور دوسرے شوپر دیکھنے پر دو طلاق اور تیسرا شوپر دیکھنے پر تین طلاق ‘‘۔ یہ کہہ کر بہت ڈر گئے ہیں کیونکہ مامی ایسا کرسکتی ہیں۔ برائے مہربانی اس کا حل بتادیں۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

اس کا حل یہ ہے کہ بیوی کے شوپر رکھنے سے پہلے آپ کا ماموں اپنی بیوی کو ایک طلاق بائن یوں کہہ کر دے کہ ’’ میں نے تمہیں ایک طلاق بائن دی۔ ‘‘ا س کے بعد عورت اپنی عدت گذارے اور دوران عدت شوپر رکھنے کی غلطی سے اپنے آپ کو بچا کر رکھے۔ جب عدت گذر جائے تو عورت تین شوپر علیحدہ علیحدہ موقعوں پر شوپر رکھے۔ ایسا کرنے سے ایک تو شوہر کی عائد کردہ شرط آئندہ کے لیے ختم ہو جائے گی اور دوسرے ایسا کرنے سے مزید کوئی طلاق واقع نہ ہوگی۔ اس کے بعد آپ ماموں دوبارہ دو گواہوں کی موجودگی میں اورنیا مہر مقرر کر کے نکاح کرلے۔ فقط و اللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved