• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

مسجد سے نکلنے کی دعا کا وقت

استفتاء

مسجد سے باہر نکلنے کی دعا مسجد شرعی سے نکلتے وقت پڑھنی چاہیے یا مسجد عرفی سے؟ جس میں مسجد شرعی و ملحقات و ضروریات کا حصہ بھی شامل ہوتا ہے۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مسجد سے باہر نکلنے کی دعا مسجد شرعی سے باہر نکلتے وقت پڑھنی چاہیے، نہ کہ مسجد عرفی سے۔ کیونکہ شریعت کی اصطلاح میں در حقیقت مسجد وہی ہے جسے شرعی مسجد کہتے ہیں۔ عرفی مسجد اگرچہ عرف عام کے لحاظ سے مسجد کہلاتی ہے لیکن شریعت کی اصطلاح میں وہ مسجد نہیں۔ لہذا مسجد  میں داخل ہونے یا مسجد سے نکلنے کی دعا کا تعلق بھی اسی مسجد سے ہو گا جو اصطلاح شریعت میں بھی مسجد ہو۔

مشكوٰة شریف  (1/ 68) میں ہے:

عن أبي أسيد رضي الله عنه قال قال رسول الله صلى الله عليه و سلم إذا دخل أحدكم المسجد فليقل اللهم افتح لي أبواب رحمتك و إذا خرج فليقل اللهم إني أسئلك من فضلك.

مشكوٰة  شریف أيضاً (1/ 70) میں ہے:

عن فاطمة بنت الحسين عن جدتها فاطمة الكبرى رضي الله عنهما قالت كان النبي صلى الله عليه و سلم إذا دخل المسجد صلى على محمد و سلم و قال رب اغفر لي ذنوبي و افتح لي أبواب رحمتك و إذا خرج صلى على محمد و قال رب اغفر ذنوبي و افتح لي أبواب فضلك. فقط و الله تعالى أعلم

آپ کے مسائل اور ان کا حل (2/ 140) میں ہے:

’’سوال: مسجد میں داخل ہونے کی دعا مسجد کے بیرونی گیٹ کے اندر داخل ہوتے وقت پڑھی جائے یا کہ اس حصہ میں

داخل ہوتے وقت جہاں نماز پڑھی جاتی ہے، سنت طریقہ کیا ہے؟

جواب: جو حصہ نماز کے لیے مخصوص ہے اور جس پر مسجد کے احکام جاری ہوتے ہیں (مثلاً جنبی کا مسجد میں داخل نہ ہونا اور معتکف کا بلا ضرورت مسجد سے باہر قدم نہ رکھنا) اس حصہ میں داخل ہوتے وقت دعا پڑھنی چاہیے۔‘‘

فتاویٰ محمودیہ (18/ 216) میں ہے:

’’سوال: ایک شاہی مسجد ہے اس کا بیرونی احاطہ بہت وسیع ہونے کی وجہ سے اصل مسجد کے حدود  علیحدہ ہیں۔ ایسی صورت میں مسجد میں داخل ہونے کی دعا کون سے دروازے سے داخل ہوتے وقت پڑھی جائے، بیرونی یعنی احاطہ کے دروازے سے داخل ہونے کے وقت یا اندرونی دروازے سے داخل ہوتے وقت جہاں کے نماز  پڑھی جاتی ہے؟

جواب: جو جگہ نماز کے لیے متعین اور وقف ہے کہ وہاں ناپاکی کی حالت میں جانا جائز نہیں۔ خواہ مسقف ہو یا غیر مسقف ہو، وہاں پیر رکھتے وقت دعا پڑھی جائے جو جگہ مسجد کے مسقف حصہ یا غیر مسقف حصہ سے متصل ہے۔ اور وہ نماز کے لیے متعین نہیں، اور ناپاکی کی حالت میں وہاں جانا منع نہیں وہ شرعی مسجد نہیں، اگرچہ احاطہ میں داخل ہو، وہاں داخل ہوتے وقت دعا نہیں۔‘‘

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved