• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

(1) نكاح سے پہلے منگنی کی حیثیت (2) رخصتی نہ ہونے پر بیوی کو خرچ دینا

استفتاء

1۔نكاح سے  پہلے منگنی کی دین میں کیا حیثیت ہے؟

2۔ نکاح  ہوچکا ہے  لیکن ابھی رخصتی نہیں ہوئی تو کیا بیوی کو خرچ دینا ہوگا؟

وضاحت مطلوب ہے: آپ منگنی کے جائز یا ناجائز ہونے کے بارے میں پوچھنا چاہتے  ہیں یا منگنی کے  ضروری ہونے یا  نہ ہونے کے بارے میں پوچھنا چاہتے  ہیں؟

جواب وضاحت: منگنی ضروری ہے یا نہیں؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1۔منگنی کی حیثیت صرف وعدہ نکاح کی ہے، منگنی کے بعد بغیر کسی شرعی عذر کے رشتہ سے انکار کرنا گناہ ہے۔ نیز شرعاً  منگنی نکاح کے لیے ضروری و لازم نہیں ، منگنی کے بغیر بھی نکاح ہو سکتا ہے۔

2۔ نکاح کے بعد اگر رخصتی کا معاملہ شوہر کی طرف سے رکا ہوا ہے اور بیوی شوہر سے خرچ کا مطالبہ بھی کرتی ہے تو شوہر پر خرچہ دینا ضروری ہے لیکن اگر شوہر رخصتی کروانا چاہے اور بیوی کی طرف سے کسی شرعی عذر کے بغیر  رخصتی نہ ہو تو بیوی خرچہ لینے کی حقدار نہ  ہوگی۔

درمختار (3/12) میں ہے:

وإن ‌للوعد فوعد

وفى الشامية: لو قال هل أعطيتنيها ‌فقال ‌أعطيت ‌إن ‌كان المجلس للوعد فوعد، وإن كان للعقد فنكاح.

ہندیہ(1/545) میں ہے:

‌الكبيرة ‌إذا ‌طلبت النفقة، وهي لم تزف إلى بيت الزوج فلها ذلك إذا لم يطالبها الزوج بالنقلة………….  فإن كان الزوج قد طالبها بالنقلة، فإن لم تمتنع عن الانتقال إلى بيت الزوج فلها النفقة، فأما إذا امتنعت عن الانتقال، فإن كان الامتناع بحق بأن امتنعت لتستوفي مهرها فلها النفقة، وأما إذا كان الامتناع بغير الحق بأن كان أوفاها المهر أو كان المهر مؤجلا أو وهبته منه فلا نفقة لها كذا في المحيط.

کفایت المفتی  (5/48) میں ہے:

 یہ ( منگنی) نکاح نہیں ہے وعدہ نکاح ہے اگر اس کے بعد بلا وجہ معقول لڑکی والا لڑکی کو دوسری جگہ بیاہ دے تو وعدہ خلافی کا مجرم ہوگا مگر دوسری جگہ نکاح درست ہوگا۔

بہشتی زیور ، حصہ چہارم (ص:524) میں ہے:

مسئلہ: نکاح ہو گیا لیکن رخصتی نہیں ہوئی تب بھی روٹی، کپڑا کی دعویدار ہو سکتی ہے لیکن اگر مرد نے رخصت کرانا چاہا پھر بھی رخصتی نہیں ہوئی تو روٹی، کپڑا ،پانی کی مستحق نہیں ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved