- فتوی نمبر: 20-212
- تاریخ: 26 مئی 2024
- عنوانات: عبادات > روزہ و رمضان > نفلی روزوں کے احکام
استفتاء
(1)محرم کے روزوں کا ثواب کیا ہے؟(2)اور کتنے روزےہیں؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
1۔محرم الحرام کا مہینہ قابلِ احترام اورعظمت والا مہینہ ہے، اس مہینے کے عام دنوں میں ایک دن کے روزے کاثواب تیس (30)دن کے روزوں کےبرابر ہے،اوردس (10)محرم کےروزے کاثواب یہ ہے کہ اس سے سابقہ ایک سال کے گناہ معاف ہوجانے کی امید ہے۔
2۔ یومِ عاشورہ (دس محرم)کےساتھ نويں یا گیارہویں کاروزہ رکھنامستحب ہے،اس کے علاوہ اس پورے مہینے میں بھی روزے رکھنے کی فضیلت احادیث میں وارد ہوئی ہے، اور آپ ﷺ نے ماہِ محرم میں روزہ رکھنے کی ترغیب دی ہے۔
الجمع بين الصحيحين البخاري ومسلم (2/ 23)
عن ابن عباس رضي الله عنه قال مارأيت النبي صلي الله عليه وسلم يتحري صيام يوم فضله علي غيره الاهذااليوم يوم عاشوراء
ترجمہ:حضرت عبداللہ بن عباس ؓکہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو نہیں دیکھا کہ آپ نے کسی ایسے روزے کی طلب میں مبالغہ کیا ہوجس کو آپ نے دوسرے دنوں پر فضیلت دی ہو سوائے اس دن کے یعنی یوم عاشورہ کے ۔
صحيح مسلم (2/ 818)
عن أبی قتادة قال قال رسولُ اللّٰه صلی اللّٰه علیه وسلم …..صيام يوم عاشوراء أحتسب على الله أن يكفر السنة التي قبله
ترجمہ: حضرت ابوقتادہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ …. مجھے اللہ سے امید ہے کہ عاشوراء کے دن کا روزہ گذشتہ سال کے گناہوں کا کفارہ ہوجائے گا
فی المسلم:رقم الحدیث:1163
عن أبي هريرة سُئلَ: أيُّ الصلاةِ أفضلُ بعد المكتوبةِ؟ وأيُّ الصيامِ أفضلُ بعد شهرِ رمضانَ؟ فقال”أفضلُ الصلاةِ،بعدالصلاةِالمكتوبةِ،الصلاةُ في جوفِ الليلِ.وأفضلُ الصيامِ،بعد شهرِ رمضانَ، صيامُ شهرِ اللهِ المُحرَّمِ
ترجمہ: حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا …..افضل ترین روزے رمضان کے بعد ماہ محرم کےروزے ہیں۔
فی المسلم:2/797
عن ابن عباس رضي الله عنهما قال حين صام رسول الله صلي الله عليه وسلم يوم عاشوراء وامر بصيامه قالوا يا رسول الله انه يوم يعظمه اليهود والنصارٰي فقال رسول الله صلي الله عليه وسلم لئن بقيت الي قابل لاصومن التاسع
ترجمہ:حضرت عبداللہ بن عباس ؓ کہتے ہیں کہ جب رسول اللہ ﷺ نے عاشورہ کےدن کا روزہ رکھا اوراس کے روزے کا (صحابہ ؓکوبھی)حکم دیا توکچھ صحابہ ؓنے کہا اے اللہ کے رسول عاشورہ کا دن تو وہ ہے جس کی تعظیم یہود ونصاری (بھی)کرتے ہیں (اور ہمیں ان کے ساتھ مشابہت نہ کرنے اورمخالفت کرنے کا حکم بھی ہے تو اس دن کی تعظیم میں ہم ان کے ساتھ کیسے موافقت کریں)آپ ﷺ نے فرمایا اگر میں آئندہ سال زندہ رہا تو میں نویں کا روزہ بھی ضروررکھوں گا (تاکہ یہود ونصاری کے ساتھ مشابہت نہ رہے)۔
نوٹ:یہود ونصاری کےساتھ مشابہت جس طرح دسویں کے ساتھ نویں کا روزہ رکھنے سے ختم ہوجاتی ہے اسی طرح دسویں کےساتھ گیارہویں کاروزہ رکھنے سے بھی ختم ہوجاتی ہے۔چنانچہ مسند احمد کی مندرجہ ذیل روایت میں اس کی تصریح بھی ہے۔
في المسند احمد:8/15
عن ابن عباس رضي الله عنهما قال قال رسول الله صلي الله عليه وسلم صوموايوم عاشوراء وخالفوااليهود صوموا قبله يومااوبعده يوما
ترجمہ:حضرت عبداللہ بن عباس ؓکہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا عاشورہ کے دن کا روزہ رکھواور یہود (کےساتھ مشابہت نہ کرو۔لہذا ان )کی (اس طرح سے )مخالفت کرو کہ اس سے ایک دن پہلے یا ایک دن بعد میں بھی روزہ رکھو۔
سنن الترمذي (3/ 117)
عن علي : قال سأله رجل فقال أي شهر تأمرني أن أصوم بعد شهر رمضان ؟ قال له ما سمعت
أحدا يسأل عن هذا إلا رجلا سمعته يسأل رسول الله صلى الله عليه و سلم وأنا قاعد فقال يا رسول الله أي شهر تأمرني أن أصوم بعد شهر رمضان ؟ قال إن كنت صائما بعد شهر رمضان فصم المحرم فإنه شهر الله فيه يوم تاب فيه على قوم ويتوب فيه على قوم آخرين
حضرت علی ؓسے مروی ہے کہ…… رسول الله ﷺ سے ایک آدمی نے عرض کیا اے اللہ کے رسولﷺ رمضان کے بعد آپؐ کس مہینے کے روزے میرے لئے تجویز فرمائیں گے؟آپؐ نے فرمایا کہ اگر تو رمضان کے علاوہ کسی مہینے میں روزے رکھنا چاہے تو محرم کے مہینے میں روزے رکھنا، کیونکہ یہ اللہ تعالیٰ کا مہینہ ہے، اس میں ایک دن ایسا ہےکہ جس دن اللہ تعالیٰ نے ایک قوم کی توبہ قبول فرمائی اوراس دن میں ایک قوم کی توبہ (آئندہ بھی) قبول فرمائیں گے۔
ترمذی ( 1/157)میں ہے:
عن ابي هريرة رضي الله عنه قال قال رسول صلی الله عليه وسلم أفْضَلُ الصِّیَامِ بَعْدَ صِیَامِ شَهْرِ رَمَضَانَ شَهْرُ اللة الْمُحَرَّمُ
ترجمہ:حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
ماہ رمضان المبارک کے روزوں کے بعد سب سے افضل روزہ ماہ محرم الحرام کا ہے۔
(الترغیب والترہیب2/114)
عن ابن عباس رضي الله عنه قال قال رسول الله صلي الله عليه وسلم مَنْ صَامَ یَوْمًا مِنَ الْمُحَرَّمِ فَله بِکُلِّ یَوْمٍ ثَلاَثُوْنَ یَوْمًا․
ترجمہ :حضرت عبدالله بن عباس ؓسے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺنے ارشاد فرمایا:جو شخص محرم کے ایک دن کا روزہ رکھےاس کو ہر دن کے روزہ کے بدلہ تیس دن روزہ رکھنے کا ثواب ملے گا
© Copyright 2024, All Rights Reserved