• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

میسج کے ذریعہ ایک طلاق کے بعد فون پردوطلاقوں میں میاں بیوی کا اختلاف

استفتاء

السلام علیکم ورحمۃ الله وبرکاتہ

کیافرماتے ہیں مفتیان کرام مندرجہ صورت مسئلہ کے بارے میں ؟

لڑکی کا بیان:

فروری 2019 ء میں گھریلو معاملات پر میرا اپنے خاوند سے جھگڑا ہوا جس پر انہوں نے کہا کہ میں چھوڑدوں گامیں نے نہیں رکھنا ۔اور پھر sms (موبائل میسج)پر لفظ "طلاق”لکھ کر بھیجا دوسرا sms کیا کہ ایک ہوگئی۔ اس وقت میں نفاس کی حالت میں تھی ۔نفاس سے پاک پاک ہونے کے بعد جون کی طلاق تک دو ماہواریاں گزریں ۔جس دوران میرے اور ان کے درمیان قربت یعنی صحبت بھی ہوئی۔جون 2019ء میں پھر سے جھگڑا ہوا اور sms  پر ہی "طلاق ” لکھ کر بھیجا ۔  اس سے اگلے روز فون پر بات کرتے ہوئے 2 بار طلاق ،طلاق  کہا،اس کے ساتھ ہی میں نے فون بند کر دیا۔ بعد میں سب کے سامنے رجوع ہوا۔جولائی 2019ء میں پھر جھگڑا کیا اور کہا "تم میری طرف سے فارغ ہو” میں نے اپنی پہلی بیوی کو ایک بار کہا تھا تو وہ چلی گئی تھی تمھیں تین بار کہ چکا ہوں تم کیوں نہیں جاتی؟میں تمھیں نہیں رکھ سکتا۔

لڑکے کا یہ کہنا کہ "مجھ پر جادو ہوا ہے” ہمیں اس پر اعتماد نہیں ۔ہمارا خیال ہے کہ اس نے نارمل حالت میں طلاق دی ہے۔

لڑکے کا بیان:

یہ جو میسج کا کہا گیا ہے میں  نے نہیں کیے نہ ہی فروری میں اور نہ ہی جون میں ۔ جون میں جو کال پر کہا ہے اس وقت یہ مجھے بتائے بغیر اپنے ماموں کے گھر چلی گئی تھی تو اس کو ڈرانے کے لیے طلاق کا لفظ استعمال کیا میں طلاق دینانہیں چاہتا تھا نہ میرا ارادہ تھا۔اور جب طلاق کا  کہا تھا تو یہ کہا تھا "طلاق دیدوں گا اگر دوبارہ گئی تو”۔لیکن لڑکے والوں نے کہا کہ ان الفاظ سے طلاق واقع ہوجاتی ہے اس لیے میں نے رجوع کر لیا۔ اور جو جولائی میں "تو میری طرف سے فارغ ہے” کا کہا گیا ہے  یہ بھی میں نے نہیں کہا۔ میں ڈیوٹی پرہوتاہوں۔مارچ میں 15 دن کے لیے گھر آیا اور اپریل میں بھی تقریبا 20 دن کے لیے گھر آیا ۔ میری بیوی ان دنوں میرے گھر میں ہی تھی۔اور مجھ پر میرے چاچو نے کالا علم کیا ہوا ہے وہ کہتا ہے میں یہ گھر اجاڑ کے رہوں گا۔مجھے چیک کروایا گیا ہے  تو یہاں کے پیر صاحب نے بتایا ہے کہ بہت سخت جادو کیاہے اور سایہ بھی ہے۔وہ یہاں طلاق والے نام سے مشہور ہے اس میرے چاچو نے مجھے کہا تھا کہ بہت جلد تیری طلاق کروا دوں گا۔اور مجھے اتنا غصہ آتا ہے کہ کئی دفعہ دل کرتا ہے کہ خود کو گولی مار دوں یا لٹک کے مر جاؤں۔

دونوں بیانوں کی روشنی میں شریعت کاکیاحکم ہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں بیوی کےحق میں  تین طلاقیں واقع ہوچکی ہیں جن کی وجہ سے بیوی شوہر پ حرا م ہوگئی ہے لہذآ اب نہ رجوع ہو سکتا ہے اور نہ صلح کی گنجائش ہے۔

توجیہ:

فروری میں میسج پر "طلاق” لکھ کر بھیجا گیا میسج   کتابت غیر مرسومہ ہے جس کے ذریعے طلاق  واقع ہونے کے لیے شوہر کا اقرار اور طلاق کی نیت شرط ہے ۔چونکہ شوہر اس میسج کا منکر(انکاری) ہے اور عورت کے پاس کوئی ثبوت بھی نہیں اور شوہر حلف بھی اٹھا رہا ہے ہے کہ اس نے طلاق کا کوئی میسج نہیں کیا  اس لیے شوہر کے حق میں وہ  کتابت ثابت نہ ہوگی  اور شوہر کے حق میں اس  کے ذریعے طلاق واقع نہ ہوگی۔یہی تفصیل جون میں میسج پر بھیجی گئ طلاق میں  ہے یعنی اس کے ذریعے بھی شوہر کے حق میں طلاق واقع نہیں ہوئی۔ جون ہی میں دو طلاق فون پر دی گئیں جس کی تفصیل یہ ہے کہ   بیوی  دو طلاق کی دعوے دار  ہے جبکہ شوہر منکر (انکاری)ہے اور بیوی کے پاس کوئی گواہ بھی نہیں اور شوہر حلف بھی اٹھا رہا ہے لہذا ان الفاظ سے بھی شوہر کے حق میں طلاق واقع نہ ہوگی ۔ لیکن بیوی کو یقین ہے کہ شوہر نے الفاط طلاق کہے ہیں اس لیے بیوی کے حق میں ان الفاظ سے دو طلاقیں واقع ہو گئیں۔پھر جولائی میں کہا کہ "تم میری طرف سے فارغ ہو” یہ کنائی الفاظ میں سے ہے جس سے مذاکرۂ طلاق میں بیوی کےحق میں  بغیر نیت کے بھی طلاق واقع ہوجاتی ہے ۔ شوہر اس لفظ کے کہنے  کا بھی منکر ہے اور بیوی کے پاس کوئی ثبوت نہیں ۔لیکن بیوی کو یقین ہے کہ شوہر نے یہ لفظ کہے تھے اس لیے اب اس کے حق میں تیسری طلاق بھی ہوگئ جس کے بعد بیوی شوہر پر حرام ہوگئی ۔ اب  نہ رجوع کی کوئی صورت ہے اور نہ صلح کی کوئی گنجائش ہے ۔

فتاوى عالمگیری  (1/ 379) میں ہے:

رجل استكتب من رجل آخر إلى امرأته كتابا بطلاقها وقرأه على الزوج فأخذه وطواه وختم وكتب في عنوانه وبعث به إلى امرأته فأتاها الكتاب وأقر الزوج أنه كتابه فإن الطلاق يقع عليها وكذلك لو قال لذلك الرجل ابعث بهذا الكتاب إليها أو قال له اكتب نسخة وابعث بها إليها وإن لم تقم عليه البينة ولم يقر أنه كتابه لكنه وصف الأمر على وجهه فإنه لا يلزمه الطلاق في القضاء ولا فيما بينه وبين الله تعالى وكذلك كل كتاب لم يكتبه بخطه ولم يمله بنفسه لا يقع به الطلاق إذا لم يقر أنه كتابه.

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved