• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

آن لائن (Online) خدمات مستعار لینے اور دینے کا  حکم

استفتاء

1) بعض ویب سائٹ  ایسی ہوتی ہیں جہاں پر چیزوں  کی خرید و فروخت نہیں کی جاتی بلکہ خدمات (Services) لی جاتی ہیں جیسے فائیور (Fiverr.com) اور اپ ورک (Upwork.com) وغیرہ۔ ان ویب سائٹ  کے ذریعہ مختلف قسم کے کام ہوتے ہیں:

  • بعض لوگ ویڈیو دے دیتے ہیں ایڈٹ (Edit) کر نے کے لئے اور اس میں گانے لگانے ہوتے ہیں ۔ تو کیا یہ جائز ہے؟
  • بینر (Banner) بنانے ہوتے ہیں جن میں لڑکیوں کی تصاویر لگانی ہوتی ہیں  تو کیا یہ جائز ہے؟
  • کسی کمپنی کی مشہوری کے لئے اشتہار بنانا پڑتا ہے اس میں تصاویر بھی ہوتی ہیں تو کیا یہ جائز ہے؟
  • غیر ملکی کمپنی کے لوگو (Logo) وغیرہ بنائے جاتے ہیں تو کیا یہ جائز ہے؟

2) جس ویب سائٹ پر بھی خرید و فروخت یا کام وغیرہ کرتے ہیں اس میں پیسوں کا لین دین بینک کے ذریعہ ہوتا ہے  تو جس کام میں بینک شامل ہو جائے تو کیا وہ کام جائز ہوتا ہے ؟

3) بیرون ملک سے پیسوں کی وصولی کے لئے کسی ویب سائٹ پر اکاؤنٹ بنایا جاتا ہے۔ اب بعض ویب سائٹ یہ آفر دیتی ہیں کہ آپ ہمارے پاس اکاؤنٹ بنائیں تو ہم آپ کو اتنے ڈالر دیں گے۔ جیسے کہ ہم (Payoneer.com ) کے ذریعہ پیسوں کی وصولی کرتے ہیں یہ اکاؤنٹ کھلوانے پر پچیس (25) ڈالر  دیتے ہیں۔ تو کیا یہ پیسے جائز ہیں؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1)  ان ویب سائٹس پر جائز کام کرنا اور اس کے ذریعہ پیسے کمانا جائز ہے اور ناجائز کام کر کے کمائے گئے پیسے حلال نہیں۔

  • موسیقی اسلام میں حرام ہے اس لئے ویڈیو میں گانے لگا کر پیسے کمانا جائز نہیں۔
  • غیر محرم کی تصویر کا دیکھنا جائز نہیں اس لئے اس کا استعمال بھی جائز نہیں ۔
  • ہماری تحقیق میں جاندار کی ڈیجیٹل تصویر بھی جائز نہیں لہذا اس کا استعمال اور اس کے ذریعہ پیسے کمانا جائز نہیں۔
  • غیر ملکی کمپنی کا لوگو (Logo)بنا کر اجرت وصول کرنا جائز ہے بشرطیکہ اس میں کوئی غیر شرعی امر (جاندار کی تصویر وغیرہ ) نہ ہو۔

2)  بینک کے ذریعہ اپنی اجرت وصول کرنا جائز ہے۔

3) اگر کمپنی اکاؤنٹ میں کوئی مخصوص رقم رکھنے کی شرط کے بغیر صرف اکاؤنٹ بنانے پر یہ رقم  دیتی ہے یہ رقم کمپنی کی طرف سے  ہدیہ ہے جسکا لینا اور استعمال کرنا جائز ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved