• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

ریٹائر منٹ فنڈ پر زکوٰۃ کا حکم

استفتاء

عرض یہ ہے کہ میں ایک تنخواہ دار ملازم ہوں، عمر ۴۷ سال ہے  قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی منصوبہ بندی کر رہا ہوں۔ صورتِ حال کی مکمل تفصیل درج ذیل ہے، براہِ کرم اس کی روشنی میں شرعی رہنمائی فرمائیں۔

(1)میں ہر ماہ اپنی تنخواہ سے ایک شریعہ کمپلائنٹ منی مارکیٹ فنڈ (میزان کیش فنڈ) میں رقم جمع کراتا ہوں۔ اس وقت تقریباً 6 لاکھ ۳۰ ہزار روپے ہیں،  ریٹائرمنٹ تک اندازاً ۲ سے ۲.۵ کروڑ روپے تک پہنچنے کی توقع ہے۔

یہ رقم فنڈ میں یونٹس کی صورت میں ہے، اس پر نفع ملتا رہتا ہے، اور میں جب چاہوں چند منٹ میں رقم نکلوا سکتا ہوں۔

ریٹائرمنٹ کے بعد میرا کوئی دوسرا ذریعۂ آمدن نہیں ہوگا   نہ تنخواہ، نہ کاروبار، نہ کرایہ۔ اسی فنڈ کے نفع سے میں اور میری اہلیہ (ہم صرف دو افراد ہیں) ماہانہ اخراجات پورے کریں گے۔

ارادہ یہ ہے کہ اصل رقم کو ہاتھ نہ لگاؤں اور صرف نفع خرچ کروں، لیکن مہنگائی کے سبب بعد کے سالوں میں اصل رقم میں سے بھی خرچ کرنا پڑے گا۔

(2)اس کے علاوہ ایک “میزان تحفظ پنشن فنڈ” (وولنٹری پنشن اسکیم) ہے جس میں میرا ادارہ اور میں دونوں ہر ماہ رقم جمع کراتے ہیں۔ قانوناً یہ رقم ۶۰ سال کی عمر سے پہلے نہیں نکالی جا سکتی۔ اس وقت اس میں تقریباً ۲ لاکھ ۴۰ ہزار روپے ہیں۔

میری اہلیہ کے پاس 6.25 تولہ سونا ہے جو میں نے انہیں ہبہ کر دیا ہے۔ ان کے پاس اس کے سوا کوئی مال یا آمدن نہیں۔

ان شاء اللہ آئندہ ذاتی رہائش کے لیے ایک مکان خریدنے کا ارادہ ہے۔

میں نے فنڈ میں زکوٰۃ کی کٹوتی سے استثناء  کا حلف نامہ جمع کرایا ہوا ہے، اور ہر رمضان میں خود اپنے مستحق رشتہ داروں کو زکوٰۃ ادا کرتا ہوں۔سوال یہ ہے کہ:

۱۔ کیا مذکورہ فنڈ کی پوری مالیت پر ہر سال ۲.۵ فیصد زکوٰۃ واجب ہے؟

۲۔ ریٹائرمنٹ کے بعد جب یہی رقم میرا اور میری اہلیہ کا واحد ذریعۂ معاش ہوگی، تو کیا اس پر “حاجتِ اصلیہ” کا حکم لاگو ہو گا اور زکوٰۃ معاف ہو جائے گی، یا پھر بھی پوری رقم پر زکوٰۃ واجب رہے گی؟

۳۔ کیا زکوٰۃ پوری اصل رقم پر ہوگی، یا صرف اُس نفع پر جو سال بھر میں حاصل ہوا؟

۴۔ پنشن فنڈ (MTPF) جو 60 سال کی عمر تک قانوناً نکالا نہیں جا سکتا   اس پر ہر سال زکوٰۃ واجب ہے یا صرف وصولی کے بعد؟ اور کیا ادارے کی جمع کرائی گئی رقم کا حکم میری اپنی جمع کردہ رقم سے مختلف ہے؟

۵۔ جس مکان میں خود رہائش ہوگی، کیا وہ زکوٰۃ سے مستثنیٰ ہے؟

۶۔ میری اہلیہ کے 6.25 تولہ سونے پر، جبکہ ان کے پاس اس کے علاوہ کوئی مال نہیں، زکوٰۃ واجب ہے یا نہیں؟

۷۔ ریٹائرمنٹ کے بعد جب رقم ہر سال کم ہوتی جائے گی، تو زکوٰۃ کا حساب کس تاریخ کے بیلنس پر کیا جائے؟

تنقیح از سائل : پنشن فنڈ میں، میں  خود بھی رقم جمع کرتا ہوں اور  میری کمپنی بھی اتنی ہی رقم جمع کرواتی ہے جتنی میں کرواتا ہوں  میں اسے 60 سال کی عمر سے پہلے نکال سکتا ہوں لیکن اس میں کچھ کمیشن لگے گا۔

نوٹ: میزان کیش فنڈ (MCF) اور میزان تحفظ پنشن فنڈ(MTPF)، دونوں فنڈزکے اکاؤنٹ میں نے خودبنائے ہیں۔ البتہ ادارہ پہلے میرا پنشن فنڈ کسی سودی ادارے میں جمع کرواتا تھاتومیں نے وہاں سے ہٹا کر اس کو میزان تحفظ پنشن فنڈ میں منتقل کروا دیا ہے۔ چنانچہ میزان تحفظ پنشن فنڈ میں رقم میراادارہ جمع کرواتاہے اور میزان کیش فنڈ میں میں خود رقم جمع کرواتا ہوں۔

نیز شریعہ کمپلائنٹ فنڈ میں صارف سرمایہ کاری کرتا ہے اور اسے اس پر نفع ملتا رہتا ہے۔

میزان تحفظ پنشن فنڈ میں بھی صارف سرمایہ کاری کرتا ہے اور اسے اس پر نفع ملتا رہتا ہے۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1۔مذکورہ فنڈ کی پوری مالیت بمعہ نفع  پر  زکوٰۃ واجب ہے۔

2۔ اس پر حاجت اصلیہ کا حکم لاگو نہیں ہوگا  لہٰذا    پوری رقم پر زکوٰۃ واجب رہے گی بشرطیکہ وہ رقم  نصاب  (ساڑھے باون تولہ  چاندی کی مالیت کے برابر) ہو۔

3۔ اصل اور نفع دونوں پر زکوۃ آئے گی۔

4۔ آپ کی جمع کردہ رقم اور آپ کے  ادارہ کی طرف سے جمع کردہ رقم  ان کےمنافع سمیت دونوں پر زکوٰۃ آئے گی۔   اس فنڈ میں جو پیسے آپ خود جمع کرتے ہیں، وہ تو آپ کی ملکیت ہیں  ہی، اور ادارہ جو پیسے آپ کی طرف سے جمع کراتا ہے، وہ بھی آپ کی ملکیت ہیں؛ کیونکہ جب آپ نے خود بینک میں اکاؤنٹ کھلوایا ہے اور ادارے کو وہاں پیسے جمع کروانے کا کہا ہے، تو بینک آپ کی طرف سے وکیل بن کر ادارے کے پیسوں پر قبضہ کرتا ہے، اور وکیل کا قبضہ مؤکل کا قبضہ شمار ہوتا ہے۔ لہٰذا ادارہ جو پیسے آپ کی طرف سے بینک میں جمع کرواتا ہےوہ بھی آپ کی ملکیت ہیں ۔ لہٰذا تمام رقم بشمول منافع کی زکوٰۃ ضروری ہوگی۔

5۔  مستثنیٰ ہے۔

6۔ اگرچہ آپ کی اہلیہ کے پاس سونے کے نصاب سے کم(ساڑھے چھ تولہ) سونا ہے، لیکن عموماً چونکہ ملکیت میں کچھ نہ کچھ رقم بھی  ہوتی ہی ہے، اس لیے سونے اور پیسوں کو ملا کر چاندی کے نصاب کا اعتبار کریں گے۔ اور چونکہ مذکورہ صورت میں ساڑھے چھ تولہ سونا اور پیسے مل کر چاندی کے نصاب سے زیادہ بنتے ہیں، اس لیے اس پر زکوٰۃ واجب ہوگی۔ہاں اگر ان کے پاس سونے کے ساتھ ایک روپیہ  بھی اپنی ملکیت میں نہ ہو تو پھر اس سونے پر زکوٰۃ واجب نہ ہوگی۔

7۔چاند کی جس تاریخ پر آپ  پہلے سے حساب کررہے ہیں اس تاریخ پر آئندہ  ہر سال جو بیلنس ہوگا اس کے حساب  سے زکوٰۃ کا حساب کرنا ہوگا بشرطیکہ وہ بیلنس نصاب (ساڑھے باون تولہ چاندی) کے بقدر ہو۔

سنن ابی  داؤد (2/24) میں ہے:

عن علي رضي الله عنه، عن النبي صلى الله عليه وسلم ،ببعض أول الحديث قال: “فإذا كانت لك مئتا درهم، وحال عليها الحول، ففيها خمسة دراهم، وليس عليك شيء يعني في الذهب حتى يكون لك ‌عشرون ‌دينارا، فإذا كان لك ‌عشرون ‌دينارا، وحال عليها الحول، ففيها نصف دينار، فما زاد، فبحساب ذلك

شامی (2/305) میں ہے:

(و) اعلم أن الديون عند الإمام ثلاثة: قوي، ومتوسط، وضعيف؛ (فتجب) زكاتها ‌إذا ‌تم ‌نصابا وحال الحول، لكن لا فورا بل (عند قبض أربعين درهما من الدين) القوي كقرض (وبدل مال تجارة) فكلما قبض أربعين درهما يلزمه درهم (و) عند قبض (مائتين منه لغيرها) أي من بدل مال لغير تجارة وهو المتوسط كثمن سائمة وعبيد خدمة  ……… ويعتبر ما مضى من الحول قبل القبض في الأصح

وفي الشامية: (قوله: في الأصح) ‌قد ‌علمت ‌أنه ‌ظاهر ‌الرواية وعبارة الفتح والبحر في صحيح الرواية  وفيه الاحتياط ايضا

شامی (2/306) میں ہے:

(و) عند قبض (مائتين ‌مع ‌حولان ‌الحول بعده) أي بعد القبض (من) دين ضعيف وهو (بدل غير مال) كمهر ودية وبدل كتابة وخلع، إلا إذا كان عنده ما يضم إلى الدين الضعيف

وفيه أيضا: (‌ولو ‌كان ‌الدين ‌على ‌مقر مليء أو) على (معسر أو مفلس) …….. (أو) على (جاحد عليه بينة) ….. (فوصل إلى ملكه لزم زكاة ما مضى)

وفيه أيضا: (وسببه) أي ‌سبب ‌افتراضها (ملك نصاب حولي) …. (نام) ….. (و) فارغ (عن حاجته الأصلية)

وفي الشامية: وفارغ عن حاجته الأصلية ‌ما ‌كان ‌نصابا ‌من ‌النقدين أو أحدهما فارغا عن الصرف إلى تلك الحوائج

البنایہ شرح الہدایہ (3/355) میں ہے:

قال: ومن كان له نصاب ‌فاستفاد ‌في ‌أثناء ‌الحول من جنسه ضمه إليه وزكاه به

م: (قال) ش: أي القدوري م: (ومن كان له نصاب ‌فاستفاد ‌في ‌أثناء ‌الحول من جنسه ضمه إليه) ش: أي ضم الذي استفاده إلى النصاب الذي معه م: (وزكاه به) ش: أي زكى الذي استفاده بالنصاب الذي معه

شامی (3/224) میں ہے:

نصاب ‌الذهب ‌عشرون ‌مثقالا

وفي الشامية: فما دون ذلك لا زكوة فيه

وفيه ايضا: فلا ‌زكاة ‌على ‌مكاتب ……… ولا في ثياب البدن (‌وأثاث ‌المنزل ودور السكنى ونحوها)

جواہر الفقہ (3/287) میں ہے:

 فنڈ کی رقم اگر ملازم نے کسی شخص یا  کمپنی وغیرہ کو دی ہو اپنے طور سے اپنی ذمہ داری پر دی ہو اور اگر ملازم نے اپنی ذمہ داری پر یہ رقم کسی شخص  کمپنی یا بینک یا کسی اور مستقل کمیٹی مثلا ملازمین کے نمائندوں پر مشتمل بورڈ وغیرہ کی تحویل میں دلوا دی تو ایسا ہے جیسے خود وصول کر کے اس کی تحویل میں دی ہو۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved