• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

قصر نماز کی ایک صورت

استفتاء

میری بیوی کی اپنے میکے میں جاب ہے،ا س لیے وہ وہاں ہی قیام پذیر ہے۔ میرے پاس لاہور چھٹیوں میں یا کبھی ویسے آجاتی ہے لیکن ابھی تک 15 دن کے لیے نہیں رکی۔ اب سوال یہ ہے کہ لاہور میں ان کی نماز قصر ہوگی یا مکمل ہوگی؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں اگر آپ کی بیوی آپ کے پاس پندرہ دن سے کم  کی نیت  سے لاہور آئے گی تو قصر  نماز پڑھے گی۔

توجیہ:کیونکہ سسرال کو مستقل قیام گاہ نہ بنانے کی صورت میں وہ عورت کیلیے وطن اصلی نہیں بنا،بلکہ اس کا اپنا آبائی گھرہی وطن اصلی برقرار رہا،وطن اصلی کیلیے شرط ہے کہ وہاں مستقل تعیش اور قرار کا قصد ہو،ارتحال کا ارادہ نہ ہو۔

بدائع الصنائع (1/280)میں ہے:

مطلب في أن الأوطان ثلاثة (ثم) الأوطان ثلاثة: وطن أصلي: وهو وطن الإنسان في بلدته أو بلدة أخرى اتخذها دارا وتوطن بها مع أهله وولده، وليس من قصده الارتحال عنها بل التعيش بها.

(ووطن) الإقامة: وهو أن يقصد الإنسان أن يمكث في موضع صالح للإقامة خمسة عشر يوما أو أكثر.

(ووطن) السكنى: وهو أن يقصد الإنسان المقام في غير بلدته أقل من خمسة عشر يوما

بہشتی زیور مدلل (1/135)میں ہے:

بیاہ کے بعد اگر عورت مستقل  طور  پر اپنے سسرال رہنے لگی تو اس کا اصلی گھر سسرال ہے،تو اگر تین منزل چل کر میکے گئی اور پندرہ روز ٹھرنے کی نیت نہیں ہے تو مسافر رہے گی،مسافرت کے قاعدے سے نماز روزہ کرے  اور اگر وہاں کا رہنا ہمیشہ کیلئے دل میں نہیں ٹھانا تو جو وطن پہلے سے اصلی تھا وہی اب بھی اصلی رہے گا۔

فتاوی محمودیہ (7/498)میں ہے:

بعض علاقوں میں دستور ہے کہ شادی کے بعدلڑکی اپنے شوہر کے مکان پرایک دودن کے لئے بطورمہمان کے جاتی ہے پھرواپس چلی آتی ہے۔ کچھ مدت کے بعد پھر دوچارروز کے لئے جاتی ہے اورچلی آتی ہے۔ کچھ عرصہ تک یہی حال رہتاہے۔ اس صورت میں میکہ اس کاوطن اصلی رہتاہے۔ وہ وہاں اتمام کرتی ہے اورشوہر کامکان ابھی وطن اصلی نہیں بنا۔ پھرمستقلاً شوہر کے مکان پر قیام کے لئے آجاتی ہے کہ اصالۃً اب اسے یہاں رہنا ہے بوقتِ ضرورت میکہ جاناہوگا۔اس لئے شوہر کاوطن ہی اس کاوطن اصلی کہلاتاہے۔ اب وہاں قصر نہیں کرے گی۔ بہشتی زیورکی مراد یہی ہے۔ 

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved