- فتوی نمبر: 29-143
- تاریخ: 24 مئی 2023
- عنوانات: عبادات > قربانی کا بیان
استفتاء
میری مرغیوں کی دکان ہے ۔میں الحمد للہ بسم اللہ پڑھ کر مرغی ذبح کرتا ہوں اس حوالہ سے میری دکان پر مختلف لوگ آکر مختلف باتیں کرتے ہیں مثلاً کوئی کہتا ہے کہ ’’بسم اللہ اللہ اکبر ‘‘ کہنا چاہیے اور کوئی صرف بسم اللہ پڑھنے کا کہتا ہے اسی طرح کوئی کہتا ہے کہ تین مرتبہ تکبیر پڑھنی چاہیے اور کوئی ایک مرتبہ پڑھنے کا کہتا ہےلہذا اس حوالہ سے میرے تین سوال ہیں براہ کرم آپ ان کا تحریری جواب عنایت فرمائیں تاکہ میں اس کو اپنی دکان پر لگا سکوں اور اپنے پاس محفوظ کر سکوں۔
1۔ مرغی ذبح کرتے وقت تکبیر کے کون سے الفاظ پڑھنے چاہییں ؟
2۔ تکبیر کتنی مرتبہ پڑھنی چاہیے؟
3۔ ذبح کرنے کے بعد پہلے سر کاٹنا چاہیے یا پہلے پیٹ چاک کرنا چاہیے؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
1۔ مرغی یا کوئی اور جانور ذبح کرتے وقت’’بسم اللہ اللہ اکبر ‘‘ پڑھنا چاہیے۔
2۔ ایک مرتبہ پڑھنا کافی ہے۔
3۔ ذبح کرنے کے بعد جانور کا سر پہلے کاٹیں یا پیٹ پہلے چاک کریں اس میں شریعت کی طرف سے کوئی پابندی نہیں البتہ اتنی بات ضرور ہے کہ جب تک جانور ٹھنڈا نہ ہو جائے تب تک اس کا سر کاٹنا یا پیٹ چاک کرنا مکروہ ہے۔
درمختار (9/502)میں ہے:
والمستحب أن يقول بسم الله الله أكبر بلا واو
درمختارمع ردالمحتار(9/495)میں ہے:
(و) كره كل تعذيب بلا فائدة مثل (قطع الرأس والسلخ قبل أن تبرد) أي تسكن عن الاضطراب وهو تفسير باللازم كما لا يخفى
(قوله وهو تفسير باللازم) لأنه يلزم من برودتها سكونها بلا عكس
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved