• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

قرض کی پیسوں کی واپسی کی امید نہ ہوتو ان پیسوں پرزکوۃ نہیں

استفتاء

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

مندرجہ ذیل معاملات میں قرآن وسنت کی روشنی میں آپ کی راہنمائی کی ضرورت ہے ۔براہ کرم تحریری طور پر مطلع فرمائیں۔

1۔میں نے مبلغ/ 300000(تین لاکھ)روپے بطور قرضہ حسنہ ایک سال کی مدت کے لیے اپنے چھوٹے بھائی کو دیئے تھے اورایک سال کی اس پر زکوۃ بھی ادا کرچکا ہوں ۔میرے بھائی نے اپنے مالی حالات کے پیش نظر واپسی سے نہ صرف فی الحال انکار کردیا ہے بلکہ اس قرض کی واپسی کے لیے مزید کسی مدت کی یقین دہانی سے بھی معذوری ظاہر کردی ہے۔ وہ خود اپنا ذاتی کاروبار بندہونے کی وجہ سے گھر میں بیکار بیٹھے ہیں اورایک جوان لڑکابھی بےروزگار ۔دونوں کسی مناسب نوکری کی تلاش میں ہیں ۔

ان حالات کےپیش نظر راہنمائی فرمائیے کہ اس رقم پرمزید زکوۃ کی ادائیگی کیا میں خود کرتا رہوں گا؟جبکہ مجھے واپسی کی کچھ امید نہیں ہے۔

2۔میری  بڑی بیٹی جو کہ بیوہ ہے اپنے دوبچوں (بالغ بیٹا ،بیٹی)کے ساتھ اپنی ساس کے گھر میں رہتی ہیں جبکہ سسر فوت چکے ہیں ۔میری بیٹی کے پاس ذاتی تقریبا 25تولہ سونے کے زیورات (بمعہ موتیوں کے وزن سمیت)اور50لاکھ روپے نیشنل سیونگ سینٹر میں جمع ہیں جس کا منافع وہ 60000ہزار روپے ماہانہ لیتی ہیں جس میں وہ اپنے گھر کاخرچہ بچوں کی فیس ،بلوں کی ادائیگی ودیگر روزمرہ کے اخراجات کے علاوہ زیورات پرزکوۃ کی ادائیگی بھی ماہانہ تقسیم کردیتی ہے ۔ ا ٓپ سے گذارش ہے کہ راہنمائی فرمائیے کہ(الف) کیا موتیوں کے وزن پربھی زکوۃ ہوگی؟(ب)نیشنل سیونگ سینٹر میں جمع ہیں اس پر بھی ڈھائی فیصد زکوۃ علیحدہ دینا ہوگی؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1۔اگرواقعتاً واپسی کی امید ختم ہوگئی ہے تو اس رقم پرنہ آپ کےذمے زکوۃ ہے اورنہ آپ کےبھائی کے ذمے اس کی زکوۃ ہے۔

2۔(الف)صرف زیور  کے وزن پرزکوۃ ہوگی ،موتیوں کے وزن پرزکوۃ نہ ہوگی ۔(ب) ان پر بھی زکوۃ دینی ہوگی۔تاہم نیشنل سیونگ سینٹر میں رقم جمع کرواکرمنافع حاصل کرناجائز نہیں ۔

مذکورہ صورت میں میزان بینک کےسیونگ اکاؤنٹ میں رقم جمع کروا کر منافع حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

نوٹ:زیور کےوزن میں خالص سونے کی قیمت لگانا ضروری نہیں بلکہ جس کیرٹ  کازیور ہواسی کیڑٹ کی قیمت لگانا بھی کافی ہے

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved