- فتوی نمبر: 20-312
- تاریخ: 26 مئی 2024
- عنوانات: عبادات > قسم اور منت کا بیان
استفتاء
اگر کسی نے نذر مانی ہو کہ میرا فلاں کام ہوگیا تو اتنے روزے رکھوں گا پھر کچھ عرصے بعد وہ کام ہو گیا مگر وہ انسان بھول چکا ہے کہ اس نے کتنے روزوں کی نذر مانی تھی تو اس صورت میں وہ کیا کرے؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ صورت میں آپ اچھی طرح سوچ وبچار اور غور وفکر کریں کہ میں نے کتنے روزوں کی منت مانی ہوگی ،غور وفکر کے بعد جو تعداد ذہن میں آئے اتنے روزے رکھ لیں۔
آپ کے مسائل اور ان کا حل( 5/204 )میں ہے:۔
س… میں نے منّت مانی تھی کہ اگر میری مراد پوری ہوگئی تو میں روزے رکھوں گا اور صدقہ دوں گا وغیرہ۔ اس سلسلے میں پوچھنا یہ ہے کہ مجھے صحیح طرح یاد نہیں ہے کہ میں نے کتنے روزوں کی منّت مانی تھی اور صدقے میں کیا دینا ہے؟ تو کیا میں دوبارہ کسی چیز کی نیت کرسکتا ہوں (یعنی صدقہ وغیرہ یا نفل نماز یا روزے وغیرہ کی تعداد یا پیسوں کی مقدار دوبارہ معین کرسکتا ہوں کہ نہیں؟) یہ واضح رہے کہ ابھی میری مراد پوری نہیں ہوئی، میں چاہتا ہوں کہ جو بھی منّت مانوں، اسے پورا کروں، اس لئے لکھ کر اپنے پاس رکھ لوں تاکہ یاد رہ سکے، یا پھر مجھے پہلے والی منّت پوری کرنی ہوگی؟
ج… جس کام کے لئے آپ نے منّت مانی تھی اگر وہ پورا نہیں ہوا تو منّت لازم نہیں ہوتی، اگر آپ نے یوں کہا تھا کہ اتنے روزوں رکھوں گا یا اتنا صدقہ دوں گا، تب تو کام پورا ہوجانے کی صورت میں آپ کو اتنے ہی روزے رکھنے ہوں گے اور صدقہ دینا ہوگا، اور اگر یاد نہیں تو غور و فکر کے بعد جو مقدار ذہن میں آئے اس کو پورا کرنا ہوگا، اور اگر یوں کہا تھا کہ کچھ روزے رکھوں گا یا کچھ صدقہ دوں گا، تو اب اس کا تعین کرسکتے ہیں۔
فتاوی دارالعلوم دیوبند(3/271)میں ہے:۔
کفارہ یا د ہو مگر قضا روزوں کی تعداد یا د نہ ہو تو کیا کرے ؟
(سوال) کسی شخص کے ذمہ چند رمضان کے روزوں کا کفارہ ہو کہ تعداد بھی نہ ہو ، ایسے ہی نماز کی قضاء یا د نہ ہو کہ کے سال کی ذمہ ہیں تو کیسے اد اکرے قسموں کے کفارے اگر بہت ذمہ ہوں اور تعداد یاد نہ ہو تو کیا کرنا چاہئے ، آیا سب کی طرف سے ایک کفارہ کافی ہوگا یا نہیں ۔
(جواب) نماز اور روزوں کا اندازہ کر کے قضاء کر ے اور کفارہ میں تداخل ہو سکتا ہے ،یعنی ایک کفارہ سے سب کو مواخذہ سے بری ہوجائے گا شامی میں ہے:
وفی البغية کفارات الا یمان اذا کثرت تدا خلت ویخرج بالکفارة الواحدة عن عهدة الجمیع الخ
© Copyright 2024, All Rights Reserved