- فتوی نمبر: 36-391
- تاریخ: 16 نومبر 2026
- عنوانات: عبادات > حج و عمرہ کا بیان > سنن و مستحبات حج
استفتاء
(1)کیا منیٰ میں قیام سنت ہے؟
(2)زید ایک گروپ سے حج کیلئے آیا آٹھ (8)ذوالحجہ کو منیٰ میں قیام کیا چار نمازیں پڑھیں فجر سے پہلے عرفات کیلئے نکل گئے مغرب تک قیام کیا پھر مزدلفہ چلے گئے مزدلفہ سے فجر ادا کرکے نکل گئے اور عزیزیہ چلے گئے، وہیں سے رمی کیلئے گئے اور واپس عزیزیہ آگئے قربانی کی اطلاع مغرب کے وقت ملی پھر احرام اتار دیا رات ١١ بجے عزیزیہ سے ہی طواف زیارت کیلئے چلے گئے ،واپسی پھر عزیزیہ میں ہی ہوئی منیٰ میں ١٠ ذوالحجہ کی حاضری نہیں ہوئی گروپ لیڈر نے بتایا طواف زیارت کی وجہ سے وقوفِ منیٰ موقوف ہوگیا ہے کیا یہ عمل درست ہے؟
اگلے دن ١١ ذوالحجہ کو عزیزیہ سے رمی کیلئے گئے اور رمی کر کے پھر واپس عزیزیہ آئے ١٢ ذوالحجہ کی نماز فجر کیلئے مسجد خیف لیکر گئے ڈیڑھ گھنٹے بعد ہی واپس عزیزیہ آگئے کیا یہ عمل درست ہے؟ اور پھر ١٢ ذوالحجہ کی رمی عزیزیہ سے کی اور واپس عزیزیہ آگئے پوچھنے پر کہا گیا کہ منیٰ میں قیام سنت عمل ہے شرعی عذر کی بنا پر چھوڑاجاسکتا ہے حالانکہ گروپ میں کسی کو کوئی شرعی عذر نہیں تھا۔
(3)کن صورتوں میں منیٰ کاقیام موقوف کیا جاسکتا ہے؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
(1۔2۔) منیٰ میں قیام سنت ہے،اور بغیر عذر کے منیٰ کے قیام کو چھوڑنا برا ہے۔
(3) جب کوئی عذر ہو تو منیٰ کے قیام کو چھوڑا جاسکتا ہے۔ جیسے رش زیادہ ہو اور جگہ کم ہو اور گروپ والے حاجیوں کو منی کے علاوہ کہیں اور ٹھہرائیں جیساکہ آجکل نیو منیٰ (مزدلفہ) میں کچھ حاجیوں کو ٹھہرایا جاتا ہے یا بیماری کی وجہ سے منیٰ میں قیام کرنا مشکل ہو۔
فتاوی ہندیہ(1/232) میں ہے:
“ثم يعود إلى منى، فيقيم بها لرمي الجمار في بقية الأيام ولا يبيت بمكة ولا في الطريق، كذا في غاية السروجي شرح الهداية، ويكره أن يبيت في غير منى في أيام منى كذا في شرح الطحاوي فإن بات في غيرها متعمداً فلا شيء عليه عندنا، كذا في الهداية، سواء كان من أهل السقایة أو غيره، كذا في السراج الوهاج.
غنیۃ الناسک (ص:47) میں ہے:
وأما سننه ( أي سنن الحج: ازناقل)…. والبيتوتة بمنى ليلة عرفة، والدفع من منى إلى عرفات بعد طلوع الشمس، ومن مزدلفة إلى منى قبله…. والبيتوتة بمنى ليالي أيام الحرمة…. وحكمها الاساءة بتركها وعدم لزوم الجزاء.
ہدایہ (1/147) میں ہے:
ويكره أن لا يبيت بمنى ليالي الرمي ” لأن النبي عليه الصلاة والسلام بات بها وعمر رضي الله عنه كان يؤدب على ترك المقام بها ” ولو بات في غيرها متعمدا لا يلزمه شيء عندنا
معلم الحجاج( ص:94) میں ہے:
سنن حج: ……(4) نویں ذی الحجہ کی رات کو منیٰ میں رہنا (5)طلوع آفتاب کے بعد نویں ذی الحجہ کو منیٰ سے عرفات کو جانا۔۔۔۔(9)ایام منیٰ میں رات کو منیٰ میں رہنا۔۔۔۔۔
سنت کا حکم یہ ہے کہ ان کو قصداً ترک کرنا برا ہے اور کرنے سے ثواب ملتا ہے اور ان کے ترک کرنے سے جزا لازم نہیں آتی۔
مختصر مسنون حج و عمرہ ، مصنفہ حضرت ڈاکٹر مفتی عبدالواحدؒ (ص:120.119) میں ہے:
تنبیہ:منیٰ کے بجائے مزدلفہ میں قیام
8 ذوالحجہ کو منیٰ جانا، منیٰ میں مذکورہ بالا پانچ نمازیں ادا کرنا اور نویں کی رات کا اکثر حصہ منیٰ میں گزارنا سنت ہے۔ باقی اوقات منیٰ میں گزارنا مستحب ہے۔ اسی طرح مزدلفہ میں وقوف کے بعد دسویں اور بعد کے ایام منیٰ میں گزارنا مستحب ہے اور ان کی راتیں منیٰ میں گزارنا سنت ہے۔ لہٰذا بلا عذر ان راتوں کو منیٰ کے علاوہ کہیں اور گزارنا مکروہ ہے، لیکن ان پر کوئی جزا نہیں آتی۔
رش کے زیادہ ہونے اور جگہ کی تنگی کی وجہ سے سعودی حکومت کچھ حجاج کو مزدلفہ میں ٹھہراتی ہے، اس کی گنجائش ہے۔ البتہ ان لوگوں میں سے کوئی ہمت کرے اور منیٰ کی حدود میں جا کر وقت گزار سکے تو زیادہ ثواب کی بات ہے، تاکہ سنت و استحباب پر بھی عمل ہو جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved